Inquilab Logo

املنیر کی محمدیہ مسجد کا بہترین قدم ، مسجد کے چندے کی رقم سے راشن کٹ تقسیم کی

Updated: April 09, 2020, 5:50 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

وطن عزیز میں بھلے ہی شدت سے نفرت کے بیج بونے کی کوششیں کی جاتی ہوں مگر نفرت پر محبت ہمیشہ ہی سےغالب آتی رہی ہے۔کورونا وائرس کی وبا کے درمیان بھی نفرت کی مہم پورے شباب پر ہے۔ کورونا وائرس کے ساتھ ہی لاک ڈاؤن کی وجہ سے ذریعہ معاش اچانک بند ہو گیا ہے جس کے سبب لوگ بے یارو مددگار ہوگئے ہیں

Mosque - Pic : INN
مسجد ۔ تصویر : آئی این این

 وطن عزیز میں بھلے ہی شدت سے نفرت کے بیج بونے کی کوششیں کی جاتی ہوں مگر نفرت پر محبت ہمیشہ ہی  سےغالب آتی رہی ہے۔کورونا وائرس کی وبا کے درمیان بھی نفرت کی مہم پورے شباب پر ہے۔ کورونا وائرس کے ساتھ ہی لاک ڈاؤن کی وجہ سے ذریعہ معاش اچانک بند ہو گیا ہے جس کے سبب   لوگ بے یارو مددگار ہوگئے ہیں۔ایسے میں املنیرمیں محمدیہ مسجد کے ٹرسٹیان اور انڈین اسٹار گروپ نے مسجد میں جمع ہونے والے ہفتہ واری چندے کی رقم سے علاقے کے برداران وطن اور مسلم خاندانوں میں راشن کٹ تقسیم کیا ۔املنیرکی محمدیہ مسجد کے ٹرسٹیان اور انڈین اسٹار گروپ کا  یہ عمل نفرت کے اس ماحول قومی یکجہتی کہ بہترین مثال بن گیا ہے ۔
 املنیرسے شیر پور کی جانب جانے والے راستے سےمتصل گول واڑے روڈ پر واقع پرتاپ نگر میں دونوں فرقوں کے لوگوں کی ملی جلی بستی ہے، اسی بستی میں محمدیہ مسجد ہے۔ذرائع کے مطابق مسجد کے ٹرسٹیان اور انڈین اسٹار گروپ نے تقریباً ۲۰۰؍ کٹ تیار کئے تھے ۔یہ راشن کٹ محمدیہ مسجد کے اطراف ہی میں بلا لحاظ مذہب و ملت تقسیم کی گئی۔ اس کار خیر میں مسجد کے ٹرسٹی سید شوکت علی ،سید لیاقت علی  اورشمشیر پٹھان سمیت انڈین اسٹار گروپ کے اراکین بھی پیش پیش تھے ۔اس راشن کٹ کی تقسیم کے دوران علاقے میں بسنے والے غریب مسلمانوں کے ساتھ  برداران وطن کا بھی خاص خیال رکھا گیا۔
  اسی طرح عالمی تحریک سنی دعوت اسلامی نے بھی اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔سنی دعوت اسلامی کے مقامی ذمہ دار فیاض بھائی نےبتایا کہ’’ ہم نے شہر اور قریب کے دیہاتوں میں راشن کٹ  اوربطور گھر خرچ چند روپے بھی تقسیم کیا ہے۔اب تک ۶؍ سو افراد میں راشن کٹ کی تقسیم عمل میں آئی ہے۔‘‘ اس کے علاوہ لوگوں کو بلا وجہ گھر سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی گئی ہے۔ساتھ ہی مقامی پولیس افسران و اہلکاروں ،سرکار اسپتال کے ڈاکٹروں  اوراسٹاف نرسوں کو  ہینڈ گلوز اورسینی ٹائزر بھی تقسیم کئے گے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK