ڈاکٹروں کی تنظیم’ مارڈز‘ کے وفدنے طبی تعلیم کے ریاستی وزیر حسن مشرف سے ملاقات کرکے ڈاکٹروں کےمتعدد مسائل کو حل کرنےکامطالبہ کیا
EPAPER
Updated: October 01, 2025, 11:09 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
ڈاکٹروں کی تنظیم’ مارڈز‘ کے وفدنے طبی تعلیم کے ریاستی وزیر حسن مشرف سے ملاقات کرکے ڈاکٹروں کےمتعدد مسائل کو حل کرنےکامطالبہ کیا
یہاں کوپر اسپتال کے ڈپلومیٹ آف نیشنل بورڈ ( ڈی این بی ) کےریسیڈنٹ ڈاکٹروں نے مہاراشٹر اسوسی ایشن آف ریسیڈنٹ ڈاکٹرز (مارڈز)کےاشتراک سے ۱۰؍ہزار روپے وظیفہ میں اضافہ کے طویل عرصے سے زیر التواء مسئلہ کے حوالے سے خاموش احتجاج کیا۔ متعدد فالو اپ اور وظیفہ میں اضافے کیلئے ڈائریکٹر کی باضابطہ منظوری کے باوجود اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ نے ڈی این بی ریسیڈ نٹ ڈاکٹروںکیلئے کوپر اسپتال میں اس وظیفہ کو نافذ نہیں کیاہے۔ حالانکہ اس تعلق سے جاری کردہ حکم نامہ میں واضح طور پر تمام ریسیڈنٹ ڈاکٹروںکیلئے یکساں اضافے کا ذکر کیا گیا ہے، اس کے باوجود صرف ایم ایس اور ایم ڈی ریسیڈنٹ ڈاکٹروںکو اس کا فائدہ ملاہے جبکہ ڈی این بی ریسیڈنٹ ڈاکٹروںکیلئے اضافی سرکیولر کی ضرورت کا عذر پیش کیا جارہاہے، حالانکہ ریاستی سرکیولر ایم ایس ، ایم ڈی اور ڈی این بی ریسیڈنٹ ڈاکٹروںمیںفرق نہیں کرتاہے۔ اس غیر منصفانہ اور امتیازی سلوک سے ڈی این بی ریسیڈنٹ ڈاکٹروں میں مایوسی پائی جارہی ہے جوگزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے مذکورہ وظیفہ کےمنتظر ہیں۔اسی وجہ سے ڈی این بی ریسیڈنٹ ڈاکٹروں نے کوپر اسپتال میں خاموش احتجاج کرکے ناراِضگی کا اظہار کرنےکےعلاوہ اس مسئلہ کو جلدازجلد حل کرنے کامطالبہ کیا۔
واضح رہےکہ ایم ایس اور ایم ڈی ڈاکٹروںکی طرح ڈی این بی ریسیڈنٹ ڈاکٹروں پر بھی مساوی ذمہ داری، کام کا بوجھ اور ڈیوٹی کے اوقات ہیں ۔ وہ مریضوں کی دیکھ بھال میں ہفتہ کے ۷؍ دن ۲۴؍گھنٹے کام کرتے ہیں، اس کے باوجود وہ اب بھی غیر مساوی تنخواہ کا شکار ہیں جو کہ ناانصافی اور حوصلہ شکنی ہے۔
پرامن احتجاج کا مقصد اس ناانصافی کو اجاگر کرنا اورڈی این بی ریسیڈنٹ ڈاکٹروںکیلئے ان کے ایم ایس اور ایم ڈی ساتھیوں کے مساوی طور پر فوری اور مساوی وظیفے کے نفاذ کا مطالبہ کرنا تھا۔ ڈی این بی ریسیڈنٹ ڈاکٹروںنے حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوری کارروائی کریں اور بغیر کسی تاخیر کے منصفانہ، یکساں وظیفہ پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
دریں اثناء بی ایم سی مارڈ زکے ایک وفد نے ڈاکٹروںکے متعدد مسائل سے متعلق طبی تعلیم کے ریاستی وزیر حسن مشرف سے ملاقات کرکے انہیں میمورنڈم دیااور ’مارڈز‘ کے مطالبات پورے کرنےکی اپیل کی۔ حسن مشرف نے ڈاکٹروں کے تحفظات کو تسلیم کیا اور یقین دلایا کہ ہومیوپیتھی پریکٹیشنرس کے سرٹیفکیٹ کورس ان ماڈرن فارمکولوجی ( سی سی ایم پی) رجسٹریشن کی مخالفت کرکے جدید ادویات کی اہمیت کو برقرار رکھاجائے گا۔ امتحانات میں تاخیر کی وجہ سے توسیع شدہ مدت کے دوران جونیئر ۳؍ کے ریسیڈنٹ ڈاکٹروں کیلئے وظیفہ جاری رکھنے پر مثبت غور کیا جائےگا۔ پراورا واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جائے گی۔اس تعلق سے پرنسپل سیکریٹری دھیرج کمار انسٹی ٹیوٹ انتظامیہ سے بات کریں گے۔ اصلاحی اقدامات کیلئے ہاسٹل، تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل کوحل کرنےکیلئے انہیں ریکارڈ پر لیا جائے گیا۔ ڈاکٹروں کے اتحاد کی وجہ سے ان مسائل کو حکومت کے سامنے مؤثر طریقے سے رکھا گیا۔ حکومت نے ان معاملات میں مثبت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔