Inquilab Logo

چوتھی لہر کی روک تھام کیلئے احتیاط برتیں

Updated: April 30, 2022, 11:36 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

’شہریوں سےسوشل ڈسٹینسنگ قائم رکھنے ، ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال کی تھانے میونسپل کمشنر کی اپیل۔میونسپل افسران کو کورونا کی جانچ بڑھانے کی بھی ہدایت دی

Municipal Commissioner Vipin Sharma giving instructions to his subordinates in a meeting held at TMK Hall.Picture:INN
ٹی ایم سی کے ہال میں منعقدہ میٹنگ میں میونسپل کمشنر وپن شرما اپنے ماتحت افسران کو ہدایتیں دیتے ہوئے۔ ۔ تصویر: آئی این این

  مرکزی اور ریاستی حکومت کی جانب  سے کورونا کے مریض بڑھنے کےاندیشے کے پیش نظردی گئی ہدایات کے مطابق  تھانے میونسپل کمشنر نے متعلقہ افسران کو کورونا کی چوتھی لہر سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ اسی ضمن میں تھانے میونسپل کمشنر ڈاکٹر وپن شرما نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگرچہ اس وقت کورونا انفیکشن کم ہے، اس کے باوجود  وہ عوامی مقامات پر جاتے وقت  منہ پر ماسک پہنیں، افرادی دوری برقرار رکھیں اوربار بار ہاتھ دھوئیں  یا سینیٹائزر کا استعمال کریں۔ انہوں نے شہریوں سے کورونا سے حفاظت کیلئے۲؍ ویکسین لگوانےکی بھی درخواست کی ہے۔ اسی کے ساتھ ریاستی حکومت کی ہدایت کے مطابق تھانے شہر میں بھی کورونا کی جانچ : آر ٹی پی سی آر اور اینٹیجن ٹیسٹ کی تعداد میں اضافہ کرنے کا بھی متعلقہ افسران کو حکم دیا ہےاورکورونا سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری انتظامات کرنےکا حکم بھی دیا ہے۔ تھانے میونسپل کمشنر نے جمعرات کو ٹی ایم سی  کے آنجہانی نریندر بلال ہال میںشہری انتظامیہ کی جانب سے کورونا سے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات کے سلسلے میں ایک جائزہ میٹنگ  طلب کی تھی۔ اس میٹنگ میں  ایڈیشنل کمشنر (۱) سندیپ مالوی، ایڈیشنل کمشنر (۲) سنجے ہیرواڈے، ڈپٹی کمشنر منیش جوشی، ڈپٹی کمشنر ماروتی کھوڈکے، ڈپٹی کمشنر ورشا دکشت ڈپٹی کمشنر دنیش تایدے، میڈیکل ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بھیم راؤ جادھو، تمام وارڈ کمیٹیوں کے اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ صحت کے افسران موجود تھے۔
  میٹنگ میں میونسپل کمشنر نے کہا کہ تھانے شہر میں فی الحال کورونا وائرس کا انفیکشن کم ہے اور مریضوں کی تعداد بھی قابو  ہے  ۔ تاہم  کورونا پھیلنے کی صورت میں تمام سسٹم کو درست رکھنے کی ضرورت ہے اور سبھی متعلقہ افسران کو تمام اسپتالوں کو تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے محکمہ صحت اور تمام متعلقہ افسران  کو کوروناکے مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافے کی صورت میں شہریوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچنے کیلئے صحت  عامہ کے پورے محکمےکو تیار رکھنے کی ہدایت کی۔ میونسپل کمشنر کے بقول  ۳؍ احتیاط( ماسک لگانا ، افرادی دوری قائم رکھنا اور بار بار ہاتھوں کو صابن سے دھونا یا سینیٹائزکرنا) یہ اور ویکسین ہی کورونا سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔  لہٰذا نہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنروںکو ہدایت دی کہ شہر میں ماسک کے استعمال، سماجی دوری اور سینیٹائزر کے باقاعدگی سے استعمال کے حوالے سے  بیداری لائی  جائے۔   انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کورونا کا مقابلہ کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے اور حکومت کی ہدایات کے مطابق میونسپل ہیلتھ سینٹر میں مختلف عمر کے افراد کیلئے ویکسینیشن مہم جاری ہے۔ تاہم جن شہریوں کو ابھی تک ویکسین نہیں لگائی گئی ان کو ترجیحی ٹیکے لگوائے جائیں اور  جنہوںنے پہلاڈوز لگوایا ہے اور دوسرے ڈوز کا وقت ہو چکا ہے،  انہیں اپنی دوسری ویکسین بھی لگوا لینی چاہئے۔  میونسپل کمشنر وپن شرما نے دعویٰ کیا کہ تھانے میں میونسپل مراکز پر مفت اور پرائیویٹ اسپتال میں رعایتی فیس پر ٹیکہ لگانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جہاں شہری ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK