• Mon, 15 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ووٹ چوری‘‘ کیخلاف کانگریس کا اب تک کا سب سے شدید حملہ

Updated: December 15, 2025, 9:49 AM IST | Farzan Qureshi/ Agency | New Delhi

رام لیلا میدان سے کھرگے،راہل اور پرینکا گاندھی نے زعفرانی پارٹی کو للکارا،اُس کے لیڈروں پرعوام کا حق رائے دہی چھیننے کا الزام لگایا، ’غدار‘ قرار دیا، عدم تشدد کے ذریعہ مودی -آر ایس ایس کا اقتدار ختم کردینے کا عزم کیا۔

Congress leaders on stage at the "Vote Thieves, Leave Your Asshole" rally, with papers signed by 60 million people against vote theft in front of them. Picture: INN
’’ووٹ چور،گدی چھوڑ‘‘مہاریلی میں اسٹیج پر کانگریس کے قائدین اور اس کے سامنے وہ کاغذات رکھے ہیں جن پر ووٹ چوری کیخلاف ۶؍ کروڑ افراد کے دستخط ہیں۔ تصویر:آئی این این
کانگریس پارٹی نے اتوار کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ’وو ٹ چور، گدی چھوڑ‘  کے نعرہ کے ساتھ ’’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف بی جے پی اور  الیکشن کمیشن کے خلاف آج تک کا سب سے شدید حملہ کیا اور اس لڑائی میں ہر حال میں فتح  حاصل کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔  اس کے ساتھ ہی  کانگریس نے واضح کردیا ہے کہ مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کے معاملے پر وہ خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ اس کی مہم ہر گزرتے لمحے کے ساتھ تیز ہوگی۔ 
بی جےپی کے ڈی این اے میںووٹ چوری 
کانگریس کے سرکردہ لیڈروں نے بی جےپی اور الیکشن کمیشن  کے درمیان ساز باز کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ’ووٹ چوری‘ حکمراں جماعت کے ڈی این اے میں ہے۔ پارٹی  لیڈروں نے کہا کہ  زعفرانی پارٹی کے لیڈر ’غدار‘ ہیں جو عوام کے حق رائے دہی کو چھیننے کی سازش کر رہے ہیں  اس لئے   انہیں اقتدار سے ہٹانا ضروری ہے۔ ’ووٹ چور گدی چھوڑ‘  کے عنوان سے ہونےوالی اس مہا ریلی میں  راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کے دکھائے ہوئے سچائی اور عدم تشدد کے راستے پر چلتے ہوئے ’نریندر مودی اور آر ایس ایس حکومت‘ کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔  انہوں نے کہا، ’’یہ لڑائی ’ستیہ‘ اور ’استیہ‘ (سچ اور جھوٹ) کی   ہے۔ ہم  سچائی  کے ساتھ  ہیں  اور نریندر مودی، امیت شاہ اور آر ایس ایس کی حکومت کو ملک سے ہٹا کر دم لیں گے۔‘‘ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار  نیز الیکشن کمشنروں سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کا نام لے کر راہل گاندھی نے  الزام  لگایا کہ وہ بی جے پی کیلئے کام کر رہے ہیں اور جھوٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’نفرت سے نہیں، تشدد سے نہیں، سچائی اور عدم تشدد کے ساتھ ہم نریندر مودی اور امیت شاہ کو شکست دیں گے۔‘‘راہل گاندھی نے ایکس پر بھی پوسٹ کیا کہ ’’بی جے پی کے ڈی این اے میں چوری ہے۔ پیسے کی چوری، زمین کی چوری، اداروں کی چوری، حقوق کی چوری، روزگار کی چوری، مینڈیٹ کی چوری، حکومت کی چوری، الیکشن کی چوری، ووٹ کی چوری۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’چوری بی جےپی کیلئےاقتدار تک پہنچنے کی سیڑھی ہے۔‘‘
الیکشن کمیشنروں کو انتباہ
انہوں نے یاد دلایا کہ وزیر اعظم مودی نے الیکشن کمیشن کو ’تحفظ‘ دینے کیلئے نیا قانون  بنایا ہے۔   کانگریس لیڈر نے  اس کے ساتھ ہی چیلنج کیا کہ ’’ہم آپ کو (الیکشن کمشنروں کو) صاف صاف بتا رہے ہیں کہ یہ قانون آپ کو بچانے کیلئے ہے اور ہم اس قانون کو پچھلی تاریخ سے بدلیں گے اور آپ کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔‘‘راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’ووٹ چوری‘ پکڑے جانے کے بعد وہ اپنا اعتماد کھو چکے ہیں۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ پارلیمنٹ میں جواب دیتے ہوئے امیت شاہ کے ہاتھ کانپ رہے تھے۔ لوک سبھا میں  اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ ’’امیت شاہ تب تک بہادر ہیں جب تک ان کے  پاس اقتدار ہے۔ جس دن اقتدار گیا، اسی دن ان کی بہادری بھی ختم ہو جائے گی۔‘‘
بی جےپی کی قیادت غدار: کھرگے
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے الزام لگایا کہ بی جے پی قیادت ’غدار‘ ہے کیونکہ وہ ’ووٹ چوری‘ میں ملوث ہے ، آئین اور ملک کو بچانے  کیلئے اسے اقتدار سے ہٹانا ضروری ہے۔  انہوں  نے کہا کہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت، ایم ایس گولوالکر اور منوسمرتی کا نظریہ ملک کو تباہ کر دے گا،   صرف کانگریس کا نظریہ ہی ملک کو بچا سکتا ہے۔  کانگریس صدر نے متنبہ کیا کہ ’’بی جے پی-آر ایس ایس کے لوگ آئین کو ختم کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ ہندوتوا کے نام پر  ہ  غریبوں کو پھر سے غلام بنانا چاہتے ہیں۔‘‘ عوام سے انہوں  نے اپیل کی کہ ’’یہ لوگ ’غدار‘ ہیں، آپ کو ان ’غداروں‘ کو ہٹانا ہوگا۔ ‘‘
الیکشن کمیشن کے بغیر جیت کر دکھاؤ: پرینکا   
الیکشن کمیشن کو نشانہ بناتے ہوئے پرینکا گاندھی نے الزام لگایا کہ بی جے پی  اس کی مدد کے بغیر انتخابات نہیں جیت سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں چیلنج دیتی ہوں کہ بی جے پی ایک بار بیلٹ پیپر پر منصفانہ انتخاب لڑ کر دکھائے۔ وہ کبھی نہیں جیت پائے گی ۔‘‘انہوں نے  چیف الیکشن کمشنر اور دونوں الیکشن کمشنروں پر  ہندوستانی کی جمہوریت پر ’حملہ‘  کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے  کہا کہ تاریخ  میں   پہلی بار اپوزیشن الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کاا ظہار کرنے پر مجبور ہے۔
 سونیا گاندھی نے بھی ریلی میں شرکت کی
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی بھی ریلی میں شریک تھیں۔ان کے علاوہ پارٹی کے سینئر لیڈر اور کرناٹک، تلنگانہ اور ہماچل پردیش کے وزرائے اعلیٰ سدارمیا، ریونت ریڈی اور سکھویندر سنگھ سکھو بھی ریلی میں موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK