Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلوا میونسپل اسپتال میں اموات کی جانچ رپورٹ ۲؍ ماہ بعد بھی تیار نہیں!

Updated: October 05, 2023, 12:17 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

چھترپتی شیواجی مہاراج اسپتال انتظامیہ کو بھی رپورٹ کا انتظار ہے۔طبی تعلیم کے وزیر اور وزارت صحت عامہ کا ٹال مٹول کا رویہ ۔ رپورٹ دونوں میں سےکسی کے پاس نہیں ملی

Kilwa hospital where 18 patients died between 12th and 13th August.
کلوااسپتال جہاں ۱۲؍ اور ۱۳؍ اگست کے درمیان ۱۸؍ مریضوں کی موت ہوئی تھی۔ (تصویر: انقلاب)

ناندیڑ کے ڈاکٹر شنکر راؤ چوان ڈسٹرکٹ سول اسپتال میں  ۲۴؍ مریضوں کی موت نے عوام کے ذہنوں میں کلوا میونسپل اسپتال کی یاد تازہ کر دی ہے۔ تھانے میونسپل کارپوریشن(ٹی ایم سی)کے زیر نگرانی چلنے والے چھترپتی شیواجی مہاراج اسپتال اینڈ راحیو گاندھی میڈیکل کالج میں ۱۲؍ اور  ۱۳؍اگست کو ۲۴؍گھنٹوں کے دوران ۱۸؍ مریضوں  کی موت ہوئی تھی۔ اس وقت بھی کافی ہنگامہ ہوا تھا ، میڈیا میں خبریں آئی تھیں اور اپوزیشن نے حکومت کو شدید تنقید کی نشانہ بنایا تھا ۔ اسی دوران وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، وزیر صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر  نے  معاملہ کی جانچ کیلئے ۹؍ رکنی کمیٹی تشکیل دینے اور ۱۰؍ دن میں (۲۵؍ اگست کو)   رپورٹ پیش کرنے کا یقین دلایا تھا لیکن حالت  یہ ہے کہ ۲؍ ماہ  سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود کلوا میونسپل اسپتال معاملہ کی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی ہے بلکہ شبہ ہے کہ یہ جانچ کی بھی گئی یا نہیں کیونکہ حکومت کی سنجیدگی کا یہ حال ہے کہ میڈیکل ایجوکیشن اور پبلک ہیلتھ دونوں ہی محکموں میںاس تعلق سے کوئی رپورٹ نہیں ہے۔
  ناندیڑ اسپتال اموات معاملہ کے بعد جب نمائندۂ انقلاب نےمنترالیہ کے چوتھے منزلہ پر واقع میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر اور اس کے بعد   وزارت صحت عامہ سے کلوا میونسپل اسپتال کی رپورٹ معلوم کرنی چاہی تو   ٹال مٹول  کا رویہ اپنایا گیا ۔دونوں ہی وزراء کےدفاتر سے استفسار کرنے پر ایک دوسرے کے پاس   رپورٹ ملنے کی اطلاع دی گئی۔ دونوں دفاتر کا چکر لگانے کے بعدبھی  رپورٹ کسی کے پاس نہیں ملی۔  اس سلسلے میں چھترپتی شیواجی اسپتال انتظامیہ سے پوچھا گیا تو انہوں نے بھی رپورٹ نہ ملنے کی اطلاع دی اور کہا کہ انہیں بھی اس رپورٹ کاانتظار ہے۔
 یہ نمائندہ منگل(۳؍اکتوبر) کو پہلے  ایکسٹینشن بلڈنگ میں واقع میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر حسن مشرف کے آفس گیا۔ تاہم وہ موجود نہیں تھے۔ ان کے آفس کے ایک افسر سے رابطہ کرنے پر  انہوں نے بتایاکہ حسن مشرف ناندیڑ سول اسپتال گئے ہوئے ہیں۔ کلوا میونسپل اسپتال کی رپورٹ کے تعلق سے پوچھنے پر انہوں نے کہاکہ’’اس رپورٹ کےتعلق سے ہمیں نہیں معلوم ۔ یہ  رپورٹ آپ کو صحت عامہ کی وزارت میں ملے گی۔‘‘   جب انہیں یہ بتایاگیاکہ’’ اس واقعہ کے بعد میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر نے جانچ کروانے کا اعلان کیا تھا تو اس کی رپورٹ ان کے دفتر میں ہونی چاہئے   ؟ اس پر افسر مسکرایا اور جواب دہراتے ہوئے کہاکہ ہمارے پاس یہ پورٹ نہیں ہے، وہیں ( پبلک ہیلتھ   ) سے  ملے گی۔
 وزیر صحت تانا جی ساونت نے ۱۳؍ اگست کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یقین دلایا تھاکہ کلوااسپتال میں مریضوں کی اموات کے معاملہ میں ۲؍  دن میں جانچ کر کے رپورٹ پیش کرنے کہا گیا ہےلیکن  ۲؍  ماہ  سے زائد عرصہ گزر جانے کے بعد بھی رپورٹ نہیں  ملی ہے۔ 
 نمائندۂ  انقلاب صحت عامہ کے وزیر ڈاکٹرتاناجی ساونت کے آفس پہنچا لیکن وہ بھی موجود نہیں تھے۔  ان کے آفس کے افسر (او ایس ڈی) سے کلوا میونسپل اسپتال معاملہ کی رپورٹ اور اس کا ذمہ دار کون ہے؟  کے بارے میں استفسار کرنے پر انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا’’ کون سا کلوا اسپتال؟ ‘‘ جب انہیں تفصیل سے بتایا گیا کہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے ماتحت چھترپتی شیواجی مہاراج اسپتال میں ۱۲، ۱۳؍اگست کو۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۸؍ مریضوں کی  موت ہو ئی تھی اور وزیر صحت نے اس کی جانچ کا اعلان کیا تھا، اس کی رپورٹ کا کیا ہوا؟تومذکورہ افسر نے بتایا کہ’ ’ اس بارے میں ہمیں کچھ نہیںمعلوم ۔‘‘ جب ان سے پوچھا گیاکہ کس کو معلوم ہوگا؟توانہوں نے میڈیکل ایجوکیشن کی وزارت میں جانے کوکہا۔  جب ان سے یہ بتایاگیا ہے کہ وہاں کے افسر نے ہی آپ کے آفس بھیجا ہے تو انہوںنے کہاکہ آپ کو تھانے کےمیونسپل کمشنر سے پوچھنا ہو گا۔
 اس ضمن  میں تھانےمیونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر سے بھی رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں ملی۔البتہ کلوا اسپتال کے ایک افسر سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایاکہ’’ ہمیں بھی رپورٹ کے تعلق سے کچھ نہیں معلوم بلکہ ہم بھی اس کے منتظر ہیں۔‘‘انہوںنے مزید بتایاکہ ’’چونکہ اسپتال کے افسر/ڈاکٹر  جانچ کمیٹی میں نہیں تھے اس لئے ہمیں اس بارے میں کچھ نہیں معلوم۔‘‘

Kalwa Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK