• Thu, 15 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’الیکشن کارڈ نہ ہونے پر دیگر۱۲؍ دستاویزات کی مدد سے بھی ووٹنگ ممکن ہے‘‘

Updated: January 15, 2026, 11:30 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی کے الیکشن آفیسرڈاکٹر بھوشن گگرانی کے مطابق ان ۱۲؍ شناختی ثبوتوں میں سے کسی ایک کو دکھانے کے بعد رائے دہندگان ووٹ دے سکتے ہیں۔

Officials are busy preparing for polling at the Korakendra in Borivali. Picture: Namish Dave
بوریولی کے کوراکیندر میں اہلکار پولنگ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ تصویر: نمیش دوے
آج ملک کی سب سے امیر بلدیہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی ) کے ساتھ ریاست کی کل ۲۹؍ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے پولنگ ہوگی۔ ایسے میں کئی ایسے ووٹرس ہیں جن کا نام ووٹر لسٹ میں تو موجود ہے لیکن انہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فوٹو الیکشن کارڈ نہیں ملا ہے۔ اس لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے  ووٹروں کیلئے یہ سہولت مہیا کرائی گئی ہے کہ وہ دیگر ۱۲؍ دستاویزات  میں سے کسی ایک کا استعمال کر کے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں ممبئی کے الیکشن آفیسر  اور میونسپل کمشنر ڈاکٹر بھوشن گگرانی نے کہا کہ ’’برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے اہل ووٹر پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹر فوٹو شناختی کارڈ دکھانے کے بعد ووٹ دے سکتے ہیں۔ اگر کسی اہل ووٹر کے پاس ووٹر فوٹو شناختی کارڈ نہیں ہے تو وہ شخص۱۴؍ جولائی ۲۰۲۵ءکے حکم نامے کے مطابق  ریاستی الیکشن کمیشن(مہاراشٹر) کے ذریعہ جاری کردہ دیگر ۱۲؍قسم کے شناختی ثبوتوں میں سے کسی ایک کو دکھانے کے بعد ووٹ دے سکتا ہے۔
ووٹر شناختی کارڈ کی عدم موجودگی میں درج ذیل ۱۲؍قسم کے دیگر ثبوت قابل قبول ہیں: 
(۱)   پاسپورٹ
(۲) آدھار کارڈ
(۳) ڈرائیونگ لائسنس
(۴)   پین کارڈ
(۵) مرکزی حکومت/ریاستی حکومت/پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگ/مقامی حکومت کی طرف سے اپنے ملازمین کو جاری کردہ تصویری شناختی کارڈ
(۶) قومی بینکوں یا پوسٹل اکاؤنٹس میں اکاؤنٹ ہولڈر کی تصویر ی پاس بک
(۷) تصویر کے ساتھ مجاز اتھاریٹی کی طرف سے جاری کردہ معذوری کا سرٹیفکیٹ
(۸) نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (منریگا  جاب) کارڈ
(۹) پنشن کے دستاویزات(مثلاً پاس بک، سرٹیفکیٹ وغیرہ) سبکدوش ملازمین یا ان کی بیواؤں/ زیر کفالت افراد کی تصویر کے ساتھ
(۱۰) لوک سبھا / راجیہ سبھا سیکریٹریٹ اور قانون ساز اسمبلی / قانون ساز کونسل سیکریٹریٹ کی طرف سے اپنے ممبروں کو جاری کردہ سرکاری شناختی کارڈ
(۱۱) مجاہدین آزادی کا تصویری شناختی کارڈ
(۱۲) وزارت محنت، حکومت کی طرف سے جاری کیا گیامرکزی صحت بیمہ اسکیم کافوٹو کارڈ ۔
پولنگ سینٹر کیسے تلاش کریں؟
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی ) کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ شہری انتظامیہ کی جانب سے سبھی ووٹروں کو ووٹر سلپ ان کے گھر پر پہنچائی جائے گی ۔ اس ووٹر سلپ میں ووٹر کانام ، ووٹر لسٹ کا نمبر اور شمار نمبر کے ساتھ ساتھ پولنگ سینٹر کا پتہ اور بوتھ نمبر درج ہوگا۔ اس یقین دہانی کے باوجود اگر کسی ووٹر کو ووٹر سلپ نہیں ملی ہے اور اسے اس کا پولنگ سینٹر اور دیگر تفصیل معلوم کرنی ہے تو وہ درج ذیل طریقے سے انہیں معلوم کر سکتا ہے:
لوکل باڈی ووٹر لسٹ و یب سائٹ:
localbodyvoterlist.  maharashtra.gov.in/
ووٹرس سروس پورٹل کی ویب سائٹ :
اس ویب سائٹ پرالیکشن کارڈنمبر اور نام کی مدد سے تلاش کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ’ مت ادھیکار ‘ موبائل ایپ کی مدد سے بھی الیکشن کارڈنمبر(جسے ای پی آئی سی یا اپیک نمبر کہا جاتا ہے) کی مدد سے اپنے پولنگ سینٹر کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ بدھ کویہ ایپ کچھ سست چل رہا تھا۔
البتہ ریاستی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ :
electoralsearch.eci.gov.in/
پر بھی یہ سہولت دستیاب ہے لیکن اس کی تفصیل اسمبلی الیکشن کی بتائی جارہی ہے۔
ووٹ ضرور کریں:ریاستی الیکشن کمشنر 
ریاستی الیکشن کمشنر دنیش واگھمارے نے رائے دہندگان کے نام ایک پیغام بھیجا ہےجس میں کہا گیا ہے کہ ’’بلدیاتی انتخابات میں بڑی تعداد میں ووٹ دے کر انہیں اپنے شہر اور شہر کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے اور جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ آپ کا ووٹ اپنے شہر کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتا ہے کیونکہ یہ انمول ہے۔ جمہوریت میں یہ آپ کا اہم حق ہے اور آپ کو اسے ووٹنگ کے ذریعے استعمال کرنا چاہئے جس کیلئے میں تمام رائے دہندگان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ  ووٹ ضروردیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK