ہندی سنیما کی تاریخ میں کچھ فنکار ایسے ہیں جن کا نام صرف ایک دور کی یاد نہیں، بلکہ ایک عہد کی پہچان بن جاتا ہے۔ ہیلن انہی فنکاروں میں سے ایک ہیں۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 2:21 PM IST | Agency | Mumbai
ہندی سنیما کی تاریخ میں کچھ فنکار ایسے ہیں جن کا نام صرف ایک دور کی یاد نہیں، بلکہ ایک عہد کی پہچان بن جاتا ہے۔ ہیلن انہی فنکاروں میں سے ایک ہیں۔
ہندی سنیما کی تاریخ میں کچھ فنکار ایسے ہیں جن کا نام صرف ایک دور کی یاد نہیں، بلکہ ایک عہد کی پہچان بن جاتا ہے۔ ہیلن انہی فنکاروں میں سے ایک ہیں۔ انہیں دنیا نے ’کیبرے کوئین‘، ’ایچ بم‘ اور ’ہندی فلموں کی سب سے مشہور رقاصہ‘ کے نام سے یاد کیا، لیکن ان کی اصل کہانی صرف رقص کی کہانی نہیں ہے۔ یہ ایک ایسی لڑکی کی کہانی ہے جو جنگ، بھوک اور غربت سے نکل کر عزت اور شہرت کی بلندی تک پہنچی۔ہیلن کا پورا نام ہیلن این رچرڈسن خان ہے۔وہ ۲۱؍نومبر ۱۹۳۸ءکورنگون، برطانوی برما (موجودہ یانگون، میانمار) میں پیدا ہوئیں۔ان کے والد جارج ڈیسمئر اینگلو انڈین تھے اور والدہ مارلین برمی تھیں۔دوسری جنگ عظیم کے دوران ان کے والد کا انتقال ہو گیا۔ جنگ کی وجہ سے ان کے خاندان کو اپنا وطن چھوڑنا پڑا۔
جنگ کے دوران ہیلن کا خاندان پیدل اور انتہائی مشکل سفر طےکر کے ہندوستان پہنچا۔ پہلے آسام اور پھر بمبئی میں انہوں نے پناہ لی۔ بمبئی میں یہ خاندان شدید غربت میں رہتا تھا۔ہیلن کو بہت کم عمری میں ہی تعلیم چھوڑ کر کام کرنا پڑا۔ گھر کا خرچ چلانے کے لیے انہوںنےرقص کو اپنا ذریعہ معاش بنایا۔ یہ وہ وقت تھا جب ایک چھوٹی سی لڑکی کے کندھوں پر پورے خاندان کی ذمہ داری آ گئی تھی۔
ہیلن کو بالی ووڈ میں مشہور رقاصہ کوکونے متعارف کرایا۔ انہوں نے ۱۹۵۱ءمیںفلم ’آوارہ‘ میں ایک بیک گراؤنڈ ڈانسر کے طور پر کام شروع کیا۔ کئی برس تک وہ کورس ڈانسر کے طور پر فلموں میں نظر آتی رہیں۔ان کی زندگی کا سب سے بڑا موڑ۱۹۵۸ءمیںآیا، جب وہ صرف ۱۹؍سال کی تھیں۔ فلم ’ہاوڑہ برج‘ میں ان کے گانے’میرا نام چن چن چو‘ نے پورے ہندوستان میں دھوم مچا دی۔ اس ایک گانے نے ہیلن کو راتوں رات مشہور کر دیا۔
یہ بھی پڑھئے: گیت ’دل جو نہ کہہ سکا‘ پردیپ کمار کی ضد پر محمد رفیع سے ریکارڈ کروایا گیا تھا
۱۹۵۸ءسےلےکر ۱۹۸۰ءتک ہیلن ہندی فلموں کا لازمی حصہ بن گئیں۔ حقائق کے مطابق انہوں نے۷۰۰؍سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔۱۹۷۲ءتک ہی وہ ۵۰۰؍فلموں میں کام کر چکی تھیں، جو اس وقت ایک ریکارڈ تھا۔ان کے مشہور گانوں میں ’او حسینہ زلفوں والی‘، ’پیا تو اب تو آجا‘، ’یہ میرا دل‘، ’مونگڑا مونگڑا‘، ’آج کی رات‘ اور ’ساری ساری رات تیری یاد ستائے‘ شامل ہیں۔ ان گانوں نے انہیں ’کیبرے کوئین‘ کا خطاب دیا۔اس دور میں ہیروئن چاہے کوئی بھی ہو، لیکن فلم میں ہیلن کا ڈانس نمبر ہونا کامیابی کی علامت سمجھا جاتا تھا۔
ہیلن کو اکثر صرف ایک ڈانسر سمجھا جاتا ہے، لیکن یہ ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے ایک اداکارہ کے طور پر بھی اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا۔انہیں۵؍بار فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین معاون اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا۔ فلم’لہو کے دو رنگ‘ (۱۹۸۰ء) اور ’خاموشی: دی میوزیکل‘ (۱۹۹۷ء)کے لیے انہیں یہ ایوارڈ ملا۔’لہو کے دو رنگ‘ میں ان کے سنجیدہ کردار نے ثابت کر دیا کہ وہ صرف رقص نہیں کر سکتیں، بلکہ جذباتی اور مشکل کردار بھی بخوبی نبھا سکتی ہیں۔
ہیلن نے۱۹۸۳ءمیں فلموں سے باضابطہ ریٹائرمنٹ لے لیا۔ لیکن اس کے بعد بھی وہ ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’ہم دل دے چکے صنم‘ اور ’محبتیں‘ جیسی فلموں میں معاون کرداروں میں نظر آئیں۔ ان کے ان کرداروں کو بھی لوگوں نے بہت پسند کیا۔ہیلن کی خدمات کے اعتراف میں حکومت ہند نے۲۰۰۹ء میںانہیں پدم شری سے نوازا۔ یہ ہندوستان کا چوتھا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔ اس کے علاوہ انہیں فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی ملا۔