دونوں سیٹوں پر امیدواروں کے انٹرویو کا سلسلہ جاری ہے ، امیدوار کے نام کا اعلان مہا وکاس اگھاڑی کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا
EPAPER
Updated: April 03, 2026, 11:18 PM IST | Mumbai
دونوں سیٹوں پر امیدواروں کے انٹرویو کا سلسلہ جاری ہے ، امیدوار کے نام کا اعلان مہا وکاس اگھاڑی کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا
کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ بارامتی اور راہوری دونوں ہی اسمبلی حلقوں پر ضمنی انتخابات میں اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔ پارٹی ہائی کمان کی منظوری کے بعد اس فیصلے نے ریاست کی سیاست میں نئی صف بندیوں اور اتحاد کی حکمت عملی پر بحث کو تیز کر دیا ہے۔
کانگریس قیادت نے ان دونوں اہم حلقوں کی زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد واضح کیا ہے کہ پارٹی بارامتی اور راہوری دونوں مقامات پر اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ اس فیصلے کو مہاوکاس اگھاڑی کے اندر سیٹ شیئرنگ فارمولے پر اثر انداز ہونے والا قدم مانا جا رہا ہے۔ بارامتی میں ممکنہ امیدواروں کے انٹرویو حال ہی میں مکمل کئے گئے ہیں، جہاں بڑی تعداد میں دعویدار سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق امیدوار کے انتخاب میں احتیاط سے فیصلہ کیاجائے گا۔ دوسری جانب راہوری میں بھی امیدواروں کے انتخاب کا عمل آخری مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اگرچہ کانگریس نے دونوں نشستوں پر الیکشن لڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے، تاہم حتمی امیدواروں کے نام کا اعلان اتحاد کے دیگر شراکت داروں سے مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے اس سلسلے میں اہم معلومات دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی ہائی کمان سے مشاورت کے بعد لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بارامتی کیلئے ۶؍ درخواستیں جبکہ راہوری کیلئے ۴؍ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اور امیدواروں کے آن لائن انٹرویوز مکمل ہو چکے ہیں۔ پارٹی آئندہ دو دنوں میں اپنا باضابطہ موقف اور امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے گی۔ کانگریس کی اس حکمت عملی کے بعد بارامتی اور راہوری کی سیاسی لڑائی مزید سخت ہونے کا امکان ہے یاد رہے کہ بارامتی کی سیٹ سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت کے بعد خالی ہوئی ہے جبکہ راہوری سے بی جے پی کے شیواجی کرڈیلے رکن اسمبلی تھے جن کا گزشتہ سال اکتوبر میں انتقال ہو گیا۔ اب پارٹی نے ان کے بیٹے کو ٹکٹ دیا ہے۔