منریگا بچاؤ سنگرام ‘ کے تحت ۱۷؍فروری کو اسمبلی گھیراؤ کے دوران ہوئے لاٹھی چارج کےخلاف احتجاج، یوگی حکومت پر اپوزیشن کی آواز دبانےکا الزام۔
EPAPER
Updated: February 20, 2026, 10:42 AM IST | Lucknow
منریگا بچاؤ سنگرام ‘ کے تحت ۱۷؍فروری کو اسمبلی گھیراؤ کے دوران ہوئے لاٹھی چارج کےخلاف احتجاج، یوگی حکومت پر اپوزیشن کی آواز دبانےکا الزام۔
’منریگا بچاؤ سنگرام ‘ کے تحت ۱۷؍فروری کو اسمبلی گھیراؤ کے دوران ہوئے لاٹھی چارج کےخلاف یوپی کانگریس نے ریاست کے سبھی اضلاع میں ’ستیہ گرہ‘ کیا۔ کانگریس کارکنان کا الزام ہے کہ پرامن احتجاج کر رہے کانگریس کارکنوں پر مبینہ طور پر بی جے پی حکومت کے اشارے پر پولیس انتظامیہ کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیاجس میں سرکردہ رہنماؤں سمیت کئی کارکنان زخمی ہو گئے تھے۔
اس کارروائی کے خلاف یوپی کانگریس کے صدر اجے رائے کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے لکھنؤ میں کانگریس ہیڈکوارٹر پر واقع مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے بیٹھ کر پرامن ستیہ گرہ کیا اور ریاستی حکومت کے خلاف احتجاج درج کرایا۔ یہ پرامن ستیہ گرہ ریاست کے تمام اضلاع میں بھی منعقد کیا گیاہے۔ اجے رائے نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر شہری اور سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے، مگر بی جے پی حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لئےمسلسل جابرانہ پالیسیاں اپنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں پر لاٹھی چارج حکومت کی آمریت کا ثبوت ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی سچائی اور عدم تشدد کے راستے پر چلتے ہوئے ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ اگر حکومت نے اپنی کارروائیاں بند نہ کیں تو پارٹی ریاست بھر میں وسیع عوامی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی۔ اس موقع پر راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے نائب لیڈر پرمود تیواری نے الزام لگایا کہ حکومت کے اشارے پر پولیس نے احتجاج سے دو دن قبل ہی کارکنوں کو قانونی نوٹس جاری کئے، گھروں میں نظر بند کیا اور راستوں میں روکنے کی کوشش کی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کانگریس سے خوفزدہ ہے اور اپنی ناکامی چھپانے کے لیے آمریت کا سہارا لے رہی ہے۔ دیگر لیڈروں نے کہا کہ منریگا صرف ایک روزگار اسکیم نہیں بلکہ دیہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جس نے کورونا وبا کے دوران کروڑوں مزدوروں کو سہارا دیا۔
ان کا الزام تھا کہ مرکزی حکومت اس اسکیم کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے جس سے غریبوں، مزدوروں اور کسانوں کو نقصان پہنچے گا۔ ستیہ گرہ میں متعدد لیڈروں اور کارکنوں نے شرکت کی اور بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف پرامن احتجاج کیا۔