وزیرریل نے ری ڈیولپمنٹ کیلئے کابینہ کی منظوری سے مطلع کیا جبکہ دیگر منصوبوں کا اعادہ کیا ۔ لوکل ٹرینوں کو دیگر ذرائع سفر سے مربوط کیا جائے گا
EPAPER
Updated: October 10, 2022, 11:25 AM IST | Saeed Ahmed Khan | CSMT
وزیرریل نے ری ڈیولپمنٹ کیلئے کابینہ کی منظوری سے مطلع کیا جبکہ دیگر منصوبوں کا اعادہ کیا ۔ لوکل ٹرینوں کو دیگر ذرائع سفر سے مربوط کیا جائے گا
آنے والے چند برسوں میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی) پر ایئر پورٹ طرزکی سہولتیں مسافرو ںکومیسرآئیں گی ۔اس سمت کام شروع کردیا گیاہے۔اس میںمزیدتیزی لانے کیلئے وزیرریل اشونی ویشنو نے یہ اطلاع دی کہ ری ڈیولپمنٹ کیلئے مرکزی کابینہ کی منظوری حاصل ہوگئی ہے۔ اس ضمن میںانہوںنے جن دیگر منصوبوں کا اعادہ کیا اسے تو کئی ماہ قبل ہی منظور کیا جاچکا ہے ۔اسی طرح نئے منصوبے کے تحت لوکل ٹرینوں کو فٹ اووربریج اورسب وے کی مدد سے دیگر ذرائع سفر سےاس طرح مربوط کیا جائے گاکہ سی ایس ایم ٹی سے اگر مسافر میٹرو میں سوار ہوناچاہے توبغیرباہر جائے یہیں سے اسےیہ سہولت حاصل ہو سکے۔ ایک اہم بات یہ ہےکہ سی ایس ایم ٹی اسٹیشن ہیریٹیج بلڈنگ میںشامل ہے اس لئےکسی قسم کی ترمیم یا تبدیلی کے لئے اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔ چنانچہ مہاراشٹر ہیریٹیج کنزرویٹیو کمیٹی (ایم ایچ سی سی )سے چند ماہ قبل ہی اجازت حاصل کی جاچکی ہے۔ اسی طرح آنے والے وقتوںمیں سی ایس ایم ٹی پرمسافروں کو جوسہولتیں میسرآئیںگی ان میں شاپنگ مال، کھانے پینے کاعمدہ نظم کے علاوہ کمرشیل ونان کمرشیل کا پوراعلاقہ تقریباً ۲؍لاکھ ۵۴؍ ہز ار میٹر پرمحیط ہوگا ۔ اس کی تزئین اورتجدید پر۱۶۴۲؍ کروڑروپے کے صرفے کا اندازہ ہے جو دلچسپی رکھنے والی ایجنسیوں کے توسط سے کیا جائے گا اورری ڈیولپمنٹ کے بعد اس اسٹیشن کی نگرانی کے لئے ۲۷؍سال کی لیز پردیا جائے گا تاکہ ریلوے کی کمائی میںمزید اضافہ ہو۔ اس کے علاوہ ملک کے طول وعرض میں ۱۹۹؍ ریلو ے اسٹیشن ایسے ہیں جن کے ری ڈیولپمنٹ کے لئے منظوری دی گئی ہے۔