وزیر اعلیٰ نے ایوان میں تحریری طور پر اس بات کااعتراف کیا کہ مہاراشٹر میں بڑے پیمانے پر نوٹ بندی کا کاروبار کیا جا رہا ہے
EPAPER
Updated: July 16, 2025, 11:37 PM IST | Mumbai
وزیر اعلیٰ نے ایوان میں تحریری طور پر اس بات کااعتراف کیا کہ مہاراشٹر میں بڑے پیمانے پر نوٹ بندی کا کاروبار کیا جا رہا ہے
نوٹ بندی کے وقت مرکزی حکومت نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کی وجہ سے جعلی نوٹوں پر قدغن لگے گا لیکن اب وزیرا علیٰ دیویندر فرنویس نے خود تحریری طور پر اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ مہاراشٹر میں نوٹ بندی کے بعد بھی جعلی نوٹوں کے چلن میں کمی نہیں آئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں پونے اور بھیونڈی کو نقلی نوٹ چھاپنے کے سب سے بڑے مراکز قرار دیا ہے۔
بدھ کے روز اسمبلی میں وزیر اعلیٰ سے سوال پوچھا گیا کہ مہاراشٹر میں نقلی نوٹوں پر قدغن لگانے کیلئے کیا کارروائی کی جا رہی ہے؟ اور کیا ریاست میں نقلی نوٹوں کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس پر وزیر اعلیٰ فرنویس جو کہ ریاست کے وزیر داخلہ بھی ہیں، نے ایک تحریری جواب جاری کیا جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ریاست میں نقلی نوٹ بنانے اور انہیں استعمال کرنے کا جرم اب بھی جاری ہے۔ حالانکہ حکومت نے اس کے خلاف سخت کارروائیاں کی ہیں لیکن ابھی کارروئی میں کچھ کسر رہ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ’’ ۲۰۲۰ء سے لے کر اب تک نقلی نوٹوں کے ۲۷۳؍ معاملے درج کئے گئے ہیں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ۶۶۶؍ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ جبکہ مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے کے جعلی نوٹ ضبط کئے گئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ معاملے پونے اور بھیونڈی میں درج کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق پونے اور بھیونڈی نقلی نوٹ چھاپنےکے اہم مراکز بن گئے ہیں لیکن پولیس ان کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کے تحریری بیان کے مطابق اسی سال یکم مئی کو پونے میں ۲۸؍ لاکھ روپے کے جعلی نوٹ ضبط کئے گئے اور ۱۷؍ لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ جبکہ بھیونڈی میں مئی میں ۲؍ بار کارروائی ہوئی۔ پہلے ۳؍ مئی کو ایک چھاپہ مارا گیا جس میں ۳۰؍ لاکھ روپے کے جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔ اس وقت ۶؍ لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد ۵؍ مئی کو پولیس نے بھیونڈی کے ایک مکان پر چھاپہ مارا جہاں نقلی نوٹ بنائے جا رہے تھے۔ یہ سارے نوٹ ۵۰۰؍ کے تھے اور ان کی قیمت ۳۰؍ لاکھ روپے تھی ۔ انہیں ۶؍ لاکھ ( اصلی) روپے میں بیچا جانے والا تھا۔ دیویندر فرنویس نے ایوان کو یقین دلایا کہ حکومت اور پولیس کی نقلی نوٹ بنانے والوں پر کڑی نگاہ ہے اور اس پر پوری طرح قدغن لگانے کی کوشش جاری ہے۔
یاد رہے کہ نوٹ بندی کے اعلان کے وقت مرکزی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس اقدام سے ملک بھر میں جعلی نوٹوں کا کاروبار بند ہو جائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اب مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ نے باقاعدہ تحریری طور پر اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر نوٹ بندی کا کاروبار جاری ۔ میڈیا میں دیویندر فرنویس کے اس بیان کو اس بات کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے کہ نوٹ بندی کے بعد جعلی نوٹوں کے کاروبار پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ اہم بات یہ ہے فرنویس نے پونے اور بھیونڈی شہر کا نام لے کر یہ بھی واضح کر دیا کہ انہیں معلوم ہے کہ کن علاقوں میں یہ کاروبار ہو رہا ہے۔ اس کے باوجود اس پر قدغن نہیں لگایا جا سکا۔ پولیس کی مسلسل کارروائیوں کے بعد بھی جعلی نوٹوں کی چھپائی ہونا اپنے آپ میں کوئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ میڈیا میں ان سوالوں پر تبصرے جاری ہیں۔