محکمہ شہری رسدوخوراک کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی یقین دہانی۔
EPAPER
Updated: March 14, 2026, 11:57 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
محکمہ شہری رسدوخوراک کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی یقین دہانی۔
ایران- امریکہ -اسرائیل جنگ کے دوران تیل اور گیس کی سپلائی متاثر ہونے کی خبریں گشت کر رہی ہیں جس سے عوام خوفزدہ ہیں اور رسوئی گیس حاصل کرنے کیلئے تگ و دو کر رہے ہیں۔ ان حالات کے پیش نظر محکمہ شہری رسدوخوراک کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری انل ڈگیکر نے جمعہ کو یہ اعلان کیاکہ ریاست میں گھریلو ایل پی جی کی کوئی کمی نہیں ہے۔ متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست بھر میں ایل پی جی کی ہموار سپلائی کو یقینی بنانے اوراسے کنٹرول کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔ اس لئے عوام کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گھریلو استعمال کیلئے پائپڈ نیچرل گیس(پی این جی )کا وافر ذخیرہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ گیس سلنڈروں کی ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ رسدوخوراک اور سول سپلائز نے ریاست بھر میں کنٹرول روم اور ضلعی سطح کی کمیٹیاں قائم کی ہیں ۔ پچھلے ۶؍مہینوں کے مقابلے زیادہ گھریلو گیس سلنڈر دستیاب ہیں۔ ضروری خدمات کو ایل پی جی کی فراہمی پر ترجیح دی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹی ایم سی کے صدر دفتر میں نہا کر کارپوریٹر کا پانی کی قلت کیخلاف احتجاج
ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر میں روزانہ اوسطاً تقریباً۹؍ ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کا استعمال ہوتا ہے۔ اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ریفائنری میں ایل پی جی کی پیداوار میں اضافہ کیا گیا ہے اور گزشتہ ۲؍دن میں روزانہ پیداوار۹؍ ہزار میٹرک ٹن سے بڑھا کر۱۱؍ہزار میٹرک ٹن کر دی گئی ہے۔ لہٰذا یہ واضح کیا گیا ہے کہ ریاست میں گھریلو ایل پی جی کی کوئی کمی نہیں ہے۔ گھریلو گیس کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے کافی پیداوار اور ذخیرہ دستیاب ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہےکہ کمشریل ایل پی جی کے معاملے میں مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق ترجیحات طے کی گئی ہیں جس کے مطابق، اسپتالوں، اسکولوں میں دوپہر کے کھانے کی اسکیموں، سرکاری آشرم اسکولوں، کمیونٹی کچن اور سرکاری اسکولوں اور کالجوں کے میس جیسی ضروری خدمات کو ترجیح دی جارہی ہے۔