• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

طوفان اکوان کااثر، اُدیشہ اور آندھرا میں بھاری بارش

Updated: November 21, 2026, 12:42 PM IST | Agency | New Delhi

مغربی بنگال میں بھی بارش، دہلی، ہریانہ، پنجاب اور اتر پردیش میں شدید کہرے کا امکان، ادیشہ میں ۴؍ لاکھ افراد محفوظ مقامات پرمنتقل۔

The image is from the Nadia district of West Bengal, where a man is riding a bicycle while holding an umbrella. Photo: PTI
تصویر مغربی بنگال کے ضلع نادیا کی ہے جہاںایک شخص چھتری لئے ہوئے سائیکل پر جارہا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 جمعہ کی  صبح سمندری طوفان’ اکوان‘ ادیشہ اور آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا  جس کے نتیجے میںان دونوں ریاستوں میںکئی مقامات پرتیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش شروع ہوگئی۔ ریاستی حکومتوں نے کسی بھی ممکنہ آفت سے نمٹنے کیلئے وسیع انتظامات کئے ہیں۔ بھاری بارش کےسبب ادیشہ کے کئی علاقے زیر آب آگئے۔ماہرین موسمیات نے آنے والے دنوں میں ملک کے کئی حصوں میں موسم کی خراب صورتحال کی پیش گوئی کی ہے۔ طوفان کے اثرات مغربی بنگال میںبھی دیکھے جارہے ہیں اورکولکاتا میںبھی تیز بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے اس کے ساتھ ہی کئی ریاستوں میں بارش، گھن گرج کے ساتھ طوفان اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہےجبکہ دہلی، ہریانہ، پنجاب اور اتر پردیش کے کچھ حصوں میں شدیدکہرے کا بھی امکان  ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ کی روس کو علاقائی مراعات کے بدلے یوکرین کی نیٹو رکنیت کی پیشکش: رپورٹ

طوفان اکوان جمعہ کی صبح ساڑھے۷؍ اور ساڑھے۸؍ کے درمیان آندھرا پردیش اور ادیشہ کے درمیان گوپال پور ساحل سے ٹکرایا۔اس دوران  ہوا کی رفتار۷۰؍ سے۹۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ تھی ۔ طوفان کی وجہ سے ادیشہ، آندھرا پردیش اور مغربی بنگال میں شدید بارش  ہورہی ہے۔ ادیشہ میں تقریباً۴؍ لاکھ افرادکو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ان کیلئے۹۳۴۱؍ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ۴۲۳؍ ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔طوفان کی وجہ سے ایسٹرن ریلوے نے ۴۱؍ ایکسپریس اور ساؤتھ ایسٹرن ریلوے نے ۲۸؍ ٹرینیں منسوخ کی ہیں۔۲۹؍ ٹرینوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔طوفان۱۰؍ ریاستوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ تمل ناڈو اور پڈوچیری کے علاوہ مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ میں بھی گھن گرج کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔سمندری طوفان کے اثر   سے مغربی بنگال کے تمام اضلاع میں درمیانی سے بھاری بارش ہو رہی ہے۔ ساحلی علاقوں میں شدید بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ خراب موسم کے پیش نظر گنگا ساگر میں انتظامیہ کی جانب سے مسلسل اعلانات کئے جارہے ہیں اور یاتریوں اور سیاحوں سے ساحلوں کو خالی کر کے محفوظ مقامات پر جانے کی اپیل کر رہی ہے۔

 ریاست میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا : ادیشہ حکومت

ادیشہ میں طوفان’ اکوان‘کی وجہ سے ابھی تک کسی بڑے نقصان یا جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ کےوزیر سریش پجاری نے یہ جانکاری دی۔ریاست کے چیف سکریٹری انو گرگ نے بتایا کہ۴؍ لاکھ افرادکو نکالا جا چکا ہے۔

جھارکھنڈ کے۵؍ اضلاع میں اورنج الرٹ

محکمہ موسمیات نے جھارکھنڈ میں تیز بارش، بجلی گرنے اور۵۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔ دھنباد، بوکارو، سرائے کیلا-کھرساواں، مشرقی اور مغربی سنگھ بھوم میں اورنج جبکہ لوہردگا، گملا، سمڈیگا، رانچی، کھونٹی، رام گڑھ اور جامتارامیں یلو الرٹ جاری کیاگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK