Inquilab Logo Happiest Places to Work

اوقاف ہیلپ ڈیسک سے رہنمائی کیلئے رابطہ توقع سے کم !

Updated: May 15, 2025, 11:17 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ممبئی جامع مسجد میں قائم کردہ اس خصوصی رہنمائی مرکز سےایک ہفتے میںچند ہی مساجد کےٹرسٹیان نے معلومات حاصل کیں۔

This helpdesk is in place to provide guidance on legal and administrative matters of endowment properties.
اوقاف کی املاک کے قانونی اور انتظامی معاملات سے متعلق رہنمائی کیلئے یہ ہیلپ ڈیسک جاری ہے

موجودہ حالات میں وقف املاک کے تحفظ اور دستاویزات کی درستی کی غرض سے ممبئی جامع مسجد میں ہیلپ ڈیسک کا ۹؍مئی کو جمعہ کی نمازکے بعد باضابطہ آغازعمل میں آیا۔ مگر اس اہم کام کے تئیں ذمہ داران اور ٹرسٹیان کی جانب سے اس اندازمیںپزیرائی نظر نہیںآرہی ہے جس قدر اہمیت کا یہ کام ہے۔ ہیلپ ڈیسک قائم ہوئے ۷؍ دن ہوگئے ہیں مگر برائے نا م ہی ٹرسٹیان نے استفادہ کیا ہے ۔طےشدہ ایام کے مطابق ابھی یہ سلسلہ آنیوالے جمعہ ۲۳؍ مئی تک جاری رہے گا۔ اس طرح اتوار کے علاوہ مزیدایک ہفتے تک جامع مسجد ’فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر‘آکر صبح ۱۱؍بجے تا شام ۵؍بجے معلومات حاصل کی جاسکتی ہےاورمفت مشورہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہاںڈاکٹر عرفان اجمیری ، ایڈوکیٹ فیضان قریشی اور ایڈوکیٹ رافع یزدانی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 
  حالات کےتناظر میں اوقاف کی املاک کے قانونی اور انتظامی معاملات کو باقاعدہ، منظم اور دستاویزی شکل میں محفوظ رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ موجودہ حالات میں وقف املاک کو کئی قانونی پیچیدگیوں،  دستاویزی کوتاہیوں اور غیر قانونی قبضہ جات کا سامنا ہے۔ اس تعلق سے اگر آڈٹ، رجسٹریشن، چینج رپورٹ، رینیوئل ( تجدید) وقت پرنہ کئے جائیں تو وقف املاک پر قانونی اعتراضات سامنے آسکتے ہیں اور ایسی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے کا خطرہ بڑھ سکتا ہےبلکہ اس کا قوی اندیشہ ہے۔ اسلئے اس جانب توجہ دینا ضروری ہے۔ 
کن مساجد اورقبرستانوں کے ٹرسٹیان نے رابطہ قائم کیا
 ممبئی جامع مسجد میںہیلپ ڈیسک پرخدمات انجا م دینے والے ڈاکٹر عرفان اجمیری نےبتایاکہ’’ ان ۶؍دنوں میں میمن فیڈریشن اوران کی چند جماعتوں کی جانب سے رابطہ قائم کیا گیا اور ان کے دفترجاکر انہیں تفصیلات بتائی گئیں۔ اسی طرح عرب مسجد، موتی مسجد اور نواب ایازمسجد کے ٹرسٹیان نےرابطہ قائم کیااور فتح پور (یوپی) میں واقع قبرستان کےدستاویزات کے تعلق سے بھنڈی بازار میں کاروبار کرنےوالے ایک ذمہ دار نے استفسار کیا۔اس کےعلاوہ ۸؍ فون کالز پر رابطہ قائم کیا گیا۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’ چونکہ ابھی ایک ہفتہ سے بھی کم ہوا ہے اس لئے یہ امید ہےکہ مزیدٹرسٹیان اورذمہ دار اشخاص رابطہ قائم کریں گے۔یہ کوشش اس لئے کی جارہی ہے کہ ہمیںجو معلومات ہے،ہم سب اس کے ذریعے قوم وملت کونفع پہنچانا چاہتے ہیں۔ ہم یہ سمجھتے ہیںکہ یہ ایک بڑی خدمت ہے ا ور موجودہ وقت میں مزید اہمیت کا حامل یہ کام ہے ،اسی کے پیش نظرلوگوں سے بھی توقع کی جارہی ہے۔ ‘‘ 
 مفتی محمداشفاق قاضی (دارالافتاء ممبئی جامع مسجد) نے بھی اس کا اعتراف کیا کہ جن امیدوں اور ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہےاس انداز میںلوگوں کی جانب سے پزیرائی نہیں کی جارہی ہے مگر اس کا یہ بھی مطلب نہیں ہے کہ لوگ بالکل ہی رابطہ نہیںقائم کررہے ہیں۔ ابھی ۲۳؍ مئی تک یہ کام جاری رہے گااور اگر ضرورت پڑی توبعد میںتاریخ میںتوسیع بھی کی جائے گی مگر تاریخ میں توسیع کا انحصار ٹرسٹیان اورذمہ دار اشخاص کے رابطہ قائم کرنے پرہے۔‘‘
  انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’ مہابلیشور کی کئی مساجد کے ذمہ داران کی جانب سےرابطہ قائم کیاگیا اوروہ جامع مسجد آنا چاہتے تھے مگر ان سے کہا گیا کہ وہ ایک دن طے کرلیں، جامع مسجد میںہیلپ ڈیسک پرخدمات انجام دینے والوں کے ساتھ میں خود ہی وہاں آجاؤں گا ۔اس طرح کام میںآسانی ہوگی اوروہ سفر کرنےکی دشواری سے بھی بچ جائیں گے ۔اس طرح لوگ معلومات حاصل کررہے ہیں،امید ہے کہ بڑی تعداد میںلوگ استفادہ کریںگے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK