الہ آباد ہائی کورٹ میں یوپی پولیس کوپھر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا، عدالت نے ملزم پولیس اہلکاروں کو سی آر پی سی کی دفعہ ۱۹۷؍ کے تحت راحت دینے سے انکار کردیا۔
EPAPER
Updated: September 12, 2026, 11:05 AM IST | Agency | Allahabad
الہ آباد ہائی کورٹ میں یوپی پولیس کوپھر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا، عدالت نے ملزم پولیس اہلکاروں کو سی آر پی سی کی دفعہ ۱۹۷؍ کے تحت راحت دینے سے انکار کردیا۔
الٰہ آباد ہائی کورٹ نے باندہ ضلع میں پولیس حراست میں تشدد اور خواتین کے ساتھ چھیڑ خانی کے ملزم پولیس اہلکاروں کو راحت دینے سے انکار کردیا ہے۔ جسٹس مدن پال سنگھ نے کہا کہ حراست میں لئے گئے ایک وکیل، اس کی ۶۰؍سالہ بیوی اور دو نابالغ بیٹیوں کو بے رحمی سے پیٹنا اور چھیڑخانی کرنا پولیس ڈیوٹی کا حصہ نہیں جرم ہے۔ اس طرح کے تشدد کو پولیس کی ڈیوٹی کا حصہ نہیں مانا جا سکتا۔ کورٹ نے واضح کیا کہ ایسی حرکتوں کیلئے پولیس اہلکاروں کو ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ ۱۹۷؍ کے تحت استغاثہ سے قبل حکومت کی منظوری کی ڈھال نہیں ملے گی۔عدالت عالیہ نے لیڈی کانسٹیبل شیوانی جوشی اور دو دیگر کی عرضی خارج کرتے ہوئے خصوصی جج باندہ کے ۲۷؍ستمبر ۲۰۲۴ء کے حکم کو برقرار رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نیشواور اہل خانہ کو دھمکیاں، سیکوریٹی نہیں ملی
تفصیلات کے مطابق، باندہ کے ببیرو تھانہ میں ہماچل پرساد کی شکایت پر ۲۰۲۱ء میں ایڈوکیٹ کیشو پرساد یادو، ان کے بیٹوں دھنیش، یوگیندر اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔ تفتیش کے دوران سب انسپکٹر دلیپ کمار مشرا نے ملزمین کی جانب سے تفتیش میں تعاون حاصل کرنے کیلئےضابطہ فوجداری کی دفعہ ۴۱؍ اے کے تحت نوٹس جاری کیے۔ ان نوٹس کی تعمیل کرانے کیلئےچار کانسٹبلوں کو پڈری گاؤں بھیجا گیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمین اور ان کے اہل خانہ نے مبینہ طور پر پولیس کانسٹبلوں کے ساتھ گالی گلوج اور مارپیٹ کی، نوٹس پھاڑ دیے یا چھین لیے، اینٹ اور پتھر پھینکے اور مبینہ طور پر کانسٹبل سکھبیر سنگھ کا موبائل فون بھی چھین لیا۔ اس واقعے کے بعد پولیس فورس کو گاؤں بھیجا گیا۔ ۱۳؍ مئی ۲۰۲۲ء کی رات چار خواتین کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اگلے روز ایک مخبر سمیت چار مردوں کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے بعد شکایت کنندہ نے پولیس اہلکاروں پر غیر قانونی مارپیٹ، چھیڑ خانی، حراست میں تشدد، لوٹ مار اور جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کے الزامات عائد کیے۔ چند ہفتوں نے پولیس کو الہ آباد ہائی کورٹ کی سرزنش کا سامنا ہے۔