Inquilab Logo

کورونا کے سبب جی ڈی پی کو ہرہفتے ۱۰؍ ہزار کروڑ روپے کا نقصان

Updated: April 14, 2021, 9:44 AM IST | Agency | New Delhi

عالمی ریٹنگ ایجنسی بارکلے کے مطابق کورونا وباء کی دوسری لہر اگر مئی کے آخر تک جاری رہی تو معیشت کو ۸۰؍ ہزار کروڑ سے زیادہ کا نقصان پہنچادے گی ،اس سےابھرنے کیلئے ۲؍ سال درکار ہوں گے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

  کورونا کی وباء نے گزشتہ ایک سال میں پوری دنیا کی معیشتوں کو اس قدر نقصان پہنچادیا ہے کہ اب تک اس کا درست اندازہ نہیں لگایا جاسکا ہے۔ اس وباء نے ہندوستان کو  سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے کیوں کہ اس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈائون نے معیشت کو منفی میں پہنچادیا تھا ۔ اب بھی حالات بہت بہتر نہیں ہوئے ہیں کیوں کہ کورونا کی دوسری لہر کے سبب ہر ہفتے معیشت کو ۱۰؍ ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔انداز ہ ہے کہ اگر معیشت اور معاشی سرگرمیوں پر پابندیاں اس سال مئی کے آخر تک جاری رہیں تو جی ڈی پی کو مجموعی طور  پر ۰ء۳۴؍ فیصد کا نقصان ہو سکتا ہے جو ہندوستانی حکومت کے لئے بھی بہت بڑا جھٹکا ثابت ہو گا۔ اس سلسلے میں عالمی معاشی ایجنسی بارکلے  نے ہندوستانی معیشت کے تعلق سے رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی معیشت کو دوسری لہر کے بعد سے مجموعی طور پر ۸۰؍ ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہو سکتا ہے۔ بارکلے کے چیف انڈیا اکنامسٹ راہل بجوریا کہتے ہیں کہ کورونا کے سبب لگنے والی پابندیوں کا انسانی سماج پر جو اثر پڑتا ہے وہ تو مسلم ہے لیکن اس کا ملک کی معیشت پر جو اثر ہو تا ہے انتہائی خطرناک اور سخت نقصاندہ ثابت ہو تا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر مئی تک ملک میں پابندیاں جاری رہتی ہیں تو ہندوستان کی جی ڈی پی کو ۱۰ء۵؍ ارب ڈالرس یعنی  تقریباً ۸۰؍ ہزار کروڑ روپے کاخطیر نقصان ہو سکتا ہے۔اس نقصان سے ابھرنے کے لئے معیشت کو کم سے کم ۲؍ سال درکار ہوں گے ۔  حالانکہ بارکلے نے کہا کہ ہندوستانی معیشت نے پابندیاں ختم کئے جانے کے بعد بہت تیز ریکوری کی ہے لیکن اب جو پابندیاں عائد ہو رہی ہیں وہ اسپیڈ بریکر کے مترادف ہیں جس  سے رفتار کم ہو گی اور معیشت طویل مدت میں متاثر ہو گی۔ہر چند کہ بارکلے نےجو رپورٹ جاری کی ہے اس میں گزشتہ سہ ماہی میں ملک کی جی ڈی پی کی شرح ۱۱؍ فیصد بتائی گئی ہے جو امید سے کافی زیادہ ہے لیکن نئی پابندیوں کو معیشت کے لئے سخت نقصاندہ قرار دیا ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK