Inquilab Logo

بی جے پی حکومت پر تنقید آکاش آنند کو بھاری پڑا، معاملہ درج

Updated: April 30, 2024, 12:17 PM IST | Agency | Lucknow

مایاوتی کے بھتیجے نے ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ بلڈوزر کی نہیں، دہشت گردوں کی سرکار ہے جس نے عوام کو غلام بنا رکھا ہے۔

Akash Anand. Photo: INN
آکاش آنند۔ تصویر : آئی این این

بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی کے بھتیجے آکاش آنند کو بی جے پی پر تنقید بھاری پڑی ہے۔ ان کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کی حکومت کوآئینہ دکھاتے ہوئے اسے دہشت گردوں کی حکومت قرا ر دیا تھا۔ اتر پردیش کے سیتا پور میں بی ایس پی امیدوار مہندر یادو کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ الزام عائد کیا تھا۔ بی ایس پی کے نیشنل کوآرڈینیٹر آکاش آنند نےکہا تھا کہ بی جے پی حکومت بلڈوزر کی نہیں بلکہ دہشت گردوں کی حکومت ہے۔ اس حکومت نے ملک کے عوام کو غلام بنا رکھا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس حکومت کو ہٹایا جائے اور مایاوتی کو وزیر اعظم بنانے کیلئے ووٹ دیا جائے۔ 
 حکومت کی کارروائی سے خوف زدہ ہوئے بغیرانہوں نے اپنی بات دہرائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے سابقہ موقف پرقائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ `اگر الیکشن کمیشن کو لگتا ہے کہ میں نے اس حکومت کا دہشت گردوں سے موازنہ کر کے غلط کیا ہے تو وہ زمین پر اتر کر دیکھیں، ہر گاؤں میں جا کر معلوم کریں کہ ہماری بہنیں، بیٹیاں، نوجوان اور عوام کس حال میں ہیں ؟ وہ خود سمجھ جائیں گے کہ میں نے جو کہا ہے وہ غلط نہیں ہے بلکہ بالکل سچ ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: لالو یادو کی عوام سے اپیل، آئین کو بچانے کیلئے آپ تمام کی شرکت ضروری ہے

بی جے پی نے بی جے پی حکومت کو دہشت گرد قرار دینے پر آکاش آنند کے خلاف سیتا پور میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ آکاش آنند کے خلاف تھانے میں تشدد بھڑکانے اور تقریر میں اشتعال انگیز زبان استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سیتا پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ چکریش مشرا نے بتایا کہ کوتوالی نگر تھانہ علاقہ کے تحت انتخابی ریلی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر آکاش آنند سمیت بی ایس پی کے ۵؍ دیگر لیڈروں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ خیا ل رہے کہ آکاش آنند کے خلاف یہ پہلا مجرمانہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔ 
 آکاش آنند کے اس بیان پر بی جے پی کی جانب سے جوابی حملہ کیا گیا ہے۔ یوپی بی جے پی کے ریاستی ترجمان راکیش ترپاٹھی نے کہا کہ آکاش آنند بی ایس پی میں خاندانی نظام کا نیا پودا ہیں۔ وہ جان بوجھ کر میڈیا میں زیادہ سے زیادہ سرخیاں حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی لئے وہ آئےدن متنازع بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کے بارے میں جو تبصرہ کیا ہے وہ انہیں مہنگا پڑے گا۔ اس کا خمیازہ انہیں نہ صرف الیکشن کمیشن بلکہ عوامی عدالت میں بھی بھگتنا پڑے گا۔ خیال رہے کہ ان دنوں آکاش آنند کھل کر بی جے پی کے خلاف بول رہے ہیں اور بی جے پی حکومت کو آئینہ دکھا رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK