Inquilab Logo Happiest Places to Work

مدنپورہ: بجلی کی آنکھ مچولی جاری، عوام کو دشواریوں کا سامنا

Updated: March 14, 2026, 11:54 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

رمضان المبارک میں دوسری مرتبہ ۱۵؍گھنٹے سے زیادہ وقت تک بجلی منقطع ہوئی، اس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ اضافی روشنی کیلئے لگائی جانےوالی لائٹوں سے لوڈ بڑھ گیا ہے۔

Darkness is visible in the buildings of Sankli Street. Photo: INN
سانکلی اسٹریٹ کی عمارتوں میں اندھیرا نظر آرہا ہے۔ تصویر: آئی این این

جنوبی ممبئی کے متعدد علاقوں میں گزشتہ ایک ڈیڑھ مہینے سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے جس سے عوام کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ عام دنوں کے علاوہ بالخصوص رمضان المبارک میں محمدعلی روڈ، رے روڈ، ناگپاڑہ، کماٹی پورہ، ڈنکن روڈ اور مدنپورہ وغیرہ کے علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر ہونے سے مکینوں کو شدید دقت ہو رہی ہے۔ رمضان المبارک میں دوسری مرتبہ مدنپورہ کے سانکلی اسٹریٹ اور اطراف کے کئی علاقوں میں جمعرات کی نصف شب سے بجلی منقطع ہونے سے شدید گرمی میں لوگوں کو اندھیرے میں رات اوردن گزارنا پڑا۔ بجلی نہ ہونے سے پانی بھرنے میں دقت ہوئی۔ بی ایم سی اور بیسٹ کے حکام کے مطابق رمضان میں دکانوں پر اضافی روشنی کرنے اور بی ایم سی کی طرف سے ان علاقوں میں لگائی جانے والی لائٹوں سے لوڈ بڑھ گیاہے جس سے یہ مسئلہ ہو رہا ہے۔ خبر لکھے جانے تک کئی علاقوں میں بجلی بحال نہیں ہوسکی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: مسافروں کی فوری مدد اور شکایات کے ازالے کیلئے ہیلپ ڈیسک کو مزید فعال بنانے کی پہل

بدلوپورہ کی اسلامیہ منزل میں رہائش پزیر خالد شیخ کے مطابق ’’ بجلی کی آنکھ مچولی سے ہم لوگ پریشان ہوگئے ہیں۔ رمضان میں دوسری مرتبہ ایسا ہوا ہے۔ تقریباً ۱۶؍گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔ شدید گرمی سے گھر والے رات بھر سو نہیں سکے، دن میں بھی بجلی نہ ہونے سے بڑی پریشانی ہوئی۔ سمجھ میں نہیں آرہاہے کیا کیا جائے ؟ ‘‘سانکلی اسٹریٹ کی بندوق والا بلڈنگ کے مکین علی انصاری کے بقول’’ جمعرات کی نصف شب ۲؍ بجے سے منقطع ہونے والی بجلی جمعہ کی صبح ساڑھے ۱۱؍بجے بحال ہوئی تھی۔ ۲؍ گھنٹے بعد پھر سے بجلی جو گل ہوئی تو افطار تک اس کی آنکھ مچولی جاری رہی۔ کچھ علاقوں میں بجلی بحال ہوئی جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی نہ ہونے سے لوگ پریشان رہے۔ اس دوران شدید گرمی ہونے سے رات بھر گھر والے سو نہیں سکے۔ بچوں کاامتحان جاری ہے، رات میں نیند نہ ملنے سے انہیں امتحان دینے کیلئے اسکول جانے میں بڑی دشواری ہوئی۔ ‘‘انہوں نے شکایت کی کہ ’’بیسٹ حکام سے شکایت کرنے کیلئے الیکٹر ک بل پر درج موبائل نمبروں پر جمعرات کی نصف شب تقریباً ۲؍گھنٹے متواتر کوشش کی لیکن کسی بھی نمبر پر جواب نہیں ملا۔ ‘‘مدنپورہ کے ایک سماجی کارکن نے کہاکہ ’’ جمعرات کی نصف شب سے مدنپورہ کے علاوہ مومن پورہ، سات راستہ اور اطراف کے دیگر علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر ہونے سے مکینوں کو شدید تکلیف سے گزرنا پڑا جبکہ سیاسی لیڈران اور نمائندے صرف تسلی دے رہے ہیں۔ ایسے وقت میں جب رمضان المبار ک میں روزہ دار سحری اور افطاری اندھیرے میں کرنے پر مجبور ہیں ، بجلی کی بحالی کے بجائے ایسے عذر پیش کئے جا رہے ہیں جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK