Inquilab Logo Happiest Places to Work

خام تیل سستا ہو گیا ہے ، اب عوام کو بھی مہنگائی سے راحت ملنی چاہئے : کانگریس

Updated: June 19, 2026, 10:20 AM IST | Agency | New Delhi

عالمی بازار میں خام تیل کی قیمت ۸۰؍ ڈالر فی بیرل سے نیچے آنے کے باوجود حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری کمی کے امکانات مسترد کردئیے ہیں جس پر کانگریس نے اسے عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیا ہے۔

Crude Oil.Photo:INN
خام تیل۔ تصویر:آئی این این
عالمی بازار میں خام تیل کی قیمت ۸۰؍ ڈالر فی بیرل سے نیچے آنے کے باوجود حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری کمی کے امکانات مسترد کردئیے ہیں جس پر کانگریس نے اسے عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیا ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ اب چونکہ خام تیل کی قیمت عالمی بازار میں ۸۰؍ ڈالرس فی بیرل کے نیچے آگئی ہے اس لئے  عوام کو بھی فوری طور پر راحت ملنی چاہئے۔
 
 
کانگریس پارٹی نے پیٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر ایندھن کی قیمتوں میں کوئی راحت نہ ملنے پر کانگریس نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ حکومت خام تیل مہنگا ہونے پر قیمتوں میں اضافہ تو کر دیتی ہے لیکن قیمتوں میں کمی آنے کے باوجود عوام کو اس کا فائدہ نہیں پہنچایا جاتا۔کانگریس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’مہنگائی مین مودی‘ نے خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا حوالہ دے کر  پیٹرول، ڈیزل، سی این جی اور گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا لیکن اب جبکہ خام تیل کی قیمت ۸۰؍ ڈالر فی بیرل سے نیچے آ چکی ہے، حکومت عوام کو کوئی راحت نہیں  دے رہی ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ جو چیز ایک بار مہنگی ہو جائے وہ دوبارہ سستی نہیں ہوتی اور نہ کی جانی چاہئے۔ کانگریس کے مطابق حکومت عوام سے  وصولی کر رہی ہے اور اس کا فائدہ اپنے امیر دوستوں کو پہنچا رہی ہے۔واضح رہے کہ مرکزی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم سریش گوپی نے  فی الحال کسی بھی راحت سے انکار کیا ہے  اور اس پر کانگریس نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
 
 
سونے کی قیمت میں بڑی گراوٹ ، ڈیڑھ لاکھ کے نیچے 
نئی دہلی (ایجنسی):ہندوستانی صرافہ بازار میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کی صبح انڈیا بلین اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن  ویب سائٹ پر جاری تازہ نرخ کے مطابق ان دھاتوں کی قیمتوں میں کمی درج کی گئی ہے، جس سے خریداروں کو کسی حد تک راحت ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق ۲۴؍ قیراط خالص سونے کی قیمت ۱۰؍ گرام کے  لئے ڈیڑھ لاکھ روپے سے نیچے آگئی  جبکہ چاندی کی قیمت میں بھی کمی درج کی گئی ہے۔ یہ ۲؍ لاکھ ۴۴؍ ہزار روپے فی کلو فروخت ہوئی ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران امریکہ جنگ بند ہونے کے بعد عالمی غیر یقینی کم ہوئی ہے ۔ اسی وجہ سے خام تیل کے دام کے ساتھ ساتھ سونے اور چاندی کے دام میں بھی گراوٹ درج کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK