Inquilab Logo Happiest Places to Work

سرکاری اورپرائیویٹ اسکولوں کے اشتراک سےفروغ علم وہنرکیلئے مشاورتی نشست

Updated: May 22, 2026, 1:08 AM IST | Malegaon

حکومت کے احکامات کی روشنی میں مالیگائوں میونسپل کارپوریشن کا اہم اقدام ، تعلیمی تنظیموں اور کاروباری اداروں کے ذمہ داران کی شرکت، کئی اہم نکات پر غور وخوض

Representatives of various organizations participating in the meeting (Photo: Inqilabad)
میٹنگ میں شریک مختلف تنظیموں کے ذمہ داران (تصویر: انقلاب)

حکومت مہاراشٹر نے۲۳؍اگست ۲۰۱۹ء کو ایک جی آر نکالا تھا جس میںڈائریکٹرآف ایجوکیشن کو حکم دیا گیا تھا کہ سرکاری اسکولوںاورپرائیویٹ اسکولوں کے درمیان اشتراک کے ذریعے علم وہنر کو فروغ دیا جائے۔اس منصوبے سے جہاںسرکاری( میونسپل) اسکولوں میںطلبہ کے داخلے کی شرح میں اضافہ ہوگاوہیںمعیارِ تعلیم بھی بلند ہو سکے گا۔اس جی آر کی روشنی میںمالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں ایک اہم مشاورتی نشست کا انعقاد سابق رکن اسمبلی شیخ آصف کی سربراہی میں عمل میں آیا۔اس نشست میںانجمن ترقی تعلیم،جدید انجمن تعلیم، خاتون ایجوکیشن سو سائٹی ، اسٹوڈنٹس ویلفیئرایجوکیشن سوسائٹی، انجمن معین الطلبا، نشاطؔ ایجوکیشن کیمپس کے عہدے داران واراکین کے علاوہ بیسٹ آئی ٹی فرم اور ٹیسٹوفومسالہ کمپنی کے مالکان شریک ہوئے تھے۔
   نشست کی غرض وغایت بیان کرتے ہوئے تاناجی (میونسپل اسکول بورڈ،ایڈمنسٹریٹر)نے کہا کہ نئے تعلیمی سال (جون ۲۰۲۶ء) سے قبل میونسپل اسکولوںکی حالت سدھارنے کیلئے شہری انتظامیہ نے اقدامات شروع کئے ہیں۔یہ نشست اسی سلسلے کی کڑی ہے۔شہری انتظامیہ کی معرفت جاری اسکولوں میں اوّل تا ساتویں جماعت تک تعلیم کا انتظام ہے۔کے جی اورآٹھویں جماعت کیلئےکوئی سہولت نہیں ہے۔شہری انتظامیہ کا موقف ہے کہ میونسپل اسکولوں میںکے جی کے آغاز اور اس کی ذمے داریاں پرائیویٹ اسکولوں،تجارتی اداروں،سماجی انجمنوں ، بلڈرس ،بینکرس اور بار کاؤنسل کیساتھ مقامی کلبوںکو دی جائیں۔ ایسے پرائیویٹ اسکول جہاں۸؍ ویں تا ۱۲؍ ویں تعلیم کا انتظام ہےوہاں میونسپل اسکولوںسے ۷؍ ویںجماعت کامیاب طلبہ کوبہ آسانی ایڈمیشن دیا جائے۔اس اقدام سےمیونسپل اسکولوں میںطلبہ کی شرح بڑھے گی اور ڈراپ آؤٹ کا سلسلے کو منقطع کیا جاسکے گا۔
 اسکول بورڈ ایڈمنسٹریٹیوآفیسرکی تقریر کے بعدجمیل احمد (نائب صدر،انجمن ترقی تعلیم)نے کہا کہ ۲۰۱۹ء میںانجمن نے میونسپل اُردواسکول نمبرایک (بمقام قدوائی روڈ) کوگود لیا۔آج وہاں ۶۰۰؍ سے زائدطلبہ زیرتعلیم ہیں۔مالیگاؤں میں میونسپل اسکولیںضم ہونے،ختم ہونے یا مستقل بندہونے کی بیماری کا پائیداربلکہ تیٖربہدف عملی علاج انجمن ترقی تعلیم نے تلاش کرکے اس پر سنجیدگی سے مرحلہ وارکام کیا۔مثبت نتائج پورے شہرکے سامنے ہیں۔انجمن ترقی تعلیم کے اس عمل کو رول ماڈل کے طور پردیگراداروں کو بھی اپنانا چاہئے۔
 اس نشست میںآمین سرداراور شفیق سردار (ثناایجوکیشن کیمپس)،نہال انصاری(جے اے ٹی)،عبدالرحیم چمڑے والے(سویس)،ضیاء الرحمٰن زروالا(امطاک)،رضوان شیخ عبدالمطلب (الامین یونی میڈیکل کالج)،رضوان میمن(میمن جماعت ، مالیگاؤں)،جمال احمد (ٹیسٹوفو مسالے) ،ایوبی اشفاق (نشاطؔ اسکول)،پروفیسرعبدالمجیدصدیقی (اے ٹی ٹی ) نے اپنے خطابات میںمختلف میونسپل اسکولوںکوگودلینے کی تجاویز اور مشورے پیش کئے۔جن اداروں اور تجارتی فرموں نے اسکول گودلینے کیلئے پیش قدمی کی انہیں ۵؍ دنوں کا موقع دیا گیا کہ وہ اپنی عرضیاںمیونسپل کارپوریشن کے محکمۂ تعلیم میںجمع کروائیں۔آئی ہوئی عرضیوںکی چھان بین کے بعدشہری انتظامیہ، محکمہ تعلیم اور عرضی گزاروںکےمابین فیصلہ کن گفت وشنید ہوگی۔
 موقع کی مناسبت سے میئرنسرین شیخ نے حاضرین وشرکائے نشست کا خیرمقدم کیا۔نائب میئرشان ہند اور ان کے خاوند محمد مستقیم (گروپ لیڈر،سماج وادی پارٹی)نے تعلیمی میدان میںشہری انتظامیہ کی پیش رفت کا خیرمقدم کئے جانے کا شکریہ اداکرتے ہوئے لوگوں سے اس مشن سے منسلک ہونے کی گزارش کی۔ میونسپل کمشنررویندرجادھو نے اپنی تقریر میںکہا کہ اُن کی تعلیم ضلع پریشدکی اسکول سے ہوئی ہے۔۱۹۹۴ء میںانہوں نے سرکاری ملازمت شروع کی۔ترقی پاتے ہوئے میونسپل کمشنرکے عہدے تک آپہنچے۔جادھو نے کہا کہ میونسپل اسکولوں کی تجدید واحیاء کیاجائے تاکہ معاشرے کے پسماندہ اور غریب بچوں کو حصولِ علم کے مواقع مل سکیں۔مجموعی طورسے نشست کامیاب رہی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK