یہ یاترا اُن علاقوں سے گزرے گی جہاں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران تیجسوی نہیں پہنچ سکے تھے، آر جے ڈی نے واضح کیا کہ عظیم اتحاد میں کوئی اختلاف نہیں ہے
EPAPER
Updated: September 16, 2025, 11:37 PM IST | Patna
یہ یاترا اُن علاقوں سے گزرے گی جہاں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران تیجسوی نہیں پہنچ سکے تھے، آر جے ڈی نے واضح کیا کہ عظیم اتحاد میں کوئی اختلاف نہیں ہے
سابق نائب وزیر اعلیٰ، حزبِ اختلاف کے لیڈر اور آر جے ڈی قائدتیجسوی یادو نےمنگل کو یہاں گاندھی میدان سے ’بہار ادھیکار یاترا‘ کا باضابطہ آغاز کیا۔ دوپہر تقریباً۲؍ بجے جب وہ قافلے کے ساتھ میدان میں پہنچے تو پنڈال اور اطراف کا علاقہ حامیوں سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا۔ بارش کے باوجود خواتین اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ عوامی جذبے کو دیکھتے ہوئے تیجسوی نے کہاکہ میں اپنی ماؤں بہنوں کے پاؤں چھوتا ہوں اور نوجوانوں کو گلے لگاتا ہوں، یہ جوش اور اتحاد آنے والے انتخابات میں تبدیلی کی ضمانت ہے۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ یاتراکسی فرد واحد کی نہیں بلکہ بے روزگار نوجوانوں،کسانوں، مزدوروں اور عوام کی یاترا ہے۔ان کے مطابق اس مہم کا مقصد روزگار کے مواقع فراہم کرنا، مہنگائی و غربت پر قابو پانا، کسانوں اور مزدوروں کو عزت دلانا اور بہار میں امن و بھائی چارے کے ساتھ صنعت و کارخانہ قائم کرنا ہے۔ انہوںنے دعویٰ کیا کہ اگر آر جے ڈی کو موقع ملا تو ریاست میں بدعنوانی سے پاک اور انصاف پر مبنی حکومت قائم کی جائے گی، کیونکہ تیجسوی جو کہتا ہے وہ کرتا بھی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے سوال پر تیجسوی یادونے کہا کہ اس عہدے کیلئے مہاگٹھ بندھن میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اس معاملے کو لے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں ہے لہٰذاہمیں متحد رہ کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ انہوں نےکہاکہ سچائی تو یہ ہے کہ خود بی جے پی والے نتیش کمار کو ہٹانے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نےایک حالیہ واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزیر کے ذریعہ ایک صحافی کے ساتھ بدسلوکی اور دھمکی دی گئی۔اس معاملے میں انصاف دلانے کیلئے خود مجھے تھانہ جانا پڑا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ہی لہجہ میں سوال اٹھایاکہ کیا۲۰۰۵ء سے پہلے بھی ایسے ہی حالات تھے؟ اور پھراسے حکومت کی بڑی ناکامی قرار دیا۔
جہان آباد میں یاترا کے موقع پر پورا شہر بینر، پوسٹر اور استقبالیہ دروازوں سے سجا ہوا تھا۔بہارادھیکاریاتراسے متعلق اعلان کے مطابق تیجسوی یادو کی یہ یاترا جہان آباد کے بعد نالندہ سمیت ان اضلاع میں بھی جائے گی، جہاں وہ اپنی گزشتہ ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران نہیں پہنچ سکے تھے۔
اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نےیاترا کو بہار میں بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف جنگ اورکسانوں، مزدوروں اور خواتین کی آواز قرار دیا ہے۔نالندہ ضلع کے ہلسہ اور اسلام پور میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نےکہاکہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو بی جے پی والوں نے ہائی جیک کر لیا ہے اور اب بہار کو گجرات کے دو لوگ چلا رہے ہیں، مگر یہ سلسلہ زیادہ دنوں تک نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہار کو جرائم پیشہ، بدعنوانی اور بے روزگاری سے پاک بنانا ہے ۔تیجسوی نے کہا کہ جب میں نے معمر لوگوں کےپنشن بڑھانے کی بات کہی تو نتیش کمار کی نیند ٹوٹی،جب میں نے ’ماں بہن منصوبہ‘ لانے کی بات کہی تو وہ خواتین کی اسکیم چلانے کی بات کرنے لگے۔ بہار حکومت ان کی اسکیموں کی نقل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو تب یاد آتا ہے جب ہم بولتے ہیں۔ جب ہم نے پانچ لاکھ نوکریاں دیں تو انہیں بھی نوکریاں یاد آگئیں۔ جب ہم نے پنشن بڑھانے، ۲۰۰؍ یونٹ مفت بجلی اور ڈومیسائل پالیسی کی بات کی تو اس کاپی پیسٹ حکومت نے بھی وہی باتیں شروع کر دیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر ان کی حکومت بنتی ہے تو وہ خواتین کو ہر ماہ۲۵۰۰؍ روپے دیں گے اور پانچ سو روپے میں گیس سلنڈر فراہم کریں گے۔
اس سے قبل انہوں نے وزیراعظم مودی کے ’درانداز ‘ والے بیان پر انہیں نشانہ بھی بنایا۔ یاترا پر نکلنے سے قبل انہوں نے اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا کےسوالوں کا جواب دیتے ہوئےکہاکہ یہ یاترا ایک نئی تاریخ لکھےگی۔ انہوں نے کہا کہ جن اضلاع کو مہاگٹھ بندھن کے ذریعے نکالی گئی یاترا میں شامل نہیں کیا جاسکا تھا، وہاں ’بہار ادھیکار یاترا ‘کے دوران ہم پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ۲۰؍ستمبر کو اس کا اختتام ویشالی میںہو گا۔ اس دوران یہ یاترا دس اضلاع سے گزر ےگی جہاں بڑے پیمانے پر عوام سے رابطہ قائم کیا جائے گا۔