کوالیفائر کے دوسرے راؤنڈ کےمقابلے میں درجہ بندی میں ۱۹؍ویں نمبر پر موجود ہندوستان کی ٹکر ۱۶؍ویں رینکنگ والی ٹیم سے ہوگی۔
EPAPER
Updated: September 18, 2026, 12:53 PM IST | Agency | Seoul
کوالیفائر کے دوسرے راؤنڈ کےمقابلے میں درجہ بندی میں ۱۹؍ویں نمبر پر موجود ہندوستان کی ٹکر ۱۶؍ویں رینکنگ والی ٹیم سے ہوگی۔
ہندوستان جمعہ اورسنیچر کو یہاں اولمپک ٹینس سینٹر میں ڈیوس کپ ۲۰۲۶ء کوالیفائر کے دوسرے راؤنڈ میں جنوبی کوریا کا سامنا کرے گا۔ مقابلے کی فاتح ٹیم نومبر میں اٹلی کے بولونیا میں ہونے والے ڈیوس کپ فائنل۔ ۸؍ میں جگہ بنائے گی۔ عالمی درجہ بندی میں ہندوستان ۱۹؍ویں اور جنوبی کوریا ۱۶؍ویں نمبر پر ہے۔دنیا کے ۳۶۷؍ویں نمبر کے کھلاڑی دکشنیشور سریش پہلے سنگلز مقابلے میں کووِن سون وو کے خلاف ہندوستانی مہم کا آغاز کریں گے۔ اس کے بعد ہندوستان کے اعلیٰ درجہ کے سنگلز کھلاڑی سُمِت ناگل، جو عالمی رینکنگ میں ۲۴۷؍ویں نمبر پر ہیں، سابق آسٹریلین اوپن سیمی فائنلسٹ چنگ ہیون کے خلاف کھیلیں گے۔
دوسرے دن ڈبلز مقابلہ ہوگا جس میں این سری رام بالاجی اور نِکی کلیانڈا پونچا کی جوڑی کا سامنا نام جی سونگ اور پارک اوئی سونگ سے ہوگا۔ یُوکی بھامبری پیر کی چوٹ کے باعث مقابلے سے باہر ہوگئے جس کے بعد پونچا کو ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ناگل ریورس سنگلز میں کوون کے خلاف اور سریش پانچویں و آخری میچ میں چنگ کے خلاف کھیلیں گے۔
یہ بھی پڑھئے:عاقب نبی اور مینک اگروال کا کاؤنٹی کرکٹ میں جلوہ، مکیش کمار کا ڈیبیو
ہندوستان نے فروری میں بنگلور میں نیدر لینڈز کو ۲۔۳؍سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی تھی جس میں سریش نے ہندوستان کی تینوں فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ جنوبی کوریا نے پہلے راؤنڈ میں بوسان میں ارجنٹائنا کو۲۔۳؍ سے شکست دی تھی۔
ڈیوس کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ ۲؍ مقابلوں میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی ہے، جس میں ۲۰۱۶ءمیں چنڈی گڑھ میں ۴۔ایک کی جیت بھی شامل ہے۔ تاہم مجموعی طور پر دونوں کے درمیان ۱۱؍ مقابلوں میں جنوبی کوریا ۵۔۶؍سے آگے ہے۔ ہندوستان ۱۹۶۶ء، ۱۹۷۴ءاور ۱۹۸۷ءمیں ۳؍بار ڈیوس کپ کا رنر اپ رہ چکا ہے لیکن موجودہ فارمیٹ میں اب تک `فائنل۔۸ ؍ تک نہیں پہنچ سکا ہے۔
جیتنے کی پوری کوشش کروں گا: ناگل
ہندوستان کے سرفہرست سنگلز کھلاڑی سُمیت ناگل نے جمعرات کو کہا کہ کوریا کے خلاف ڈیوس کپ کوالیفائر کے مشکل اور سست کورٹ پر کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ کس میں جیتنے کی زیادہ خواہش ہے۔ ناگل کا مقابلہ دوسرے سنگلز میچ میں کوریا کے تجربہ کار کھلاڑی ہیون چنگ سے ہوگا۔ ناگل نے قرعہ اندازی کے بعد کہا ’’ڈیوس کپ میں انفرادی نتائج کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ہیون چنگ اپنے ہوم کورٹ پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اور ایک شاندار کھلاڑی بھی ہے۔ میں اپنی جانب سے ان کی غلطیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جیتنے کی کوشش کروں گا۔‘‘