Updated: November 27, 2026, 5:46 PM IST
| San Jose
اسرائیل پر غزہ میں نسل کشی اور جنگی جرائم کے الزامات عائد کرنے والی اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز کو کوسٹا ریکا میں داخلے سے روک دیا گیا۔ حکومت نے ان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں سے روابط کے سلسلے میں بین الاقوامی الرٹ کا حوالہ دیا ہے، جبکہ انہیں ملک کی معروف یونیورسٹی سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنا تھی۔
فرانسسکا البانیز۔ تصویر : ایکس
کوسٹا ریکا کی حکومت نے جمعرات کو کہا کہ اس نے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی، کیونکہ ان کے بقول وہ ’’دہشت گردانہ کارروائیوں سے روابط کے سلسلے میں بین الاقوامی الرٹ‘‘ کا سامنا کررہی ہیں۔ البانیز اسرائیل پر نسل کشی کے الزامات عائد کرتی رہی ہیں۔ فلسطینی علاقوں سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ البانیز جمعرات کو دارالحکومت سان خوسے کے ہوائی اڈے پر پہنچی تھیں۔ وہ کوسٹا ریکا کی سرکاری اور ملک کی اہم ترین یونیورسٹی ’یونیورسٹی آف کوسٹا ریکا‘ سے اعزازی ڈگری حاصل کرنے کے لیے وہاں گئی تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: سری لنکا: ۳۶ ؍سال قبل مسلمانوں کے قتل عام کے شواہد ملنے کی امید، انسانی باقیات برآمد
کوسٹا ریکا کے محکمہ امیگریشن کے ڈائریکٹر جنرل اومر بادیلا نے وزارت داخلہ کے ماتحت ادارے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کہا کہ البانیز ’’دہشت گردانہ کارروائیوں سے روابط کے سلسلے میں بین الاقوامی الرٹ کا موضوع ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’مجھے امید ہے کہ اس سے تمام شکوک و شبہات دور ہوجائیں گے اور یہ واضح ہوجائے گا کہ یہ خاتون قومی سلامتی کے لیے کس نوعیت کا خطرہ ہیں۔‘‘ ملک کی سب سے اہم اور باوقار یونیورسٹی کے ریکٹر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ امیگریشن حکام البانیز کی ملک میں آمد کو روک رہے ہیں اور حکومت سے اس فیصلے کی وضاحت طلب کی۔
کوسٹا ریکا کی صدر لورا فرنانڈیز کی حکومت امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی قریبی اتحادی ہے اور مئی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اسرائیل کے ساتھ تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں البانیز نے کوسٹا ریکا اور اسرائیل کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے اس کی منظوری روکنے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر حکومت نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان پر ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کا الزام لگایا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: یونان: تنخواہوں اور سرکاری خدمات میں بہتری کیلئے ہزاروں مظاہرین سڑکوں پراترے
اسرائیل کے اہم اتحادی امریکہ نے غزہ سے متعلق اپنی پالیسی پر تنقید کرنے کے بعد البانیز پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔ البانیز نے ہوائی اڈے سے اپنے پیغام میں لکھا، ’’آپ کو سامراج کی اصل شکل اس دن نظر آتی ہے جب آپ اس کے کسی حساس معاملے کو چھیڑتے ہیں یا اس کی مقرر کردہ حدود سے تجاوز کرتے ہیں۔‘‘ یونیورسٹی نے کہا کہ وہ ہر سال کسی ممتاز شخصیت کو دی جانے والی اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری البانیز کو ان کے ’’مضبوط علمی پس منظر، تجربے، تصانیف اور بدعنوانی و غلط کاریوں کو بے نقاب کرنے کے کام‘‘ کے اعتراف میں دے رہی تھی۔
اٹلی سے تعلق رکھنے والی آزاد ماہر کو اسرائیل اور اس کے بعض اتحادیوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا رہا ہے۔ وہ طویل عرصے سے اسرائیل پر غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی اور دیگر جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزامات عائد کرتی رہی ہیں۔ اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے کوسٹا ریکا کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ ڈینن نے لکھا، ’’جو لوگ اقوام متحدہ کے اپنے منصب کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے زہریلا پروپیگنڈا پھیلاتے ہیں، دہشت گرد تنظیموں کو جائز قرار دیتے ہیں، ہولوکاسٹ میں قتل کیے گئے ۶؍ ملین یہودیوں کی یاد کی بے حرمتی کرتے ہیں اور امریکہ و اسرائیل کو مسلسل بدنام کرتے ہیں، انہیں اپنے اعمال کے نتائج بھگتنے چاہئیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: مصر میں خوفناک سڑک حادثہ، ٹینکر الٹ گیا، ۳۱؍ افراد جاں بحق،۲۱؍ زخمی
غزہ میں جنگ ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے جاری ہے۔ غزہ کی وزارت صحت، جو حماس کے زیر انتظام ہے، کے مطابق اس جنگ میں ۷۳؍ ہزار سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اے ایف پی کی اسرائیل کے سرکاری اعداد و شمار کی بنیاد پر مرتب کردہ گنتی کے مطابق، ۷؍ اکتوبر کے حماس حملے میں ایک ؍ ہزار ۲۲۱؍ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ البانیز کو ۲۰۲۲ء میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے مقرر کیا تھا۔ دیگر آزاد ماہرین کی طرح وہ بھی اقوام متحدہ کی جانب سے باضابطہ نمائندگی نہیں کرتیں۔