Inquilab Logo

کانگریس کار کن سڑکوں پر اُترے، پولیس سے دودو ہاتھ

Updated: March 29, 2023, 10:34 AM IST | new Delhi

جمہوریت کے تحفظ کیلئے لال قلعہ سے مشعل مارچ نہیں نکالنے دیاگیا، متعدد کارکن گرفتار، ۳۵؍ شہروں میں ۳۵؍ پریس کانفرنس ، راہل گاندھی سرکاری بنگلہ خالی کریں گے

Congress workers at the Red Fort being pushed into a heavy police van by the Delhi Police. (PTI)
لال قلعہ پر موجود کانگریس کارکنوں کو دہلی پولیس زبردست پولیس وین میں ٹھونستے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت منسوخ کئے جانے کے بعد کانگریس  سڑکوں  پر اتر آئی ہے۔ منگل کو جمہوریت کے تحفظ کے نعرہ کے ساتھ پارٹی لیڈروں نے لال قلعہ سے مشعل مارچ نکالنے کی کوشش کی مگر دہلی پولیس   نے روک دیا اور دفعہ ۱۴۴؍ نافذ کردی۔اس دوران پولیس اور کانگریس کارکن آمنے سامنے آگئے اور متعدد کو حراست میں لے لیا گیا۔ دوسری طرف بنگلہ خالی کرنے کا نوٹس ملنے کے بعد  راہل گاندھی نے سرکاری بنگلہ خالی کرنےکا اعلان کردیا ہے۔ پارٹی  ان کی حمایت میں منگل اور بدھ کو ملک کے ۳۵؍ شہروں میں ۳۵؍ پریس کانفرنس منعقد کرے گی۔  
راہل بنگلہ خالی کرنے کو تیار 
 کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے انہیں الاٹ کئے گئے ۱۲؍ تغلق لین کے بنگلہ کو خالی کرنے کیلئے دئیے گئے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ وقت پر بنگلہ خالی کردیں گے۔ لوک سبھا سیکریٹریٹ میں ڈپٹی سیکریٹری، ایم ایس برانچ  کےنوٹس کے جواب میں  راہل گاندھی نے لکھا کہ وہ اپنے حقوق سے واقف ہیں اور بنگلے کے بارے میں انہیں جو نوٹس ملا ہے، و ہ اس  پر عمل کریں گے۔ کیرالا کے وائناڈ سے لوک سبھا کے رکن راہل گاندھی نے اپنے خط میں کہا کہ وہ پچھلی چار مدت کار سے لوک سبھا کے  لئے منتخب ہوتے رہے ہیں۔ اس مینڈیٹ پر وہ عوام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے اس دوران لوک سبھا میں اپنے دور کو انتہائی خوشگوار اور یادگار قرار دیا اور کہا کہ وہ بنگلہ خالی کرنے کے لئے موصول ہونے والے نوٹس  پر عمل کریں گے اور وقت پر بنگلہ خالی کرنے کو ترجیح دیں گے۔
کھرگے نے اپنا بنگلہ پیش کیا 
 دوسری طرف کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے اس نوٹس پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو نشانہ بنانے کی یہ کوشش قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کھرگے کے مطابق اگر ضرورت پڑتی تو وہ اپنا بنگلہ راہل گاندھی کیلئے خالی کردیں گے ۔کھرگے نے یہ مشورہ بھی دیا کہ اپنا سرکاری بنگلہ خالی کرنے کے بعد راہل گاندھی چاہیں تو اپنی والدہ کے بنگلے میں رہ سکتے ہیں۔
۳۵؍ شہروں میں ۳۵؍ پریس کانفرنس  
 پارٹی نے مودی حکومت کا قافیہ پوری طرح سے تنگ کرنے کا سامان کرلیا ہے۔ اسی کے تحت منگل اور بدھ کے درمیان پارٹی ملک کے ۳۵؍ اہم شہروں میں پریس کانفرنس کا انعقاد کرکے مودی حکومت کے خلاف اعلان جنگ کرے گی۔ یہ پریس کانفرنس ’ ڈیموکرسی خطرے میں ہے ‘ کے عنوان کے تحت منعقد کی جائیں گی۔ اسی کے تحت دہلی میں جے رام رمیش نے اور پھر سپریہ شرینیت نے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ جے رام رمیش نے مودی حکومت کے اقدامات پر گرفت کی تو سپریہ شرینیت نے اسمرتی ایرانی کے بیان پرشدید ردعمل کا اظہار کیا۔  ان کے علاوہ اجے ماکن نے جموں میں ، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بگھیل نے لکھنؤ میں، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان نے حیدر آباد میں، اور ہماچل کے وزیر اعلیٰ سکھو نے چنڈی گڑھ میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا  ۔
لال قلعہ سے مشعل مارچ 
 کانگریس جہاں میڈیا سے مسلسل رابطے میں  ہے وہیں وہ عوام سے بھی رابطہ بنارہی ہے اور اسی کے تحت کانگریس پارٹی کے اہم لیڈروں اور کارکنوں نے دہلی میں لال قلعہ سے ٹائون ہال تک’ مشعل مارچ‘ کا انعقاد کیا۔منگل کی شام یہ مارچ ’جمہوریت بچائو ‘ عنوان کے تحت منعقد کیا گیا تھا لیکن دہلی پولیس نے اسے مکمل نہیں ہونے دیا بلکہ اسے درمیان میں ہی روک لیا گیا ۔ اس دوران مارچ میں شامل سینئر کانگریس لیڈر ہریش راوت کو حراست میں لے لیا گیا۔ان کے ساتھ پارٹی کے کئی کارکنان بھی تھے جنہیں دہلی پولیس اپنی وین میں بٹھاکر قریبی تھانے لے گئی ۔ خبر لکھے جانے تک دہلی پولیس نے لال قلعہ کے علاقے میں امتناعی احکامات نافذ کردئیے تھے۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK