Inquilab Logo

منفرد تقریب میں برطانوی شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی

Updated: May 07, 2023, 10:09 AM IST | London

ویسٹ منسٹر ایبے میں ۴۰؍ویں شاہی حکمراں کی تاجپوشی۷ ؍ دہائیوں کی ملک کی سب سے بڑی تقریب میںعالمی لیڈروں اور معززین سمیت۲؍ ہزار سے زائد ا فراد کے مخصوص اجتماع کے سامنے آرچ بشپ نے تاج پہنایا ، ۱۱؍ ہزار سے زائد پولیس اہلکار مستعد نظر آئے، غیر ملکیوں نےبھی پرشکوہ تقریب کا دیدار کیا

Britain`s King Charles III and Queen Camilla with the royal family on the balcony of Buckingham Palace after the coronation. (AP/PTI)
تاجپوشی مکمل ہونے کے بعد بکنگھم پیلس کی بالکونی میں بر طانوی شاہ چارلس سوم اورملکہ کمیلا ، شاہی خاندان کے ساتھ۔ ( اےپی / پی ٹی آئی) 

سنیچر کو بارش اور خراب موسم کے درمیان  برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی تاجپوشی مکمل ہوگئی ۔ اس دو ران   ہزاروں افراد نے شرکت کی جن میں اہم عالمی لیڈر بھی شامل ہیں۔   
  میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیچر کو عالمی  لیڈروں اور معززین سمیت۲؍ ہزار سے زائد ا فراد  کے مخصوص اجتماع کے سامنے آرچ بشپ نے  شا ہ چارلس سوم کو تاج پہنایا۔قبل ازیں بادشاہ چارلس سے آرچ بشپ آف کینٹربری نے حلف لیا جبکہ بادشاہ چارلس نے حلف نامہ پر دستخط بھی کردیئے۔ بعد ازاں مختلف رسومات جاری رہیں اور شاہ چارلس سوم کو آرملز (بریسلیٹ) پیش کیا گیا۔ 
  عینی شاہدین  کےمطابق  سنیچر کو شاہ چارلس سوم کو  ملک کی ۷؍ دہائیوں میں ہونے والی سب سے بڑی تقریب میں تاج پہنایا گیا جسے دیکھنے کیلئے برطانیہ  کے ساتھ ساتھ دنیا بھر  کے ہزاروں ا فراد جمع ہوئے ۔شاہ چارلس اپنی والدہ ملکہ الزبتھ کے جانشین ہیں جو گزشتہ برس ستمبر میں انتقال کر گئی تھیں۔ اہم بات یہ ہےکہ لندن کے ویسٹ منسٹر ایبے میں سنیچر کو ہونے والی تاجپوشی کی اس تقریب میں شاہ چارلس۱۴؍ ویں صدی میں تیار کردہ  قدیم تخت پر بیٹھنے اور ۳۶۰؍ سالہ قدیم سینٹ ایڈورڈ کا تاج اپنے سر پر رکھنے والے سب سے معمر برطانوی بادشاہ بن گئے۔ویسٹ منسٹر ایبے میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں ہندوستان کے صدر جمہوریہ  جگدیپ دھنکر ، اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ ، پاکستان کےو زیر اعظم شہباز شریف  اور  امریکی خاتون اول جل بائیڈن  کے ساتھا ساتھ تقریباً۱۰۰؍ سربراہان مملکت اور معززین نے شرکت کی۔ یادر ہےکہ  ۱۰۶۶ء سے برطانوی بادشاہوں کی تاجپوشی کا آغاز ہوا تھا۔  شاہ چارلس۴۰؍ویں شاہی حکمراں  ہیں جن کی تاجپوشی   ویسٹ منسٹر ایبے میں ہو ئی ۔
 ۲؍گھنٹے تک جاری رہنے والی اس تقریب کے دوران اُن کی۷۵؍ سالہ دوسری اہلیہ ملکہ کمیلا کو بھی تاج پہنایا گیا۔شاہ چارلس کی  آنجہانی والدہ کی تاجپوشی کے بعد یہ برطانیہ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی تقریب  رہی۔ ہزاروں ا فراد سڑکوں پر کھڑے  رہے اور دنیا بھر سے لاکھوں ا فراد اس تقریب کو  دیکھنے کیلئے برطانیہ آئے ۔
 تقریبات کے آغاز میں سنیچر کی صبح شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا جدید ڈائمنڈ اسٹیٹ جوبلی کوچ میں بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹر ایبے  پہنچے۔ اس موقع پر۱۱؍ ہزار سے زائد پولیس اہلکار مامور رہے۔   اس دوران  وہ  تقریب میں کسی قسم کا خلل پیدا کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے مستعد رہے۔  تاجپوشی کے بعد شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا۴؍ ٹن سونے کی بنی ہوئی اسٹیٹ کوچ میں روانہ ہوئے جو جارج سوم کیلئے بنایا گیا تھا، وہ۳۹؍ ممالک کے۴؍ ہزار فوجی اہلکاروں کے ایک میل طویل جلوس میں  دوبارہ بکنگھم پیلس پہنچے۔
 بکنگھم پیلس  لوٹنے کے بعد شاہی خاندان بالکونی میں آ یا۔ اس موقع پر برطانوی فوج کے ہوائی جہاز نے اطراف میں فضائی سلامی دی ۔ تاج پوشی کا جشن  آج ( اتوار کو )بھی ملک بھر میں  منایا جا  ئے گا جس میں لوگ مختلف طریقے سے سڑکوں پر خوشی کا اظہار کرسکیں گے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK