پارٹی نے اعلان کیا کہ وہ اگلے ماہ دہلی میں ہونے والی اپنی بڑی ریلی میں یہ ۵؍ کروڑ دستخط پیش کرے گی ،اگست سے جاری یہ مہم کئی ریاستوں میں کامیاب رہی
EPAPER
Updated: November 21, 2025, 11:48 PM IST | New Delhi
پارٹی نے اعلان کیا کہ وہ اگلے ماہ دہلی میں ہونے والی اپنی بڑی ریلی میں یہ ۵؍ کروڑ دستخط پیش کرے گی ،اگست سے جاری یہ مہم کئی ریاستوں میں کامیاب رہی
کانگریس پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ماہ دہلی میں ووٹ چوری کے خلاف ہونے والی اپنی بڑی ریلی میں ووٹ چوری کے خلاف جمع کئے گئے پانچ کروڑ دستخط عوام کے سامنے پیش کرے گی۔ یہ دستخط اگست سے شروع کی گئی ملک گیر دستخطی مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف عوامی رائے کو سامنے لانا ہے۔پارٹی کے مطابق دسمبر کے پہلے ہفتے میں رام لیلا میدان میں لاکھوں افراد کی شرکت کے ساتھ ایک بڑی ریلی منعقد کی جائے گی اور اسی ریلی میں جہاں ووٹ چوری کے دیگر ثبوت پیش کئےجائیں گے وہیں یہ ۵؍ کروڑ دستخط بھی پیش کئے جائیں گے ۔
اس بارے میںکانگریس جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’’ہم سڑکوں پر اتر رہے ہیں۔ دسمبر کے پہلے ہفتے میں کانگریس رام لیلا میدان میں ایک عظیم ریلی کر رہی ہے، جس میں ملک بھر سے لاکھوں لوگ شامل ہوں گے۔اس ریلی میں ووٹ چوری کے مختلف ثبوت پیش کئے جائیں گے ۔ اب تک راہل گاندھی نے جو پیش کیا ہے وہ تو ابتدائی تھا ۔ اس ریلی میں بہت سارے ثبوت پیش کئے جائیں گے ۔ ان کے ساتھ ہی ۵؍ کروڑ دستخط بھی پیش کئے جائیں گے تاکہ یہ بتایا جاسکے کہ ملک کے اتنے سارے لوگ ووٹ چوری کو درست مان رہے ہیں اور اب الیکشن کمیشن کو کارروائی کرنی ہی ہو گی۔ ‘‘
واضح رہے کہ کانگریس پارٹی کی یہ ریلی مکمل طور پر کانگریس کا اپنا پروگرام ہوگی۔اس میں انڈیا اتحاد کی اتحادی جماعتیں شامل نہیں ہوں گی کیونکہ کانگریس اپنی گھر گھر دستخطی مہم کو نمایاں انداز میں پیش کرنا چاہتی ہے۔ یاد رہے کہ یہ دستخطی مہم راہل گاندھی کی ’ووٹ چوری‘ پر پہلی پریس کانفرنس کے بعد شروع کردی گئی تھی۔ اس پریس کانفرنس میں جو کرناٹک کی بنگلور سینٹرل لوک سبھا سیٹ کے ایک اسمبلی حلقے میں بے ضابطگی کو اجاگر کیا گیا تھا ۔
اطلاعات ہیں کہ ریلی سے قبل ریاستی یونٹس اپنے اپنے علاقوں سے جمع شدہ دستخط آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے حوالے کر رہی ہیں۔ جمعرات کو چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ اور پنجاب کے انچارج بھوپیش بگھیل نے پنجاب کے ۲۷؍ لاکھ دستخط کے دستاویزات کے سی وینوگوپال کے حوالے کئے۔ بھوپیش بگھیل نے اس موقع پر واضح کیا کہ ۲۷؍ لاکھ دستخط صرف ایک حصہ ہیں۔ پنجاب سے مزید دستخط آئیں گے جو یہ ثابت کریں گے کہ یہاں کے لوگ ووٹ چوری کے معاملے میں پوری طرح سے بیدار ہیں اور چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن بھی اسے سنجیدگی سے لے اور راہل گاندھی کے سوالوں کے جواب دے۔
حالانکہ اس ریلی کے تعلق سے مخالف حلقے یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ بہار میں شرمناک شکست کے بعد کانگریس الگ تھلگ ہوتی جارہی ہے اور انڈیا اتحاد کی علاقائی جماعتیں کانگریس سے فاصلہ بڑھا رہی ہیں لیکن لوک سبھا میں کانگریس کے چیف وہپ مانکَم ٹیگورنے کہا کہ انڈیا اتحاد کسی کے شور کرنے سے کمزور نہیں ہوگا۔ انڈیا اتحاد سچائی، عوام اور امید کے ساتھ جیتے گا۔ جس ریلی کی بات کی جارہی ہے وہ کانگریس پارٹی کی اعلان کردہ اپنی ریلی ہے۔ اس لئے وہاں پارٹی ہی اہم ہوگی اور جو ثبوت پیش کئے جائیں گے وہ کانگریس لیڈروں نے اکٹھا کئے ہیں۔