بنگلہ دیش کے بلے باز توحید ہردوئے کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی کا قصوروار پائے جانے پر میچ فیس کا ۴۰؍ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 2:18 PM IST | Agency | Johnsburg
بنگلہ دیش کے بلے باز توحید ہردوئے کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی کا قصوروار پائے جانے پر میچ فیس کا ۴۰؍ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش کے بلے باز توحید ہردوئے کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی کا قصوروار پائے جانے پر میچ فیس کا ۴۰؍ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے تادیبی ریکارڈ میں دو ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل کردیے گئے ہیں۔
یہ واقعہ جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنگلہ دیش کے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن پیش آیا۔ خراب روشنی کے باعث کھیل روک دیے جانے کے بعد میدان پر موجود امپائر احسن رضا اور الیکس وارف بنگلہ دیشی ٹیم کے ڈریسنگ روم کی بالکونی کے سامنے سے گزر رہے تھے۔ اس دوران ہردوئے کو امپائروں کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے سنا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل پہلے ہی روک دیا جانا چاہیے تھا۔
یہ بھی پڑھئے: بمراہ نے کی تاریخ رقم، ٹیسٹ میں ٹاپ ۱۰؍ ہندوستانی گیند بازوں میں شامل
آئی سی سی کے بیان کے مطابق انہوں نے امپائروں سے جارحانہ اور نامناسب انداز میں گفتگو کی۔ بعد ازاں ہردوئے کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل ۲ء۸؍ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، جس کا تعلق بین الاقوامی میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر اختلاف یا ناراضگی ظاہر کرنے سے ہے۔ہردوئے نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ کی تجویز کردہ سزا قبول کرلی۔ گزشتہ ۲۴؍ماہ کے دوران یہ ان کی پہلی خلاف ورزی ہے۔ آئی سی سی کے لیول ون کی خلاف ورزیوں پر سرکاری تنبیہ سے لے کر کھلاڑی کی میچ فیس کے ۵۰؍ فیصد تک جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس کی سزا دی جاسکتی ہے۔
ہردوئے نے اس ٹیسٹ میں مجموعی طور پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں ۲۲۷؍ گیندوں پر۱۳۷؍ رنز بنائے۔ بنگلہ دیش نے جب ۲۲؍ رنز پر تین وکٹیں گنوا دی تھیں تو وہ کریز پر آئے اور ٹیم کا اسکور ۴۰۰؍ رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم ان کی اس عمدہ اننگز کے باوجود بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں لڑکھڑا گئی اور پانچویں دن کے آغاز میں ہی اسے نو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ۲۳؍ نومبر سے سینچورین میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد تین ون ڈے اور تین ٹی ۲۰؍ بین الاقوامی میچوں کی سیریز ہوگی۔ دورے کا اختتام ۱۳؍ دسمبر کو ہوگا۔