Inquilab Logo

بہار کو مفت کورونا ویکسین، پھر مہاراشٹر کو کیوں نہیں: کانگریس

Updated: October 23, 2020, 11:50 AM IST | Agency | Mumbai

بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے منشور میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہ اگر ریاست میں بی جے پی اقتدار میں آئی تو کورونا کی ویکسین مفت فراہم کی جائے گی، بی جے پی نے کورونا کی ویکسین پر بھی سیاست شروع کردی ہے۔

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے منشور میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہ اگر ریاست میں بی جے پی اقتدار میں آئی تو کورونا کی ویکسین مفت فراہم کی جائے گی، بی جے پی نے کورونا کی ویکسین پر بھی سیاست شروع کردی ہے۔ تمام ریاستوں کو مفت ویکسین فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس لیے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بہار میں الیکشن ہے اس لیے بہار کو مفت کورونا ویکسین اور مہاراشٹر میں الیکشن نہیں ہے تو کیا مہاراشٹر کو اس سے محروم رکھا جائے گا؟ کیا مرکزی حکومت غریبوں سے کورونا ویکسین کے لیے پیسے وصول کرنے والی ہے؟ یہ سوال یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ووزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے کیا ہے۔
 بی جے پی کے مفت کورونا ویکسین کے وعدےپر تنقید کرتے ہوئے تھورات نے کہا کہ کورونا کی وبا سے عوام سخت پریشان  ہیں۔ ابھی تک کورونا ویکسین تیار نہیں ہوئی ہے اس کے باوجود محض ووٹوں کے لیے مفت کورونا ویکسین کا لالچ دینا بی جے پی کی گھٹیا سیاست کی ایک اور مثال ہے۔مفت کورونا ویکسین  ہر ہندوستانی کا حق ہے جو اسے ملنا ہی چاہیے۔ منگل کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی نے یہ اعلان کیا تھاکہ تمام ہندوستانیوں کو کورونا کی ویکسین دینے کے لیے حکومت کی تیاری جاری ہے۔ پھر صرف بہار کے لوگوں کو مفت کورونا ویکسین دینے کا اعلان اپنے انتخابی منشور میں کرنے کا بی جے پی کا کیا مقصد ہے؟ کورونا ویکسین کے لیے ملک کے باشندوں کے ہی پیسے خرچ ہونے والے ہیں۔ پھر یہ صرف بہار کے لیے ہی کیوں؟ کیوں دوسرے لوگوں کو اس کے لیے پیسے ادا کرنے پڑیں گے۔ سچائی یہ ہے کہ یہ صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور کورونا ویکسین کے نام پرلوگوں کو گمراہ کرکے ان کے ووٹ لینے کی بی جے پی کی کوشش ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK