Inquilab Logo

سرکار کا اعلان، لاک ڈاؤن میں ضروری اشیا کی قلت نہیں ہوگی

Updated: March 26, 2020, 10:19 AM IST | Agency | New Delhi

جمع خوروں کومرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر کا انتباہ، کہا: بحران کی اس گھڑی میں کسی کو بھی ناجائز فائدہ نہیں اٹھانا چاہئے اور اگر کسی نے ایسی کوئی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تمام ریاستوں کوضروری اشیا کی سپلائی کو یقینی بنانے اور افواہوں پر روک لگانے کیلئے وزارت داخلہ نے بھی ہدایت جاری کی

Prakash Javdekar - Pic : PTI
پرکاش جاوڈیکر ۔ تصویر : پی ٹی آئی

حکومت نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران۲۱؍ دنوں تک اشیائے ضروری کی کوئی قلت نہیں ہوگی لہٰذا دہشت زدہ ہوکرسامان  خرید  نے کی دوڑ سےگریز کرنا چاہئے۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے وزیر اعظم مودی کی صدارت میں بدھ کو ہونے والی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت تین  ماہ کا راشن ایڈوانس میں دے گی ۔ ملک کے۸۰؍ کروڑ افراد کو راشن ملے گا  اور کسی ضروری  سامان کی قلت نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران۲۱؍دنوں تک ملک بھر میں کہیں بھی اشیا ئے ضروری کی دکانیں بند نہیں ہوں گی۔ لوگ دہشت زدہ ہو کر خریداری نہ کریں ورنہ اس سے ذخیرہ اندوزی اور کالابازاری کوفروغ ملے  گا ۔         انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروری کی  تمام دکانیں روزانہ کھلیں گی چاہے،  دودھ، پھل سبزی ہو یا پھر انڈے اورگوشت ہو یا  اور دیگر ضروری سامان ہو  ۔ تمام چیزیں ویسے ہی دستیاب ہوں گی جیسے ہمیشہ دستیاب ہوتی  ہیں ۔  انہوں نے گجرات کے ایک شہر اور پانڈیچری کی ایک دکان کی تصویر دکھا کر کہا کہ لوگ بیدار ہوں ۔  دکان میں خریداری کرتے وقت بھی مناسب فاصلے بناکر رکھیں ۔ اس سے وہ سامان بھی لے پائیں گے اور انفیکشن سے بھی بچے رہیں گے ۔
  اس موقع پر انہوں نے ضروری اشیا کی جمع خوری کرنے والوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کالا بازاری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمع خوری کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے یہ مشکل وقت ہے،ایسے میں کسی کو بھی بحران کی اس گھڑی میں ناجائز فائدہ نہیں اٹھانا چاہئے۔یہ وقت انسانی جذبے کے ساتھ کام  کرنے کا ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ کالا بازاری اور جمع خوری کرنے والوں کیلئے سزا کا التزام ہے اور یہ جرم کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ دوران پریس کانفرنس پرکاش جاؤڈیکر نے ڈاکٹروں اور صحافیوں کو لاک ڈاؤن  میں کام پر جانے کی وجہ سے انفیکشن کے خوف سے گھر خالی کروانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے اپیل کی کہ اس طرح کا برتاؤ نہ کریں۔ خیال رہےکہ کل یعنی منگل کو ڈاکٹروں نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے شکایت کی تھی کہ مکان مالکان کورونا وائرس کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں سے کہہ رہے ہیں کہ وہ گھر خالی کردیں۔ انہوں نے کہا کہ  ہم تمام افراد کو یہ سمجھنا چاہئے کہ یہی وہ لوگ ہیں جو کورونا وائرس کے خلاف محاذ پر ہیں، ایسے میں ضروری ہے کہ ہم ان کا احترام کریں۔  
  علاوہ ازیں مرکزی وزارت داخلہ نے بھی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سیکریٹری،پولیس سپرنٹنڈنٹ اور پولیس کمشنر سے ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن کے پیش نظر ضروری اشیا کی سپلائی کو یقینی بنانے اور افواہوں پر روک لگانے کیلئے کہا ہے۔وزارت نے کہا کورونا کے سبب ملک میں۲۱؍ دنوں کا لاک ڈاؤن نافذ ہے، اس لئے لوگوں سے اپنے گھروں ہی میں رہنے کے لئےکہا گیا ہے۔ اسے دیکھتےہوئے سبھی جگہوں پر خوردنی اشیا اور طبی ضرورتوں کے ساتھ دیگر ضروری خدمات دستیاب کرانا ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی ذمہ داری ہے۔ اس کیلئے انہیںسبھی ضروری قدم اٹھائے جانے چاہئیں۔وزارت نے مزید کہا کہ سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اپنے یہاں رہنے والوں کو اعتماد میں لینا ہوگا کہ انہیں کسی بھی ضروری اشیا کی کمی نہ ہونے دی جائے اور وہ اس بارے میں افواہوں سے بچیں نیز گھبراہٹ میں خریداری نہ کریں۔ ریاستوں سے ڈاک ڈاؤن کے بارے میں جاری کی گئیں رہنما ہدایات پر عمل کو یقینی بنانے کو بھی کہا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK