• Sun, 07 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کے ڈی ایم سی کے موجودہ اور سابق میونسپل کمشنروں پر عدالت کی حکم عدولی کا الزام

Updated: October 06, 2025, 11:47 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

گزشتہ سال نومبر میں بامبے ہائی کورٹ نےکلیان اور ڈومبیولی میں۶۵؍ غیر قانونی عمارتوںپر کارروائی کا حکم دیا تھا لیکن کے ڈی ایم سی نے اب تک کوئی اقدام نہیں کیا

Former Municipal Commissioner Indurani Jakhar and current Municipal Commissioner Abhinav Goyal
سابق میونسپل کمشنر اندورانی جاکھڑ اور موجودہ میونسپل کمشنرابھینو گوئل

کلیان اور ڈومبیولی شہر کے مختلف علاقوں مہاریرا (مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی) کے تحت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی ۶۵ عمارتوں پر کارروائی کرنے کا حکم گزشتہ سال ۱۷ نومبر ۲۰۲۴کو بامبے ہائی کورٹ کے اُس وقت کے چیف جسٹس دیویندر کمار اُپادھیائے اور جسٹس امیت بورکر نے دیا تھا ۔ تاہم ایک سال گزر جانے کے باوجود کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن(کے ڈی ایم سی ) انتظامیہ نے ٹال مٹول کرتے ہوئے اور سیاسی دباؤ کی وجہ سے ان غیر قانونی عمارتوں پر کوئی کارروائی نہیں کی ۔اس پر عرضی گزار پاٹل نے موجودہ میونسپل کمشنر، اُس وقت کی کمشنر اور ۱۱ دیگر افسران کے خلاف عدالت کے حکم کی توہین کرنے پر ہائی کورٹ میں ایک نئی درخواست دائر کر دی ہے۔
 تفصیلات کے مطابق درخواست گزار آرکیٹیکٹ سندیپ پاٹل  نے بامبے ہائی کورٹ کے حکم کو موثر طریقہ سے نافذ کرنے کیلئے میونسپل حکام کو۳؍ مرتبہ مطلع کیا تھا ۔انہوں نے وکیل کی معرفت کے ڈی ایم سی انتظامیہ سے غیرقانونی عمارتیں تعمیر کرنے والے بلڈروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا مگر میونسپل انتظامیہ نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔اس سلسلے میں غیر قانونی عمارتوں پر کارروائی نہ کرنے سندیپ پاٹل نے عاصم کمار گپتا محکمہ شہری ترقی کے ایڈیشنل چیف سیکریٹر ی ،ڈاکٹر اندو رانی جاکھڑ اُس وقت کی میونسپل کمشنر (جو اب پال گھر کی ضلع کلکٹر ہیں) ،ابھینو گوئل موجودہ میونسپل کمشنر(کے ڈی ایم سی)، آشوتوش ڈومبرے تھانے کے پولیس کمشنر، ​آکاش باگُل ریاست کے ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے جوائنٹ ڈائریکٹر (پونے)، ڈاکٹر وسنت پربھو، (مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی)،یوگیش گوڈسے ایڈیشنل کمشنر ،اودھوت تاؤڑے، (اُس وقت کے ڈپٹی کمشنر)، سمیر بھومکر( ڈپٹی کمشنر) ان تمام سینئر افسران کے خلاف عدالتی حکم پرعمل نہ کرنے کے الزام میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔عیاں رہے کہ عدالت نے ۳؍ ماہ کی مدت کے اندر ڈومبیولی میں ۶۵؍ غیر قانونی عمارتوں پر کارروائی کرنے اور اس کی تعمیل کی رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا تھا۔ ان عمارتوں کے مکینوں کو نکالنے کیلئے پہلے مقامی پولیس کو میونسپل کارپوریشن کے ساتھ تعاون کرنا تھا۔ پھر میونسپل کارپوریشن اور پولیس کو مشترکہ طور پر ان عمارتوں کو مسمار کرنے کا حکم ہے۔ پچھلے ۱۱؍ مہینوں میں میونسپل کارپوریشن کی طرح پولیس نے بھی ان غیر قانونی عمارتوں کے معاملے میں کوئی خاص کارروائی نہیں کی۔عرضی گزار نے سوال اٹھایا ہے کہ جب وسئی، ویرار، تھانے، ممبرا اور نوی ممبئی میں ہائی کورٹ کے حکم پر شدید بارش کے دوران بھی غیر قانونی عمارتیں مسمار کر دی گئیں تو ڈومبیولی میں کارروائی کیوں ٹال دی گئی؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK