Inquilab Logo

بھیونڈی میں مسلسل تیز بارش سے عام زندگی متاثر،کئی نشیبی علاقے زیر آب

Updated: July 20, 2021, 7:51 AM IST | khalid abdul Qayyum | Mumbai

مسلسل تیز بارش اورشہر کے چھوٹے بڑے نالوںکی صفائی میں میونسپل کارپوریشن کی تساہلی کے سبب شہر کے نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ اہم شاہراہوں اور سیکڑوں گھروں، دکانوں اور پاور لوم کارخانوں میں پانی بھرجانے سے شہریوں کو زبردست پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔شہر اور کھاڑی پار کو جوڑنے والے دونوںپل کے اوپر پانی بہنے سے اسے بند کردیا گیا

Many areas in Bhiwandi were inundated with 3 to 4 feet of water which caused severe hardships to the citizens.Picture:Inquilab
بھیونڈی میں کئی علاقوں میں ۳؍سے ۴؍فٹ پانی بھر گیا تھا جس کی وجہ سےشہریوں کو شدید دشواریوں کا سامناکرنا پڑا تصویر انقلاب

بھیونڈی: مسلسل تیز بارش اورشہر کے چھوٹے بڑے نالوںکی صفائی میں میونسپل کارپوریشن کی تساہلی کے سبب  شہر کے نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ اہم شاہراہوں اور سیکڑوں گھروں، دکانوں اور پاور لوم کارخانوں میں پانی بھرجانے سے شہریوں کو زبردست پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔شہر اور کھاڑی پار کو جوڑنے والے دونوںپل کے اوپر پانی بہنے سے اسے بند کردیا گیا جس سے کئی گاؤں کا شہر سے رابطہ منقطع ہوگیاہے۔پانی بھرا ہونے کے سبب کئی علاقوں میں بجلی سپلائی منقطع کردی گئی ہے۔ٹریفک  نظام درہم برہم رہا اور لوگ گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے۔کئی علاقوں میں پیڑ گرنے کی اطلاع بھی موصول ہوئی ہے۔
 اتوار کی شب سے  ہی ہورہی موسلادھار بارش کے سبب اسلم نگر،پٹیل نگر،شیواجی چوک ،برہمن آلی،بھاجی مارکیٹ ،امبیکا نگر،کاسار آلی،کملا ہوٹل اور عید گاہ روڈ سمیت کئی علاقوں میں ۳۔۳؍فٹ سے زیادہ پانی بھرگیا۔اسی طرح سوداگر محلہ،عید گاہ روڈ، غیبی نگر،گوپال نگر،پدمانگر،ملت نگر،آم پاڑہ، مہاڈا کالونی ،ندی ناکہ،سنگم پاڑہ،بندر محلہ،بازار پیٹھ،ندی ناکہ،ہنڈی کمپاؤنڈ،نیو اسلام آباد،نور منزل روڈ،اعظمی نگر،نالا پار اور قاری ولی روڈکے ساتھ شہر کے نشیبی علاقے زیر آب ہوگئے ہیں۔ عید گاہ روڈ اور کامواری ندی کے کنارے مہاڈا کالونی اور سنگم پاڑہ سمیت کئی علاقوں کے سیکڑوں گھروں،دکانوں اور کارخانوں میں پانی بھر گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عید گاہ روڈ کے تقریباً۵۰۰؍گھروں میں پانی بھر گیا ہے۔اس علاقے میں۴؍فٹ سے بھی زیادہ پانی بھرنے کے سبب گھروں میں رکھے ہوئے سامان کے ساتھ ہی قربانی کیلئے لائے ہوئے جانروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے کشتی  کا سہارا لینا پڑا۔
 قدوائی نگر تالاب آنند سنیما کے سامنے واقع پیرو سیٹھ کی چال بارش کا پانی داخل ہونے سے چال میں رہائش پذیر درجنوں مکینوں کو اپنا کمرہ خالی کرنا پڑا۔اسی طرح انصار نگرروزی ہوٹل کے اطراف واقع پاور لوم کارخانوں میں ۳؍ سے ۴؍ فٹ بارش کا پانی داخل ہونے سے مالکان کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔اولیا مسجد سے آنند ٹاکیز تک سڑک پر ہر طرف پانی ہی پانی تھا،یہاں بھی دکانوں اور گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
 کلیان روڈ کے پیچھے ٹیم گھر پاڑا علاقے میں ۲؍سے ۳؍فٹ پانی بھر گیا تھا۔شہر کے مختلف علاقوں میں کنکریٹ کی سڑک بنائے جانے کے بعدپانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیاجس کے سبب سڑکوں پر پانی بھرا ہوا تھا۔ونجار پٹی ناکہ،گرین لینڈ ہوٹل،بھیونڈی کورٹ کے سامنے اور آئی جی ایم اسپتال کے سامنے پانی بھرا ہوا تھا۔
   مسلسل تیز بارش کے سبب کھاڑی پار کے پل کے اوپر سے پانی بہنے کے سبب اسے آمد و رفت کیلئے بند کردیا۔اس وجہ سے پورا علاقہ اور درجنوں گاؤں شہر سے منقطع ہوگیا۔کھاڑی پار کے پورے علاقے میں پانی کی چارد سی بچھی ہوئی نظر آرہی ہے۔میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بتایا گیا  ہے کہ عید گاہ روڈ،درگاہ روڈ،مہاڈا کالونی،منگل بازار علاقے کے گھروں میں پانی بھرگیا ہے جس کے سبب عید گاہ روڈ کے ۱۰۰؍لوگوں کو آئی ٹی آئی کالج ،۵۰۰؍لوگوں کو انا چال،۲۰۰؍لوگوں کو فائر بریگیڈعمارت،امبیکا نگرکے ۱۰۰؍لوگوں کو پی آر ہائی اسکول،مہاڈا کالونی کے۵۰,لوگوں کوبھی پی آر ہائی اسکول میں رکھا گیا ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK