• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مختلف سرکاری محکموں کے بلوں کی عدم ادائیگی سے ٹھیکیدار مالی بحران کا شکار

Updated: November 25, 2026, 1:33 PM IST | Ali Imran | Nagpur

ریاست میں ۸۰؍ہزار کروڑ روپے کی ادائیگیاں زیر التواء۔ ڈیڑھ سال میں ۹؍ ٹھیکیداروں کی خودکشی کا دعویٰ۔ وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس کی جانب سے ۵۰؍فیصد رقم کی ادائیگی کی یقین دہانی پر۷؍دسمبر سے احتجاجی تحریک ملتوی کرنے کا اعلان۔

Office-bearers of the Contractors` Federation presenting a memorandum to Chief Minister Devendra Fadnavis. Photo: INN
کنٹریکٹرس فیڈریشن کے عہدیداران وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کومیمورنڈم دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کے مختلف سرکاری محکموں میں ترقیاتی کام مکمل کرنے کے باوجود ٹھیکیداروں کو طویل عرصے سے ادائیگیاں نہیں ہو رہی ہیں۔ ریاست میں تقریباً ۸۰؍ہزار کروڑ روپے کے سرکاری بل زیر التوا ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے جس کے باعث ٹھیکیدار شدید مالی بحران سے دوچار ہیں۔ بینک قرضوں کی قسطیں، مزدوروں کی اجرت اور تعمیراتی سامان فراہم کرنے والوں کے واجبات ادا کرنا بھی ان کیلئے مشکل ہو گیا ہے۔ اس سنگین صورتحال کے پیش نظر مہاراشٹر اسٹیٹ گورنمنٹ کنٹریکٹرس فیڈریشن کے عہدیداروں نےمنگل ۲۴؍نومبر کو وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس سے ملاقات کرکے زیر التواء ادائیگیوں سمیت مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

موصولہ معلومات کے مطابق  ریاست کے مختلف سرکاری محکموں میں ٹھیکیداروں کے تقریباً ۸۰؍ہزار کروڑ روپے کے بل کئی ماہ سے زیر التوا ہیں۔ اس معاملے میں پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی)، آبی وسائل، آبی تحفظ، ضلع پریشد اور دیگر محکمے شامل ہیں۔ ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ کام مکمل کرکے بل جمع کرانے کے باوجود فنڈز کی عدم دستیابی اور انتظامی و تکنیکی رکاوٹوں کے باعث انہیں ادائیگیاں نہیں کی جا رہی ہیں۔ اس صورتحال نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے ٹھیکیداروں کی مالی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پیاز کی قیمت میں بھاری گراوٹ، کسانوں کو نئے بحران کا سامنا

ڈیڑھ سال میں ۹؍ ٹھیکیداروں کی خودکشی کا دعویٰ 

زیر التوا بلوں کا مسئلہ اب محض مالی مشکلات تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کے سنگین نتائج بھی سامنے آئے ہیں۔ ٹھیکیداروں کی تنظیموں نے دعویٰ کیا ہے کہ سرکاری ادائیگیاں نہ ہونے کے باعث ریاست میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران ۹ ؍ٹھیکیدار خودکشی کرچکے ہیں۔ ان میں سانگلی کے ہرشل پاٹل، ناگپور کے پی وی ورما اور نوی ممبئی کے گجانن دیوکتے سمیت دیگر ٹھیکیدار شامل ہیں۔ اکتوبر میں امراوتی ضلع کے جروڈ کے رہائشی سنیل واگدھرے کی خودکشی کا واقعہ بھی سامنے آیا تھا۔ ان ٹھیکیداروں کے اہل خانہ اور تنظیم نے ان اموات کو سرکاری بلوں کی عدم ادائیگی سے پیدا ہونے والے مالی دباؤ سے ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

فیڈریشن کے عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات میں مطالبہ کیا کہ زیر التوا بلوں کی ادائیگی کیلئے فوری طور پر فنڈز فراہم کئے جائیں اور انتظامی رکاوٹیں دور کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ فرنویس نے فیڈریشن کو یقین دہانی کرائی کہ سرمائی اسمبلی اجلاس کے بعد زیر التواء فنڈز میں سے ۵۰؍فیصد رقم ادا کی جائے گی  جبکہ باقی رقم مارچ کے اختتام تک مکمل طور پر تقسیم کردی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ریاست میں خشک سالی کی صورتحال کے پیش نظر اسمبلی اجلاس سے قبل فنڈز فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد فیڈریشن نے ۷؍دسمبر سے شروع ہونے والی مجوزہ احتجاجی تحریک عارضی طور پر ملتوی کردی ہے۔ تاہم ٹھیکیداروں کی نظریں اب اس بات پر لگی ہوئی ہیں کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق رقم کب جاری کرتی ہے۔ اس ملاقات میں فیڈریشن کے کارگزار صدر پروین بھاؤ امبرکر، ودربھ ڈویژنل آرگنائزر سبودھ سرودے، جنرل سیکریٹری نتن سالوے، اعزازی ڈائریکٹر سنجے میند، نائب صدر رویندر چوان اور ڈائریکٹر ارشاد نواب سمیت دیگر عہدیدار شریک تھے۔ فیڈریشن کے صدر این ڈی عرف باپو لاڈ نے کہا کہ تنظیم ٹھیکیداروں کے جائز حقوق کے حصول اور ان کے مالی مسائل حل کرانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK