• Wed, 03 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مراٹھامورچہ ختم ہوتے ہی سی ایس ایم ٹی علاقہ مظاہرین سے خالی

Updated: September 02, 2025, 11:57 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

منوج جرنگے کی ہدایت پر ممبئی سے روانہ ہونے لگے۔ریلوے اسٹیشن پر بھی بھیڑختم ہوگئی۔شہری انتظا میہ نے صاف صفائی شروع کردی۔ ۵؍ دن بعدشہریوں کوپریشانی سے راحت ملی

After the end of the protest at Azad Maidan for Maratha reservation, the CSMT area seems empty of protesters.
مراٹھاریزرویشن کیلئے آزادمیدان میں مورچہ ختم ہونے کے بعد سی ایس ایم ٹی علاقہ مظاہرین سے خالی نظر آرہا ہے۔

او بی سی کوٹہ سے مراٹھا ریزرویشن دینے کے مطالبے کےساتھ آزاد میدان  میں مراٹھا لیڈر منوج جرنگے پاٹل کا احتجاج منگل کو حکومت کی جانب سے یقین دہانی کے بعد ختم کر دیاگیا۔ مراٹھا ریزرویشن کیلئے تشکیل دی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے صدر اور کابینی وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے منوج جرنگے کو حکومت  کے جی آر  کی کاپی دی اور اس کے بعد شربت پلا کر ان کی بھوک ہڑتال ختم کی۔  ہڑتال ختم ہونے اور مظاہرین کے شہر سے روانہ ہونے سے ممبئی کے شہری خصوصاً ً چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی )    آمد و رفت کرنے والے مسافروںکو ۵؍ دن بعدبڑی راحت ملی اور منگل کی شام کو ریلوے اسٹیشن مظاہرین سے خالی ہو گیا  ۔
 واضح رہے کہ احتجاج ختم  کرنے کےبعد منوج جرنگے نے اپنے حامیوں سے درخواست کی کہ وہ پر امن طریقے سے ممبئی سے واپس اپنے اپنے گاؤں کیلئے روانہ ہو جائیں۔  اپنے لیڈر کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ریاست کے مختلف علاقوں سے ممبئی اور آزاد میدان آنے والے مظاہرین نے روانہ ہونا شروع کردیا۔ وہ گلال اڑاتے اور جشن مناتے ہوئے واپس ہونے لگے۔ 
 حالانکہ مراٹھا مظاہرین کے ذریعے ممبئی کے متعدد علاقوں پر سڑکیں اور ریلوے اسٹیشن پر قبضہ کر لینے سے ممبئی کے شہریوں کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جس پر بامبے ہائی کورٹ  میں پٹیشن داخل کی گئی تھی۔ اس پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے پیر کو کورٹ نے مظاہرین کے رویے پر شدید ناراضگی کااظہار کیا تھا اور انہیں سڑکیں اور ریلوے اسٹیشن خالی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ 
 منگل کی دوپہر ایک بجے جب بامبے ہائی کورٹ میں  دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو اس دوران بھی عدالت نے مظاہرین کو آزاد میدان کے اطراف کے علاقے کو خالی کرنے اور حکومت کو آزاد میدان چھوڑ کر دیگر علاقوں سے انہیں نکالنے کی ہدایت دی تھی۔
 کورٹ کی اسی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ڈپٹی پولیس کمشنر   بھاری فورس کےساتھ آزاد میدان ، بی ایم سی کے صدردفتر کے اطراف سڑکوں  اور چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس ( سی ایس ایم ٹی) کے پاس احتجاج کرنے والو ں کو وہاں سے چلے جانے کی درخواست کررہے تھے ۔ ڈی سی پی اور اعلیٰ افسر چھوٹا اسپیکر لے کر مظاہرین سے علاقہ   خالی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔ افسر نے آزاد میدان کے آفس پاس کھڑی ہوئی مظاہرین کی گاڑیوں کو بھی یہاں سے ہٹانے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد ایک  ایک کر کے گاڑیوں کاوہاں سے ہٹنے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا تھا۔
 اسی دوران برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) کی جانب سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی صفائی مہم شروع کردی گئی اور مظاہرین کے ذریعے کئے گئے کوڑا کرکٹ(پانی کی خالی بوتلیں  اور گلال  وغیرہ)اور گندگی کو صاف کیا گیا تاکہ عام شہریوں کو پریشانی نہ ہو۔
  مراٹھا ریزرویشن کے احتجاج کے پانچویں  دن بھی سیاسی پارٹیو ں کی جانب سے مظاہرین کی صحت کی جانچ اور انہیں ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK