Inquilab Logo

کانگریسی صرف اپنے کنبہ اور اپنے لوگوں کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں: مودی

Updated: February 24, 2024, 9:24 AM IST | Varanasi

وزیر اعظم نے بنارس میں۱۳۱۶۷؍ کروڑ روپے مالیت کی ۳۵ ؍اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا، بی ایچ یو میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی

Prime Minister Modi inaugurating the project. (Photo: PTI)
وزیراعظم مودی پروجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے۔(تصویر:پی ٹی آئی)

 وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کرکھیاؤں گاؤں میں ’’بناس امول ڈیری پلانٹ‘‘کا افتتاح کیا اور اسکے بعد ایگرو پارک سے ۱۳۱۶۷ء۰۷؍کروڑ روپے کی ۳۵؍ اسکیموں کا بٹن دباکر افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔  یہاں عوام کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کانگریس پر جم کر حملے کئے۔
  انہوں نے کہا کہ  کانگریسی صرف اپنے کنبہ اور اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کرتے ہیں۔ راہل گاندھی کے متعلق کہا کہ وہ کاشی کے نوجوانوں کو ’نشیڑی‘ کہتے ہیں ۔ اس سے لگتا ہے کہ انکے ہوش ٹھکانے نہیں ہیں کیونکہ میرے کاشی کے بچوں کو نشیڑی کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں’ انڈیا‘ اتحاد نہیں چلے گا، اُترپردیش کے عوام کو معلوم ہے کہ مال وہی ہے لیکن اس کی پیکنگ نئی ہے ۔ جب  انتخابات  ہوتے ہیں اس سے پہلے کچھ سیاسی پارٹیوں میں اتحاد ہو جاتا ہے اور جیسے ہی نتائج منظر عام پر آتے ہیں تو یہی پارٹیاں ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہوئے گالیاںدیتی ہیں۔  وزیر اعظم نے کہا کہ آج کل توکچھ پارٹیوں کے غصہ کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ انکو کاشی اور ایودھیا کی ترقی بالکل پسند نہیں آ رہی ہے۔ میں یہ نہیں جانتا کہ کانگریس کو شری رام سے اتنی نفرت کیوں ہے ؟انہوںنے کہا کہ ۲؍ دن پہلے ہی حکومت نے کسانوں کیلئے گنّے کی قیمت میں اضافہ کر کے ۳۴۰؍روپیہ فی کوئنٹل کر دیا ہے۔ اس سے قبل قافلے کے ساتھ کھلی جیپ میں کھڑے ہو کر لوگوں کا استقبال کرتے ہوئے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ وہا ں پہنچے۔ا س سے قبل جمعہ کی صبح ۱۰؍بجے وزیر اعظم بریکا گیسٹ ہاؤس سے بی ایچ یو پہنچے جہاں  انہوں نے مختلف مقابلوں کے فاتحین کو سند دی اوربی ایچ یو کے ہی سوتنترتا بھون میں موجود لوگوں کو خطاب کیا۔  یہاں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاشی نے ایم پی کے طور پر ہمارے مشن کو کامیاب کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔شیوراتری اور رنگ بھری ایکا دشی سے پہلے کاشی میں ترقی کا جشن منایا جارہا ہے۔وزیر اعظم نے آخر میں کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ مودی کی گارنٹی یعنی گارنٹی پورے ہونے کی گارنٹی ہے ۔ اس کے بعد نزدیک ہی وزیر اعظم کا قافلہ سیر گووردھن پور واقع سنت روی داس مندر پہنچا۔ وہاں پر انہوں نے سنت کے ۲۵؍فٹ اونچے مجسمہ کی نقاب کشائی کی اور عقیدت مندوں کو خطاب بھی کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پارلیمانی شہر بنارس میں تقریباً ۱۸؍ گھنٹے گزارنے کے بعد جمعہ کی شام بابت پور واقع لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈّے سے دہلی کے لئے روانہ ہو گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK