مہاراشٹر حکومت نے سی آر پی ایف کے بہادر جوان جاوید احمد کو ان کی غیر معمولی جرأت اور فرض شناسی کے اعتراف میں مہاراشٹر گورو پرسکار یوجنا‘ (فخر مہاراشٹر انعام اسکیم )کے تحت ۶۰؍ لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی ہے۔
EPAPER
Updated: April 12, 2026, 9:08 AM IST | Jalgaon
مہاراشٹر حکومت نے سی آر پی ایف کے بہادر جوان جاوید احمد کو ان کی غیر معمولی جرأت اور فرض شناسی کے اعتراف میں مہاراشٹر گورو پرسکار یوجنا‘ (فخر مہاراشٹر انعام اسکیم )کے تحت ۶۰؍ لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی ہے۔
مہاراشٹر حکومت نے سی آر پی ایف کے بہادر جوان جاوید احمد کو ان کی غیر معمولی جرأت اور فرض شناسی کے اعتراف میں مہاراشٹر گورو پرسکار یوجنا‘ (فخر مہاراشٹر انعام اسکیم )کے تحت ۶۰؍ لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی ہے۔ یہ امداد جلگاؤں کلکٹر آفس میں منعقدہ تقریب میں ضلع کے نگراں وزیر گلاب رائو پاٹل کے ہاتھوں پیش کی گئی۔
گلاب رائو پاٹل نے اس موقع پر کہا کہ’’ ملک کیلئے جان کی بازی لگا کر اپنا فرض ادا کرنا حب الوطنی کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ جاوید احمد نے دہشت گردانہ حملے میں شدید زخمی ہونے کے باوجود اپنی ذمہ داری مکمل کر کے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا، جو انہیں ایک حقیقی ہیرو بناتا ہے۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سلامتی ایسے ہی جوانوں کی قربانیوں پر قائم ہے اور ان کی جرأت و ایثار معاشرے کیلئے ہمیشہ کیلئے ایک مثال رہتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایسے بہادر سپاہیوں سے سبق حاصل کریں اور قومی خدمت کے جذبے کو اپنائیں۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی ہائی کورٹ میں رعنا ایوب کی پوسٹس پر تنازع، ایکس کو سیف ہاربر کھونے کا خدشہ
جاوید احمد جلگاؤں ضلع کے تعلقہ چالیس گاؤں میں واقع پل کھوڑ گائوں کے رہائشی ہیں اور اس وقت سی آر پی ایف میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ضلع کلکٹر روہن گھوگھے نے بھی ان کی بہادری کی جم کر ستائش کی۔ انہوں نےکہا کہ’’ ایسے جوان ملک کی حفاظت کی ضمانت ہیں اور ان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔‘‘ یاد رہے کہ ہر سال سرکاری فیصلے کے مطابق ۳۱؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو جاری کردہ قرارداد کے تحت ایسے جوانوں کو مالی امداد دی جاتی ہے جو جنگی یا داخلی سلامتی کے دوران زخمی ہو کر معذوری کا شکار ہو جائیں۔ جاوید احمد کو یہ امداد ایک دہشت گردانہ حملے میں شدید زخمی ہونے کے باعث دی گئی ہے۔
جاوید احمد کا کارنامہ
اطلاع کے مطابق جاوید احمد جموں و کشمیر کے حساس ضلع بارہمولہ میں ۱۷۹؍ ویں سی آر پی ایف بٹالین کے ساتھ تعینات تھے، جہاں ان کی یونٹ پر سوپور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری تھی۔ ۸؍ اپریل ۲۰۲۰ء کو وہ اپنی یونٹ کیلئے ضروری سامان لے جا رہے تھے کہ احمد بابا کراسنگ کے قریب دہشت گردوں نے ان کے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس میں جاوید احمد زخمی ہو گئے۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود جاوید احمد نے غیر معمولی حوصلہ دکھاتے ہوئے گاڑی کو محفوظ مقام تک پہنچایا اور اپنی ذمہ داری مکمل کی۔ اس حملے میں ان کے بائیں بازو کو شدید نقصان پہنچا اور وہ مستقل طور پر ۷۴؍ فیصدمعذوری کا شکار ہو گئے۔
یہ بھی پڑھئے: ادھو کے اراکین پارلیمان شندے کے رابطےمیں؟
طویل علاج کے باوجود وہ مکمل طور پر صحت یاب نہ ہو سکے، تاہم وہ آج بھی سی آر پی ایف میں پوری لگن کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ اعزاز نہ صرف جاوید احمد کی بہادری کا اعتراف ہے بلکہ مہاراشٹر کی جانب سے اپنے بہادر جوانوں کیلئے اجتماعی خراجِ تحسین کی علامت بھی ہے۔ جاوید احمد کی اہلیہ نے وزیر گلاب رائو پاٹل سے انعام کا چیک حاصل کیا۔ تقریب کی نظامت ملٹری ویلفیئر آرگنائزر کے وشواناتھ اوگلے نے انجام دی۔ اس موقع پر معزز شہریوں اور صحافیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔