تقریباً آدھے جلگائوں ضلع کو پانی پہنچانے والے ڈیم میں صرف ۲۰؍ فیصد پانی رہ گیا ہے ، کئی گائوں میں پانی کی قلت سے عوام پریشان
EPAPER
Updated: June 09, 2025, 11:47 PM IST | Jalgaon
تقریباً آدھے جلگائوں ضلع کو پانی پہنچانے والے ڈیم میں صرف ۲۰؍ فیصد پانی رہ گیا ہے ، کئی گائوں میں پانی کی قلت سے عوام پریشان
امسال مانسون کی آمد سے قبل ہی گرنا ڈیم کی سطح آب اطمینان بخش ہے ۔ ان دنوں ڈیم کی سطح ۲۰؍فیصدی رہ گئی ہے ۔ حالانکہ گزشتہ برس انہی دنوں میں گرنا ڈیم کی سطح ۱۲ء۳۵؍ فیصد تھی۔اس کے علاوہ منیاڑ ڈیم کی سطح آب بھی ۱۰؍ فیصد رہ گئی ہے۔بقیہ تمام ۱۴؍ چھوٹے بڑے آبی ذخائر خشک پڑے ہیں۔ مانسون شروع ہونے کے باوجود تا حال چالیس گائوں تعلقہ کے ۷؍ گاؤں میں پانی کی قلت ہے اور وہاں پینے کے پانی فراہمی تقریباً ۶؍ٹینکروں کے ذریعے کی جارہی ہے ۔جبکہ ۱۲؍ دیہات کے کنوئوں کو انتظامیہ نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال تعلقہ میں اچھی بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے ایک یا دو کو چھوڑ کر تقریباً تمام ڈیم اوور فلو ہو گئے تھے۔ تاہم دسمبر سے سورج آگ اُگل رہا ہے،اسلئے ان آبی ذخائر میں موجود پانی بھاپ کی شکل میں اڑگیا ۔یہی وجہ ہے کہ ڈیموں میں موجود پانی کا ذخیرہ تیزی سے کم ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ مئی میں ہی ربیع کے سیزن میں بے موسم بارش ہوئی جس نے بڑے پیمانے پر ربیع کی فصلوں کو متاثر کیا۔ اس کی وجہ سے ربیع کا سیزن وقت پر مکمل نہیں ہو سکا۔اب جبکہ ربیع کا سیزن مکمل ہو رہا تھا، بارش نے اس میں تاخیر کر دی ہے۔مئی میں ہونے والی بے موسم بارش سے گرنا اور منیار سمیت کسی بھی چھوٹے ڈیم کو فائدہ نہیں پہنچا۔ادھر گزشتہ ایک ہفتے سے بارش بھی غائب ہو گئی ہے اور چلچلاتی دھوپ کے ساتھ ناقابل برداشت گرمی بھی بڑھ گئی ہے۔ موسم کبھی کبھار ابر آلود موسم رہتاہے اور ہلکی بارش ہوتی ہے لیکن کاشتکاری کیلئے درکار بارش نہیں ہو رہی ہے۔اسلئے کسان اور شہری تیز بارش کا انتظار کر رہے ہیں۔
اس سال شدید گرمی کی وجہ سے چالیس گائوں کے ۱۵؍ڈیموں میں سے منیار ڈیم میں صرف ۱۰؍ فیصد پانی کا ذخیرہ رہ گیا ہے جبکہ باقی تمام ۱۴؍ چھوٹے بڑے آبی ذخائر سوکھ چکے ہیں۔ یہاں پانی کا ذخیرہ صفر فیصد ہے۔گرنا ڈیم جو لگاتار چار سال سے اوور فلو ہو رہا ہےتقریباً آدھے( جلگائوں) ضلع کیلئے پانی کے معاملے میں ایک نعمت ہے۔تاہم پچھلے سال گرنا ڈیم پر ہوئی شدید بارش کی وجہ سے ڈیم سو فیصد بھر گیا اور اوور فلو ہونے لگا جس کی وجہ سے آبپاشی کیلئے چار روٹیشن چھوڑے گئے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ( مئی) میں گرنا ڈیم سے پینے کے پانی کیلئے چوتھا روٹیشن چھوڑا گیا تھا تب ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ۲۸؍ فیصد تھا جو اب کم ہو کر ۲۰؍ فیصد رہ گیا ہے۔ڈیم کی گنجائش ۲۱؍ ہزار ۵۰۰؍ ایم سی ایف ٹی ہے۔
جلگاؤں ضلع کے ۱۷۵؍ علاقوں کی پیاس بجھانے والا گرنا ڈیم ۱۹۶۹ء میں بنائے جانے کے بعد سے ۵۶؍ سال میں ۱۳؍بار ۱۰۰؍فیصد مکمل ہو چکا ہے۔اہم بات یہ ہے کہ گزرے سال گرنا ڈیم جولائی میں مانسون کے پہلے دو مہینوں میں اوور فلو ہو گیا تھا۔جسکے بعد ڈیم سے ۱۴۰؍دنوں تک پانی کا اخراج ہوتا رہا ۔تاہم دو سال قبل کم بارش کی وجہ سے ڈیم میں صرف ۵۶ء۷۳؍فیصد پانی ذخیرہ ہوا تھا۔