Inquilab Logo

تیجس ایکسپریس شروع،عام مسافر نظر انداز، پرائیویٹ ٹرینوں پر توجہ دینےپر تنقید

Updated: October 18, 2020, 9:05 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سی پی آئی نے کہا ’’ پیوش گوئل کو عام مسافروں کی پریشانیوں کی فکر نہیں، وہ تیجس شروع کئے جانے پر ٹویٹ کرکے پرائیویٹ کمپنیوں اور اونچے طبقے کی دلالی کررہے ہیں‘‘

Tejas Express
تیجس ایکسپریس میں سوارکرنے سے قبل مسافروںکی جانچ کی جارہی ہے

ملک کی پہلی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ممبئی احمد آباد تیجس ایکسپریس سنیچر سے شروع کی گئی اور ۳؍بجکر ۳۵؍منٹ پر ممبئی سینٹرل ریلوے اسٹیشن سے احمدآباد کے لئے روانہ کی گئی ۔تقریباً  پونے ۷؍ ماہ بعد یہ ٹرین شروع کی گئی اور پہلےسفرمیں  ۲۱۱؍مسافر ممبئی سے احمد آباد روانہ ہوئے۔تیجس کے شروع کئے جانے پر مسافروں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے ان کو سہولت ہوگی اور وہ کم وقت میں‌ احمد آباد پہنچ سکیں گے۔ مرکزی وزیر ریل پیوش گوئل نے تیجس ایکسپریس  شروع کئے جانے پر ٹویٹ کرکے  اطلاع دی اور اپنے انداز میں خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ۔
سی پی آئی لیڈر کی وزیر ریل پر سخت تنقید
  سی پی آئی ممبئی کے جنرل سیکریٹری پرکاش ریڈی نے پیوش گوئل کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ عام مسافروں کی پریشانیوں کی انہیں کوئی فکر نہیں ہے ۔ریاستی حکومت کی جانب سے ۱۷؍اکتوبر سے خاتون مسافروں کو لوکل ٹرینوں میں سفر کی سہولت کے لئے خط‌دیا گیا تو انہوں نے اجازت دینے سےانکار کردیا اور وہ خط ریلوے بورڈ کو بھیج دیا اور اب مہلت مانگ کر مشورہ کررہے ہیں ۔دراصل پیوش گوئل پرائیویٹ کمپنیوں اور اونچے طبقے کی دلالی کررہے ہیں اور وہ نجکاری کو بڑھاوا دینے میں مصروف ہیں۔
 پرکاش ریڈی نے تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عام مسافر ۴؍گھنٹے سفر کی صعوبت جھیل رہا ہے، وہ طویل قطاروں میں کھڑا ہونے پر مجبور ہے ، سفر کے نام پر اس کی جیب خالی ہورہی ہے لیکن انہیں یہ نظر نہیں آرہا ہے اور عام مسافروں کو کوئی راحت نہیں دی جارہی ہے ۔اس کے برخلاف نجکاری کے ذریعے سرکاری اداروں کو بیچا جارہا ہے اور پیوش گوئل اس کام میں لگے ہوئے ہیں۔پرکاش ریڈی نے یہ بھی کہا کہ ریلوے انتظامیہ بار بار یہ دعویٰ کرتا رہا ہے کہ وہ لوکل ٹرینیں چلانے کے لئے تیار بیٹھا ہے ،صرف ریاستی حکومت کے حکم‌کا‌انتظار ہے ، تو‌ اب کیا ہوگیا اور کیوں آنا‌کانی کی جا رہی ہے ۔ یاد رہے کہ تیجس ایکسپریس کو پرائیویٹ ایجنسی کے ذریعے چلایا جارہا ہے ۔اس کے علاوہ ۱۵۰؍سے زائد ٹرینیں ایسی ہیں جنہیں پرائیویٹ کمپنیوں کو دیا گیا ہے ۔ 
کووِڈ کے سبب خصوصی انتظامات 
 کووِڈ۱۹؍ کے سبب مسافروں کو احتیاطی تدابیر اور ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کو کہا گیا ہے ۔اس تعلق سے آئی آر سی ٹی سی کے پی آر او پناکن مورانی نے نمائندۂ  انقلاب کو بتایا کہ اس ٹرین میں ۷۰۰؍ مسافروں کی گنجائش ہے لیکن سفر میں بھی سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے لئے محض ۳۱۲؍مسافروں کے لئے ہی نظم کیا جارہا ہے اور پہلی ٹرپ میں ۲۱۱؍مسافر ممبئی  سے روانہ ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ سینی ٹائزیشن اور دیگر احتیاط پر مکمل عمل کیا جارہا ہے اور مسافروں کو بھی اس کا پابند بنایا جارہا ہے ۔اس کے علاوہ ممبئی سینٹرل  احمد آباد ڈبل ڈیکر اے سی بھی سنیچر ۱۷؍اکتوبر سے شروع کردی گئی ہے جس سے مسافروں کو تہواروں کے موسم میں‌مزید سہولت ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK