ایک بٹالین آسام اور دوسری مغربی بنگال سے منی پور بھیجی جائے گی۔
کوبرا کمانڈوز خصوصی طورپر تربیت یافتہ ہوتے ہیں۔ تصویر:آئی این این
منی پور میں جاری کشیدگی اور سیکوریٹی چیلنجز کے درمیان مرکزی حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے ریاست میں سی آر پی ایف کی خصوصی ’کوبرا‘ بٹالین کی۲؍ یونٹ تعینات کرنے کو منظوری دے دی ہے۔ مئی۲۰۲۳ء میں تشدد شروع ہونے کے بعد پہلی بار کوبرا بٹالین کو منی پور بھیجا جا رہا ہے۔ نیوز پورٹل ’ٹی وی۹؍ بھارت ورش‘ پر ذرائع کے حوالے سے شائع خبر کے مطابق ایک بٹالین آسام اور دوسری مغربی بنگال سے منی پور بھیجی جائے گی۔ سی آر پی ایف کی تجویز پر غور و خوض کرنے کے بعد وزارت داخلہ نے اس تعیناتی کو منظوری دی ہے۔
منی پور کے دور دراز اور گھنے جنگل والے علاقوں میں سیکوریٹی مہم چلانے کیلئے کوبرا بٹالین کی خاص ٹریننگ کافی مددگار ثابت ہوگی۔ کوبرا یعنی ’کمانڈو بٹالین فار ریزولوٹ ایکشن‘۲۰۰۸ء میں تشکیل دی گئی تھی۔ یہ سی آر پی ایف کی ایک خصوصی کمانڈو یونٹ ہے جسے جنگل کی جنگ، گوریلا آپریشن، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی اور دور دراز علاقوں میں مہم چلانے کیلئے تربیت یافتہ ہوتی ہے۔افسران کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے سی آر پی ایف کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس تجویز کے مطاق ریاست میں آپریشن کیلئے کوبرا کی۲۰۷؍ویں یونٹ (مغربی بنگال سے) اور۲۱۰؍ویں یونٹ (آسام سے) تعینات کی جائیں گی۔ توقع ہے کہ آنے والے ہفتوں میں یہ دونوں یونٹ منی پور پہنچ جائیں گی۔ یہاں وہ تشدد میں شامل مسلح گروہوں کے خلاف ہدف پر مبنی مہم چلائیں گی۔واضح رہے کہ سی آر پی ایف کی طرف سے تشکیل شدہ کوبرا کو کئی ریاستوں میں بائیں بازو کی انتہا پسندی اور شمال مشرق کے کچھ حصوں میں جاری بغاوت سے نمٹنے کا کام سونپا گیا تھا۔