اُمیدوار اب کوئی اعتراض نہیں کر سکیں گے اورجوابی فہرست دیکھ کر نمبرمعلوم کرسکتے ہیں ۔اُردو کے ۱۲؍سوالات میں غلطی سے انہیں بھی منسوخ کر دیا گیا۔
’ٹی ای ٹی‘ میں شریک امیدواروں کی تعداد میں اس مرتبہ اضافہ ہوا۔ تصویر: آئی این این
مہاراشٹراسٹیٹ ایگزامنیشن کونسل(ایم ایس ای سی ) نے ’ٹی ای ٹی‘ کے کچھ سوالات میں پرنٹنگ کی غلطی ہونے سے ان سوالات کو منسوخ کرکے امتحان میں پاس ہونے کی شرح کو تبدیل کرنےکے حتمی جوابی فہرست جاری کردی ہے۔ اُمیدوار اب کوئی اعتراض نہیں کر سکیں گے۔اُمیدوار اس جوابی فہرست کو دیکھ کر معلوم کرسکتے ہیں کہ انہیں کتنے نمبر ملےہیں۔اُردو کے ۱۲؍سوالات میں غلطی ہونے سے انہیں بھی منسوخ کر دیا گیا ہے ۔
ایم ایس ای سی نے ۲۳؍ نومبر ۲۰۲۵ءکو ہونے والے ٹیچر اہلیتی ٹیسٹ یعنی ٹی ای ٹی کی حتمی جوابی فہرست جاری کر دی ہے۔ جن سوالات میں پرنٹنگ کی غلطی ہوئی تھی ، انہیں ایم ایس ای سی نے منسوخ کر دیا ہے۔ مراٹھی میڈیم کے پیپر نمبر دو میں اختیاری مضمون ریاضی اور سائنس سے بنیادی طور پر ۴؍ سوالات اور اُردو اورکنڑ میڈیم کے ۱۲، ۱۲؍ سوالات کو منسوخ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان میڈیم کے اُمیدوارو ں کے کامیاب ہونے کی شرح بدل گئی ہے۔
ایم ایس ای سی نے حال ہی میں ’ٹی ای ٹی ‘ کی حتمی جوابی فہرست جاری کی ہے۔ اس جوابی فہرست کے بعد امیدوار اب کوئی اعتراض نہیں کر سکیں گے۔ امیدوار حتمی جوابی فہرست کو دیکھ کر معلوم کرسکتے ہیں کہ انہیں کتنے نمبر ملے جس سے متعلقہ امیدواروں کو معلوم ہوگا کہ وہ پاس ہوئے ہیں یا نہیں۔ پرنٹنگ کی غلطی کی وجہ سے کچھ سوالات منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ ایم ایس ای سی کے ذریعہ شائع کردہ جواب کے اشارے میں علامت کے ساتھ کچھ سوالات منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ اس میں بنیادی طور پر کلاس ساتویں تا آٹھویں کے اساتذہ کیلئے سوشل سائنس کے مضمون کے ساتھ پرچہ نمبر ۲؍ میں اختیاری مضمون ریاضی اور سائنس کے سوالات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔مراٹھی اورانگلش میڈیم کےریاضی اور سائنس کے مضامین کے امتحانات کے سوال نمبر۹۵، ۱۰۲، ۱۱۱؍ اور ۱۱۹؍ منسوخ کردیئے گئےہیں۔یہ سوالات بالترتیب سی، بی، اے اور ڈی سیٹ کوڈز میں ہیں۔
اردو میڈیم کے ریاضی اور سائنس کے مضامین کے سوالیہ پرچے میں کل آٹھ سوالات منسوخ کئے گئے ہیں۔ ان میں سوالات نمبر ۱۰، ۲۱، ۲۶، ۹۵، ۱۰۲، ۱۱۱؍اور ۱۱۹؍ شامل ہیںاورسوشل سائنس کے ۴؍ سوالات ۱۲۱ ، ۱۲۶، ۱۳۱؍اور ۱۴۶؍منسوخ کردیئے گئے ہیں۔کنڑ اورتیلگو میڈیم کے سوالات کوبھی منسوخ کیا گیا ہے۔
ایم ایس ای سی کی کمشنر ڈاکٹر انورادھا اوک کےمطابق حتمی جوابی فہرست ریاستی امتحانی کونسل کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے اور امتحان کےباقاعدہ نتائج جلد از جلد شائع کئے جائیں گے۔
واضح رہےکہ ’ٹی ای ٹی ‘ ایم ایس ای سی نے نومبر ۲۰۲۵ءمیں لیا تھا۔ اس امتحان کی عبوری جوابی فہرست ۱۹؍دسمبر کو شائع کی گئی تھی۔ اس پر اعتراضات بھی ۲۷؍دسمبر تک طلب کئے گئے تھے۔ موصولہ اعتراضات پر مضامین کے ماہرین سے رائے لینے کے بعد حتمی جوابی فہرست تیار کی گئی ہے۔ حتمی جوابات کی فہرست کے بارے میں کوئی نمائندگی یا اعتراض قبول نہیں کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ نے ریاست کے تمام اساتذہ کیلئے ’ٹی ای ٹی‘ کو لازمی قرار دیا ہے جس کی وجہ سے اس مرتبہ امتحان دینے والے امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ بہت سے امیدوار ٹی ای ٹی امتحان کی جوابی فہرست کے اعلان کا انتظار کر رہے تھے۔ اسی مناسبت سے اب ٹی ای ٹی کی حتمی جوابی فہرست شائع کی گئی ہے۔ اس کے مطابق امیدواروں کیلئے یہ تصدیق کرنا ممکن ہو جائے گا کہ انھوں نے کتنے نمبر حاصل کئے ہیں۔