Inquilab Logo

نواز شریف نے حکومت اور عوام کو دھوکا دیا ہے : عدالت

Updated: October 01, 2020, 11:59 AM IST | Agency | Islamabad

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے ایک دفعہ پھر گرفتاری کا وارنٹ وصول کرنے سے انکار کردیا ہے

Nawaz Sharif - PIC : INN
نواز شریف ۔ تصویر : آئی این این

 ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے ایک دفعہ پھر گرفتاری کا وارنٹ وصول کرنے سے انکار کردیا  ہے،تو عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نوازشریف حکومت اور عوام کو دھوکہ دے کر لندن گئے ہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کی جانب سے  بدھ کو رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم  نے ایک دفعہ پھر وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے وارنٹ کی تعمیل کیلئے دوبارہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ گئے تاہم  ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پر موجود شخص نے یہ  وارنٹ وصول کرنے سے انکار کردیا۔
 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوازشریف کے  خلاف وارنٹ کی قونصل اتاشی کے ذریعے پھر تعمیل نہ ہو سکی، قونصل اتاشی حسن نواز کے سیکریٹری وقاراحمد کے فون کرنے اور درخواست پر دوبارہ وارنٹ لے کر گئے لیکن کسی نے وارنٹ وصول نہیں کیا۔ ذاتی حیثیت میں پہلی بار جانے پر بھی اتاشی سے کسی نے وارنٹ وصول نہیں کیا تھا۔جسٹس محسن اختر کیانی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حوالے سے سخت ریمارکس میں کہا کہ ملزم حکومت اور عوام کو دھوکہ دے کر لندن گیا ہے، اور لندن میں بیٹھ کر عوام اور حکومت پر ہنستا ہوگا، کل نواز شریف واپس آکر یہ نہیں کہہ سکتے کہ مجھے وارنٹ کا علم نہیں تھا۔ ان کا بیرون ملک جانا پورے نظام کی تضحیک ہے۔ عدالت نے وزارت خارجہ  اور سفارتخانوں کے ذریعے نئے اقدامات کا حکم جاری کرنے کے بعد سماعت ملتوی کردی۔ مقدمے کی اگلی سماعت ۷؍ اکتوبر کو ہوگی۔ واضح رہے کہ مذکورہ سماعت نواز شریف کے العزیزیہ ریفرنس کیس میں ہو رہی تھی۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK