Inquilab Logo

وکھرولی پارک سائٹ میونسپل اسپتال کا تعمیراتی کا م شروع

Updated: May 20, 2021, 7:37 AM IST | kazim shaikh | Mumbai

۴۰؍ کروڑ روپے کی لاگت سے ۷؍ منزلہ عمارت تعمیر کی جارہی ہے ۔ اس کے زچگی وارڈ میں ۳۰؍بیڈ ہوںگے ، سونوگرافی ، ایکسرے ، ایم آر آئی ، سی ٹی اسکین اور ڈائلیسس کی سہولیات بھی ہوں گی

A new hospital is being built by demolishing the old dispensary at Vakhroli Park site.Picture:Inquilab
وکھرولی پارک سائٹ کی اس پرانی ڈسپنسری کو منہدم کرکے نیا اسپتال تعمیر کیا جارہا ہے۔ تصویر: انقلاب

 یہاں پارک سائٹ علاقے میں  میونسپل ڈسپنسری کی پرانی عمارت کو منہدم کرکے اسی جگہ پر  بی ایم سی کی  جانب سے  ۳۹ء۸۰؍ کروڑ کی لاگت سے  ۷؍ منزلہ اسپتال تعمیر کیا جارہا ہے جس کا کام شروع ہوگیا ہے ۔  متعلقہ  میونسپل افسران کی موجودگی میں مقامی کارپوریٹر  کے ہاتھوں  ۳۰؍ بیڈ کے جنرل اسپتال کے تعمیراتی کاموں کا آغاز  ہوا   ۔اس موقع پر  اس اسپتال میں ۱۵؍ ہزار اسکوائر فٹ کے ایریا میں  زچگی وارڈ،  سونوگرافی ، ایکسرے ، ایم آر آئی سی ٹی اسکین  اور ڈائلیسس  کے ساتھ عام بیماریوں کا بھی علاج کیا جائے گا۔
 اس بارے میں مقامی کارپوریٹر جیوتی ہارون خان نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وکھرولی پارک سائٹ علاقے میںایک بہت پرانی ۲؍منزلہ عمارت تھی  جو  برسوں سے خستہ حال ہونے کی وجہ سے اس میں  جاری ڈسپنسری بند کردی گئی تھی اور اسی کے بغل میں ایک شیڈ ڈال کر ڈسپنسری جاری  ہے جہاں چھوٹے موٹے امراض کےعلاج کیلئے دوائیں وغیرہ  مریضوں کودی جارہی ہیں ۔  انہوں نے مزید بتایا کہ تقریباً ۳۵؍ سال سے یہ ۲؍ منزلہ ڈسپنسری کی عمات خالی پڑی ہوئی تھی جہاں رات کو جرائم پیشہ افراد کا قبضہ ہوجاتا تھا ۔ کافی جدوجہد کے بعد اس کو منہدم کرکے اب وکھرولی پارک سائٹ میونسپل کارپوریشن نامی ۷؍ منزلہ جنرل اسپتال تعمیر کیا جارہا ہے  جو ۱۵؍ ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل ہوگا۔ 
  ڈسپنسری کی پرانی عمارت میں نیچے ڈسپنسری جاری تھی اور اوپری منزلے پر  میونسپل نرسوں کی رہائش کا انتظام کیا گیا تھا ۔ عمارت خالی ہونے پر وہاں پر اوباشوں کا قبضہ ہوگیاجس کی وجہ سے اس عمارت کو منہدم کرنا  ضروری تھا۔ چوں کہ ڈسپنسری کی یہاں پر شدید  ضرورت  محسوس کی جارہی تھی ۔ اس لئے اسی کے قریب ایک شیڈ ڈال کرڈسپنسری جاری رکھی گئی جہاں موسمی بیماریوں کے علاج کی دوائیں دی جاتی ہیں اور نوزائیدہ بچوں کو ٹیکےوغیرہ لگائے جاتے ہیں ۔
 اس سلسلے میں  مقامی سماجی کارکن شفیق شیخ  نے کہا کہ پارک سائٹ میں تقریباً ۴؍  لاکھ کی آبادی ہے اور یہاں پر غریب طبقہ کی اکثریت ہے ۔  علاقے میں کوئی اسپتال نہ ہونے کے سبب علاج کیلئے بی ایم سی اور پرائیویٹ  اسپتال کیلئے راجاواڑی ( گھاٹ کوپر)  میں  جانا پڑتا ہے ۔اس اسپتال کی تعمیر سے مقامی افرا کو علاج میں کافی سہولت ملے گی ۔ اسی علاقے میں مقیم فہیم ٹیچر نے کہا کہ اس اسپتال کی تعمیر میں سیاسی رقابت کی وجہ سے سیاسی لیڈران میں جھگڑے اور مارپیٹ تک کی نوبت آچکی ہے ۔ پہلے وکھرولی پارک سائٹ اسپتال میں ۱۰۰؍ بیڈ کا اسپتال بنانے کی تجویز رکھی گئی تھی ۔ مخالفت کے بعد ۵۰ بیڈ کا اسپتال بنانے کی بات کی جارہی تھی ۔ اگر ۳۰؍ بیڈ کا بھی اسپتال تعمیر ہورہا ہے تو اللہ کا شکر ہے کہ یہاں کے غریبوں کو اس سے کافی فائدہ پہنچے گا ۔ 
 اس سلسلے میں اس نمائندے نے وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر تمبی سے بھی گفتگو کی کوشش کی لیکن رابطہ نہیں ہوسکا ۔  

hospital Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK