پرجافائونڈیشن کی رپورٹ کےمطابق کووڈ۱۹؍ کے بعد بی ایم سی کے اسکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہواہے جبکہ تعداد کو مستحکم رکھنے، انگریزی کے مقابلے دیگر میڈیم کے اسکولوں میں طلبہ کے داخلے کی شرح میں اضافہ کرنے اور ڈراپ آئوٹ کو روکنے کیلئے مزید کوشش کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
پرجا فاؤنڈیشن کے عہدیداران میونسپل اسکولوں سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
غیر سرکاری تنظیم ’پرجا فائونڈیشن ‘ نے جمعہ کو مراٹھی پترکار سنگھ میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں شہر ومضافات کے میونسپل اسکولوں کی تعلیمی کارکردگی پر مبنی ایک رپورٹ پیش کی۔ اس پریس کانفرنس میں سابق میونسپل کمشنر سیتارام کُنٹے، ایڈیشنل میونسپل کمشنر اویناش ڈھاکنے، ڈپٹی میونسپل کمشنر(ایجوکیشن ) پراچی جامبھیکر اور پرجا فائونڈیشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق کووڈ ۱۹؍سے قبل ۲۰-۲۰۱۹ء میں بی ایم سی اسکولوں میں ۳۶؍ فیصد ( ۲؍لاکھ ۹۸؍ہزار ۲۱۵؍) طلبہ زیر تعلیم تھے جبکہ کووڈ۱۹؍ کے بعد ۲۲-۲۰۲۱ء میں یہ شرح بڑھ کر ۴۲؍فیصد( ۳؍لاکھ ۱۰؍ہزار ۸۵) تک پہنچ گئی جو ۲۵-۲۰۲۴ء کے آخر تک ۴۴؍ فیصد تک پہنچ کر مستحکم ہے۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طورپر بی ایم سی اسکولوں کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے لیکن کچھ شعبے مثلاً طلبہ کی تعداد کو مستحکم رکھنے، انگریزی کے مقابلہ دیگر میڈیم کے اسکولوں میں داخلے کی شرح میں اضافہ کرنے اور ڈراپ آئوٹ کو روکنے کیلئے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔
مذکورہ رپورٹ میں بی ایم سی اسکولوں کی ۱۰؍سالہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا گیا ہے جس کے تحت بی ایم سی اسکول کے جن ۱۰۰؍طلبہ نے ۱۶-۲۰۱۵ء میں اوّل جماعت میں داخلہ لیا تھا، ان میں سے ۴۸؍طلبہ ہی ۲۵-۲۰۲۴ء میں دسویں جماعت تک پہنچےہیں ، باقی ۵۲؍طلبہ نے درمیان ہی میں تعلیمی سلسلہ ترک کردیا ہے۔ اس عرصہ کے دوران مراٹھی، ہندی اور اُردو میڈیم کے بالترتیب ۳۴، ۳۹؍ اور ۳۰؍فیصد طلبہ کے داخلے کی شرح میں کمی آئی ہے جبکہ انگریزی میڈیم کے طلبہ کی شرح میں ۵۴؍فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈراپ آئوٹ کی شرح کو روکنے کیلئے متعدد قومی اسکیمیں متعارف کرائے جانے کے باوجود بی ایم سی محکمہ تعلیم اس پر قابو پانے کیلئے سسٹم نہیں لاسکا ہے۔ اس کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی ایئرپورٹ ٹرمینل ۲؍ سے مشہور سرخ قالین ہٹا دیا گیا، مسافروں کا ردعمل
اس کے علاوہ گزشتہ ۱۰؍سال میں طلبہ کی صحت کی جانچ کی شرح ۶۹؍فیصد سے ۸۲؍فیصد پر پہنچ گئی ہے۔
بی ایم سی کے ۲۷-۲۰۲۶ء کے مجموعی بجٹ ۸۰؍ہزار ۹۵۳؍ کڑور روپے میں تعلیم کیلئے ۴؍ہزار ۱۰۵؍کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔
سابق میونسپل کمشنر سیتارام کُنٹے نے پرجا فائونڈیشن کی رپورٹ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ شہری انتظامیہ طلبہ کی پڑھائی کیلئے جوکام کر رہا ہے، اس کی صحیح رپورٹ کا اندازہ اس طرح کے اداروں کی معرفت سامنے آنےوالی رپورٹ سے زیادہ واضح ہوتا ہے۔ پرجا فائونڈیشن نے جو رپورٹ پیش کی ہے، وہ بی ایم سی محکمہ تعلیم کیلئے اطمینان بخش ہے اور جن کمیوں کی جانب متوجہ کیا گیا ہے، اس پر کام کرنےکی ضرورت ہے۔ اُمید ہےکہ بی ایم سی محکمہ تعلیم ان کمیوں کو دور کرنے کی بھرپور کوشش کرےگی۔ ‘‘
پرجا فائونڈیشن کی رپورٹ میں جن کمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، ایڈیشنل میونسپل کمشنر اویناش ڈھاکنےاور ڈپٹی میونسپل کمشنر پراچی جامبھیکر نے بھی انہیں دور کرنے کایقین دلایا اور کہاکہ آئندہ سال پرجا فائونڈیشن کی رپورٹ بتائی گئی کمیوں میں بہتری کی رپورٹ سامنے آئے گی، ایسی اُمید ہے۔