Updated: February 28, 2026, 2:56 PM IST
| Mumbai
ایئرپورٹ کی سیکوریٹی اور قریبی علاقوں میں ۳؍ مساجد موجود ہونے کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے پرعدالت نے واضح کیا کہ وہ سیکوریٹی پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو نہیں کہہ رہی ہے بلکہ صرف یہ چاہتی ہے کہ رمضان کے محدود عرصے کیلئے ایسا مقام تلاش کیا جائے جہاں سیکوریٹی مسائل پیدا نہ ہوں۔
بامبے ہائی کورٹ۔ تصویر: آئی این این۔
ریاستی حکومت نے بامبے ہائی کورٹ کو بتایا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمنل کے قریب واقع عارضی شیڈ میں آٹو رکشا، ٹیکسی اور اولا اوبر ڈرائیوروں کو نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ یہ علاقہ ہائی سیکوریٹی زون ہے اور اس سے حفاظتی انتظامات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، چاہے رمضان المبارک ہی کیوں نہ جاری ہو۔ تاہم جسٹس برجیس قلابہ والا اور جسٹس فردوس پونے والا پر مشتمل ڈویژن بنچ نے حکومت اور ایم ایم آر ڈی اے کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ قریبی علاقے میں کوئی متبادل مقام فراہم کیا جا سکتا ہے تاکہ ڈرائیور اور مسافر کم از کم رمضان کے دوران نماز ادا کر سکیں۔
ایئرپورٹ کی سیکوریٹی اور قریبی علاقوں میں ۳؍ مساجد موجود ہونے کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے پرعدالت نے واضح کیا کہ وہ سیکوریٹی پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو نہیں کہہ رہی ہے بلکہ صرف یہ چاہتی ہے کہ رمضان کے محدود عرصے کیلئے ایسا مقام تلاش کیا جائے جہاں سیکوریٹی مسائل پیدا نہ ہوں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ رمضان کے بعد عارضی انتظام ختم کر کے زمین کو پہلے کی حالت میں واپس کیا جا سکتا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کہا گیاتھا کہ جب قریب میں مساجد موجود ہیں تو ڈرائیور وہاں اپنی گاڑیوں کے ذریعے بھی جا سکتے ہیں۔