• Thu, 18 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’بہار میں بدعنوانی انتہا پر،عوام حکومت سےپریشان‘‘

Updated: September 17, 2025, 10:41 PM IST | Patna

بہار ادھیکار یاترا کے دوسرے دن تیجسوی یادوکا لفظی حملہ کہا کہ ’’این ڈی اے مطلب ’نہیں دیا ادھیکار‘،اسلئے بہار بچانا ہے‘‘

Tejashwi Yadav claps his hands and thanks the participants for the warm welcome in Bakhtiarpur.
بختیار پور میںوالہانہ استقبال کئے جانے پر تیجسوی یادو ہاتھ ہلاکر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے

 راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی )  کے لیڈر اور بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو ،ووٹر ادھیکار یاترا کے بعد اب ’بہار ادھیکار یاترا‘ پر نکل پڑے ہیں۔ اس پرہجوم یاترا کے دوسرے دن انہوں نے بختیار پور میں خطاب کیا اور این ڈی اے حکومت پر شدید تنقید کی ۔  اس ضمن میں ایکس پوسٹ میں انہوں نے   این ڈی اے پرتنقید کرتے ہوئے اس کے مخفف پر طنز کیا اور لکھا کہ ’’این ڈی اے، مطلب نہیں دیا ادھیکار،اسلئے این ڈی اے سے بہار بچانا ہے۔ ۲۰؍ سال میں انہوں نے بہاریوں کو نوکری، روزگار، تعلیم، صحت،کاروبار،بنیادی سہولیات اور خدمات کا حق نہیں دیا ہے۔ اب عوام بیدار ہوگئے ہیں اور اقتدار میں تبدیلی لاکر اپنا حق مانگ رہے ہیں۔بہار ادھیکار یاترا کا دوسرا دن۔بختیار پور‘‘
 تیجسوی یادو  نے ریاست کی این ڈی اے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو نہ صرف مایوس کر رہی ہے بلکہ لوگوں کی جان و مال کی سلامتی بھی خطرے میں ہے۔ ان کے مطابق جرائم کی وارداتوں میں اس قدر اضافہ ہو گیا ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ محسوس نہیں کر رہے ہیں۔
 تیجسوی یادو نے میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’این ڈی اے حکومت سے عوام نالاں ہیں۔ ریاست میں بدعنوانی اپنی انتہا پر ہے، پولیس تھانوں میں رنگداری بڑھ گئی ہے، عام آدمی کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’یہ حکومت صرف ان عناصر کو تحفظ دے رہی ہے جو بدعنوانی اور جرم سے جڑے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عوام تبدیلی چاہتے  ہیں اور آئندہ انتخابات میں اس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘اپنی اس یاترا کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ یاترا عوام کے مسائل کو سمجھنے اور براہ راست ان کے درمیان جانے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف اضلاع میں انہیں زبردست عوامی حمایت مل رہی ہے۔ ان کے مطابق جس علاقے میں بھی وہ پہنچ رہے ہیں، لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر آ کر یاترا کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ یاترا کے دوسرے دن ان کا قافلہ بختیارپور، باڑھ، مکامہ، تیگھاڑا اور بیگوسرائے سے گزرا۔
 بقول تیجسوی این ڈی اے حکومت کے پاس ویژن نہیں ہے  ، انہوں نےمزید کہا کہ ’’حکومت نقل تو کر سکتی ہے لیکن مستقبل کے لئے  کوئی واضح نظریہ نہیں دے سکتی۔‘‘ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنی تو ریاست میں ہر تعلیم یافتہ نوجوان کو روزگار فراہم کرنے کی کوشش ہوگی۔ ساتھ ہی ریاست میں صنعت لگانے، تعلیم اور صحت کے نظام کو بہتر بنانے کی سمت میں اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں نوجوان بڑی تعداد میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، مگر موجودہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے انہیں نوکریاں نہیں ملتیں۔ اس صورتحال میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور ریاستی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔
 یاد رہے کہ اس دوران تیجسوی یادو نےسوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ  وزیراعظم نریندر مودی کے یومِ پیدائش پر انہیں مبارکباد پیش کی اورنیک خواہشات کا اظہار بھی کیا لیکن ساتھ ہی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’وہ بہار آ رہے ہیں، مگر پہلے یہ بتائیں کہ اب تک وہ بی جے پی کا قومی صدر کیوں مقرر نہیں کر پائے؟‘‘سیاسی ماہرین کا اندازہ ہے کہ آرجے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کی یہ یاترا آئندہ انتخابات کے پیش نظر سیاسی ماحول کو گرما رہی ہے۔ آر جے ڈی کی حکمت عملی ہے کہ بدعنوانی اور جرائم جیسے ایشوز کو لے کر عوامی جذبات کو اپنے حق میں استعمال کیا جائے اور این ڈی اے کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
 خیال رہے کہ پانچ دنوں کی یہ یاترا ۱۰؍ اضلاع سے گزر ےگی جس میں جہان آباد، نالندہ، پٹنہ ،بیگوسرائے،کھگڑیا، مدھے پورہ ، سہرسہ، سپول اور سمستی پور ہوتے ہوئے ویشالی پہنچ کر ختم ہوگی۔اس یاترا کے متعلق تیجسوی یادو نے کہا کہ اسکے ذریعہ بےروزگاری، مہنگائی اور غربت کے خاتمے کا پیغام دیا جائیگا۔ اسکے علاوہ کسانوں، مزدوروں کی عزت، ماؤں بہنوں کی حفاظت اوربہار میں کارخانوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے لوگوں تک اپنی بات پہنچانا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK