تمام دلائل سننے کے بعد عدالت نے ممتا بنرجی کے بھتیجے کے دفتر کو آئندہ ۱۸؍ ستمبر تک منہدم نہ کرنے کا حکم دیا ، آئندہ سماعت ۸؍ ستمبر کو۔
EPAPER
Updated: August 21, 2026, 3:38 PM IST | Agency | Kolkata
تمام دلائل سننے کے بعد عدالت نے ممتا بنرجی کے بھتیجے کے دفتر کو آئندہ ۱۸؍ ستمبر تک منہدم نہ کرنے کا حکم دیا ، آئندہ سماعت ۸؍ ستمبر کو۔
کلکتہ ہائی کورٹ نے جمعرات کو جنوبی ۲۴؍ پرگنہ کے امتلا میں ترنمول کانگریس کے رہنما ابھیشیک بنرجی کے پارٹی دفتر کو منہدم کرنے پر عائد عبوری روک کی مدت میں توسیع کر دی۔عدالت نے کہا کہ ۱۸؍ ستمبر تک دفتر کو منہدم نہیں کیا جا سکتا۔ اس معاملے کی اگلی سماعت ۸؍ ستمبر کو ہوگی۔ یہ روک ۱۷؍ مئی کو سوشانت منڈل کی شکایت کے بعد لگائی گئی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ دفتر کی تعمیر غیر قانونی ہے۔ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے انتظامیہ نے اس تعمیر کے خلاف اقدامات شروع کر دیئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے:جھارکھنڈ : منتخب امیدواروں کا پروجیکٹ بھون کی طرف مارچ
انتظامیہ نے ۱۸؍ جولائی کو دفتر کا ایک حصہ منہدم کر دیا تھا اور اگلے روز مزید انہدامی کارروائی شروع کی گئی تھی۔ اس کے بعد ہائی کورٹ نے اتوار کو خصوصی سماعت کرتے ہوئے انہدامی کارروائی پر روک لگا دی تھی۔ جسٹس شُبھرا گھوش نے جمعرات کو اس معاملے کی سماعت کی۔ابھیشیک بنرجی کی کمپنی لیپس اینڈ باؤنڈز کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کشور دتہ نے دلیل دی کہ غیر قانونی تعمیر کا الزام پلاٹ نمبر ۵۰۹؍ اور ۵۱۲؍ سے متعلق تھا، جبکہ انہدامی کارروائی پلاٹ نمبر ۵۰۷؍ پر کی گئی، جہاں ان کے موکل کا دفتر واقع ہے۔ انہوں نے انہدامی کارروائی کیلئے مناسب معاوضے کا بھی مطالبہ کیا۔ دتہ نے اس سے قبل عدالت کو بتایا تھا کہ انہدامی کارروائی سے پہلے مالک کو کوئی نوٹس نہیں دیا گیا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکام نے شکایت کی معلومات یا وہ دستاویزات بھی فراہم نہیں کیں جن کی بنیاد پر تعمیر کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔ وکیل نے دلیل دی کہ مالک کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیئے بغیر ہی انہدامی کارروائی شروع کر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غیر قانونی تعمیر ہوئی بھی تھی تو مالک کو پہلے اسے خود ہٹانے کا موقع دیا جانا چاہئے تھا۔
یہ بھی پڑھئے:خستہ حال روڈ کے خلاف احتجاج کرنے والے بچوں کےساتھ پولیس کی بدسلوکی
ریاستی حکومت کی جانب سے جمعرات کی سماعت کے دوران ایڈوکیٹ جنرل سُرجیت ناتھ مترا پیش ہوئے اور ریاست کا موقف رکھنے کیلئے مزید وقت طلب کیا۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ حکومت کو سماعت کی تیاری کیلئے مناسب وقت دیا جائے۔دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد جسٹس گھوش نے انہدامی کارروائی پر عائد عبوری روک کی مدت میں توسیع کر دی اور حکام کو ۱۸؍ ستمبر تک امتلا میں بنرجی کے دفتر کو منہدم کرنے سے روک دیا۔یاد رہے کہ ریاست میں بی جے پی حکومت آنے کے بعد سے ممتا بنرجی کے قریبی افراد پر کارروائی جاری ہے۔