Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ اور کنیڈا میں ڈابر انڈیا عدالت میں پیش، مصنوعات سے کینسر پھیلنے کا الزام

Updated: October 20, 2023, 5:09 PM IST | Mumbai

ہندوستان کی مشہور کمپنی ڈابر انڈیا نے بدھ کو کہا کہ اس کے ماتحت جاری ۳؍ کمپنیوں کے خلاف امریکہ اور کنیڈا کی عدالتوں میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ کمپنی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ ڈابر کی مصنوعات سے خواتین میں کینسر اور دیگر طبی امراض پھیل رہے ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

عوام کیلئے عام مصنوعات بنانے والی ہندوستان کی مشہور کمپنی ڈابر انڈیا نے بدھ کو بتایا کہ عالمی سطح پر واقع اس کی تین شاخوں کے خلاف امریکہ اور کنیڈا کی مرکزی اور ریاستی عدالتوں میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ کمپنی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس کی مصنوعات خواتین میں رحم (یوٹرس) اور بیضہ دان (اووری) کے کینسراور دیگر طبی مسائل کی وجہ بن رہی ہیں۔ اس حوالے سے کمپنی نے بدھ کو کہا کہ ڈابر انڈیا کے ماتحت اداروں نمستے لیباریٹریز، ڈرموویوااسکن ایسینشئل ، ڈابر انٹرنیشنل پروڈکٹ اور دیگر کو ۵؍ ہزار ۴۰۰؍ معاملات میں مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے۔ کمپنی نے مزید کہا ہے کہ اس کے خلاف مقدمات کوامریکہ کے الینوائے کی ضلعی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ معاملہ ان شکایات سے متعلق ہے جن میں الزام عائد کیا گیا ہے کمپنی کی جانب سے تیار کی جانے والی بالوں کی مصنوعات میں ایسے کیمیکل کا استعمال کیا جا رہا ہےجو صارفین میں مبینہ طور پر کینسر اور دیگر طبی امراض پیدا کر رہا ہے۔ ڈابر انڈیا نے کہا ہے کہ وہ شکایات کو چیلنج کرے گا۔ 
کمپنی نے مزید کہا ہے کہ نمستے، ڈرموویوااور ڈی آئی این ٹی ایل نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ اس ضمن میں ایکسچینج فائلنگ نے کہا ہے کہ فی الحال یہ قانونی چارہ جوئی کے ابتدائی مراحل میں ہے۔ خیال رہے کہ اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد جمعرات کو ڈابر انڈیا کے شیئر ۲۵ء۲؍ فیصد تک گر گئے تھے۔ کمپنی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وہ حکام کے سامنے جلد ہی اپنا جواب داخل کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK