Inquilab Logo

اتر پردیش میں کورونا کرفیو اور بہارمیں لاک ڈاؤن ختم

Updated: June 09, 2021, 11:59 AM IST | Agency | Lucknow/Patna

آج سے یو پی کے تمام اضلاع میں دن کا کرفیو ختم ، صبح ۷؍ بجے سےشام ۷؍ بجے تک باز ار کھلیں گے، شبینہ کرفیو اور ہفتہ واری بندی جاری رہے گی ۔ سینماگھر، مال اور جم پر پابندی رہے گی۔بہار میں دن کی پابندیاں ختم ، اب شام ۷؍ بجے سے صبح۵؍ بجے تک کرفیو نافذ رہے گا، درس و تدریس کا عمل آن لائن ہی ہوگا

Lucknow: A view of a zoo on the last day of the Corona Curfew..Picture:PTI
لکھنؤ: کورونا کرفیو کے آخری دن ایک چڑیا گھر کا منظر۔۔تصویر : پی ٹی آئی

اترپردیش اور بہار میں کورونا انفیکشن کی دوسری لہر کمزور ہو نے کے بعد دونوں ریاستوں نے اکثر  پابندیاں ختم کرنےکا اعلان کیا  ہے جبکہ اب بھی کچھ پابندیاں برقرا ر رہیں گی ۔   اتر پر یش کے تمام ۷۵؍اضلاع میں دن کا کورونا کرفیو  ہٹا دیا گیا ہے۔ آج  (بدھ کو) ریاست کے  تمام اضلاع میں صبح ۷؍ بجے سے شام ۷؍ بجے تک بازار کھلیں گے،حالانکہ سینماگھر، مال اور جم پر پابندی رہے گی۔ ریسٹورنٹ کھولنے کی اجازت توہوگی لیکن وہاں بیٹھ کر کھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ریسٹورنٹ سے صرف ہوم ڈیلیوری کی جاسکے گی۔ رات کے کرفیو اور ہفت واری کرفیو پہلے کی طرح نافذ ہوں گے۔اس سے پہلے اعلان کیا گیا تھا کہ جن اضلاع میں ۶۰۰؍سے کم انفیکشن کے معاملے ہوں گےان اضلاع کو کورونا کرفیو سے راحت ملے گی۔ اب ریاست کے  تمام اضلاع میں کورونا متاثرین کی تعداد۶۰۰؍سے کم ہوگئی ہے لہٰذا اضلاع کو بازار کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔اترپردیش میں گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں میں۲؍لاکھ۸۵؍ہزار ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ اس کے باوجود صرف۷۹۸؍متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔ اب ریاست میں کورونا کے صرف۱۴؍ ہزار ایکٹیو معاملات  ہیں۔ پیر کے اعدادوشمار کے مطابق تقریباً۴۰؍دن کے بعد یوپی میں کورونا  سے مرنے والوں کی تعداد۱۰۰؍سے  کم رہی۔ پیر کو۷۲۷؍ نئے  مریض ملے تھے جبکہ ۸۱؍مریضوں کی موت ہوگئی تھی۔ سب سے زیادہ ۲۴؍اموات کانپور شہر میں ہوئیں جبکہ صرف۳۸؍ نئے مریض ملے۔ سب سے زیادہ۵۳؍مریض ریاستی  دارالحکومت لکھنؤ میں ملےتھے۔  ادھربہار میں بھی کورونا انفیکشن کے معاملے میں مسلسل کمی کے پیش نظر ریاستی حکومت نے لاک ڈاؤن ختم کرتے ہوئے شام  ۷؍بجے سے صبح۵؍ بجے تک  نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے منگل کو اعلی افسران کے ساتھ میٹنگ کے فوراً بعد خودٹویٹ کے ذریعہ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا: ’’لاک ڈاؤن سے کورونا انفیکشن میں کمی آئی ہے، اس لئے لاک ڈاؤن ختم کرتے ہوئے شام۷؍ بجے سے صبح۵؍ بجے تک نائٹ کرفیو جاری رہے گا۔۵۰؍ فیصد حاضری کے ساتھ سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر  شام۴؍ بجے تک کھلے رہیں گے۔ دکانیں کھلنے کا وقت صبح۵؍ بجے سے  شام تک رہے گا۔‘‘
 نتیش کمار نے  ایک اورٹویٹ کرکے  بتایا:’’درس و تدریس کا عمل آن لائن  ہی کیا جاسکےگا۔ پرائیویٹ گاڑیوں کی آمدروفت  کی اجازت رہے گی۔ یہ انتظام اگلے ہفتے تک جاری رہے گا۔‘‘ انہوں نے اب بھی بھیڑ سے بچنےپر زوردیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK