Inquilab Logo

ملک میں کورونا کےمعاملے ۹۰؍لاکھ کے پار، مہاراشٹر اور کیرالا میں فعال کیسیز میں کمی

Updated: November 21, 2020, 3:18 AM IST | New Delhi

اگر معاملات کی رفتار یونہی بڑھتی رہی تو بہت جلد ملک میں ایک کروڑ سےزائد کیس ہو جائیں گے ، فی الحال ۴؍ لاکھ ۴۳؍ ہزار کیس ہی ایکٹیو ہیں ، شہریوں سے احتیاط برتنےکی اپیلیں ۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کے درمیان جمعہ کو متاثرین کی تعداد ۹۰؍ لاکھ کے پار ہوگئی ہے اور اگر انفیکشن کی شرح اسی طرح بڑھتی رہی تو یہ تعداد ایک کروڑ تک پہنچنے میں دیر نہیں لگے گی۔ یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس جنوری میں کیرالا میں سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ پورے ملک میں پھیل گیا۔ کورونا وائرس کے معاملے ابتدا ء میں تیزی سے پھیلنے کے بعد درمیان میں انفیکشن کے معاملوں میں کمی دیکھی گئی، لیکن آج پھر سے مریضوں کی تعداد ۴۹۱؍ بڑھ کر۴؍ لاکھ ۴۳؍ ہزار ۷۹۴؍ ہو گئی۔ ماہرین دہلی سمیت ملک کی متعدد ریاستوں میں کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کو اس عالمی وبا کی دوسری لہر قرار دے رہے ہیں ۔دہلی میں بھی کورو نا وائرس کے مریضوں میں نمایاں کمی آئی تھی، لیکن یہاں بھی انفیکشن کی شرح گزشتہ کچھ دنوں سے مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ تاہم، راحت کی بات یہ ہے کہ اس سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد زیادہ ہے اور اموات کی شرح اب بھی کم ہے۔گزشتہ ماہ ملک میں ۲۹؍ اکتوبر کو کور ونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ۸۰؍ لاکھ سےم تجاوز ہوئی تھی اور ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں ان میں ۱۰؍ لاکھ کا اضافہ درج کیا گیا اور یہ تعداد ۹۰؍ لاکھ کو تجاوزکر گئی ہے۔
  ملک میں مریضوں کی تعداد کم ہوکر ۴ء۹۳؍ فیصد ہوگئی ہے جبکہ اموات کی شرح۱ء۴۷؍ فیصد ہے۔ واضح رہے کہ اس عالمی وباسے متاثرہ افراد اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں امریکہ پہلے نمبر پر، ہندوستان دوسرے نمبر پر اور برازیل تیسرے نمبر پر ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ، ہندوستان اور برازیل میں دنیا بھر میں ریکارڈ ہونے والے کورونا وائرس کے تقریباً ۴۸؍ فیصد مریض ہیں ۔ ہندوستان نے کچھ دن پہلے ہی کورونا کے معاملے میں برازیل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور دنیا میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ 
   ادھر ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر، کیرالا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ کے سرگرم معاملوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ دہلی میں معاملوں میں اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر، کیرالا، تمل ناڈو اور آندھرا پردیش سمیت ملک کے ۱۷؍ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں کورونا وائرس کےفعال معاملوں میں کمی آئی ہے۔ دوسری طرف راجدھانی دہلی، اترپردیش، راجستھان سمیت دیگرریاستوں میں کورونا وائرس کے سرگرم معاملوں میں اضافہ ہوا ہے۔مہاراشٹر میں کورونا وائرس کےسرگرم معاملے ۴۷۹؍ کم ہوکر۸۰۷۲۸؍ رہ گئےہیں ۔ کیرالا میں سرگرم معاملے۱۱۶۴؍ کم ہوکر۶۸۳۵۲؍ رہ گئے ہیں جبکہ دہلی میں سرگرم معاملے ۷۶۳؍ بڑھ کر ۴۳۲۲۱؍ ہوگئے ہیں ۔
 مرکزی وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ۴۵؍ ہزار ۸۸۲؍ نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور متاثرین کی تعداد ۹۰؍ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔یہی وجہ ہے کہ وزارت کے ساتھ ساتھ دیگر حلقوں سے بھی عوام سے احتیاط برتنےکی اپیلیں کی جارہی ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK