اشوک کھرات کے قریبی ساتھی جتیندر شیلکے کی گاڑی نے شرڈی کے قریب سمردھی ہائی وے پر ایک ٹرک کو زور سے ٹکر مار دی جس میں وہ موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی بیوی اور بیٹا زخمی ہیں ۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہو گیا۔
EPAPER
Updated: April 17, 2026, 11:47 PM IST | Nashik
اشوک کھرات کے قریبی ساتھی جتیندر شیلکے کی گاڑی نے شرڈی کے قریب سمردھی ہائی وے پر ایک ٹرک کو زور سے ٹکر مار دی جس میں وہ موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی بیوی اور بیٹا زخمی ہیں ۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہو گیا۔
اشوک کھرات کے قریبی ساتھی جتیندر شیلکے کی گاڑی نے شرڈی کے قریب سمردھی ہائی وے پر ایک ٹرک کو زور سے ٹکر مار دی جس میں وہ موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی بیوی اور بیٹا زخمی ہیں ۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہو گیا۔ اسلئے اس بارے میں بحث جاری ہے کہ یہ حادثہ ہے یاکوئی سازش؟
اطلاع کے مطابق اورنگ آباد سے شرڈی آتے ہوئے سمردھی ہائی وے پر شیلکے کی کار دھوترے گاؤں کے قریب خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ یاد رہے کہ شیلکے اشوک کھرات کی ’شیو نیکا ٹرسٹ‘میں نائب صدر کے عہدے پر فائز تھے۔ اشوک کھرات کی گرفتاری کے بعد وہ ذہنی طور پر پریشان تھے ، کیونکہ کھرات کے لان ( شادیوں کے ہال) کے کاروبار میں بھی ان کی حصہ داری تھی۔ اطلاع کے مطابق جتیندر شیلکے ایک کار میں اپنے خاندان کے ساتھ شرڈی کی طرف جارہے تھے۔ ان کی کار دھوترے گاؤں کے قریب کھڑے ایک کنٹینر سے پیچھے کی جانب سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار سیدھی کنٹینر کے نیچے جا گھسی حادثے میں جتیندر شیلکے کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ ان کا بیٹا شدید زخمی ہے۔ اسے فوری طور پر اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ دریں اثنا، ریسکیو ٹیم کو شیلکے کی بیوی کو باہر نکالنے کیلئے سخت کوششیں کرنی پڑیں کیونکہ وہ کافی دیر تک کار میں پھنسی ہوئی تھیں۔ دونوں اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
’’یہ حادثہ ہو ہی نہیں سکتا ‘‘
جتیندر شیلکے کی موت سے سیاسی اور سماجی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے اور اس حادثے کے تعلق سے کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ سماجی کارکن انجلی دمانیا کا دعویٰ ہے کہ یہ حادثہ ہو ہی نہیں سکتا۔ دمانیا نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’جتیندر شیلکے شیوانیکا ٹرسٹ میں دوسری پوزیشن پر تھے۔ کلپنا کھرات ( اشوک کھرات کی بیوی) اور روپالی چاکن کر سےزیادہ اہمیت ان کی تھی۔ ۳؍ دن قبل ای ڈی نے ان سے پوچھ تاچھ کی تھی اور آج وہ حادثے میں فوت ہو گئے؟ یہ حادثہ ہو ہی نہیں سکتا۔‘‘ رکن اسمبلی روہت پوار نے بھی اس پر رد عمل ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے’’ شیوانیکا ٹرسٹ کے نائب صدر اور اشوک کھرات کے قریبی جتیندر کی حادثے میں ہوئی موت حیران کن ہے۔کہیں اشوک کھرات کے معاملے میں اب تک سامنے نہ آسکیں باتیں کہیں سامنے نہ آجائیں اور کی وجہ سے کوئی مشکل میں نہ پڑ جائے اس خوف سےیہ حادثہ کروایا تو نہیں گیا؟‘‘ روہت پوار نے کہا’’ اس حادثے کی گہرائی سے جانچ کروائی جانی چاہئے۔ ‘‘
بریک فیل ہوا یا کیا گیا؟
این سی پی (اجیت) کے رکن اسمبلی امول مٹکری نے اس حادثے پر شبہ ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’پوچھ تاچھ ہونے کے ۲؍ دن بعد ہی (جتیندر شیلکے کی) حادثاتی موت کیسے ہو گئی؟ یہ حادثہ ہے یا قتل؟ اس بات کا شبہ ہے۔ جتیندر شیلکے کی گاڑی کا بریک فیل ہوا تھا یا کیا گیا تھا؟ اس کی تحقیقات کی جانی چاہئے۔‘‘ شیوسینا (ادھو) کی ترجمان سشما اندھارے نے اس معاملے میں کہا ہے کہ ’’ اشوک کھرات کے قریبی لوگوں کو جان کا خطرہ ہو سکتا ہے یہ بات ہم پہلے سے کہہ رہے تھے۔ جتیندر شیلکے کی موت کو دیکھتے ہوئے یہ خدشہ محسوس ہوتا ہے کہ کئی اور معزز سماجی شخصیات کو اسی طرح دفن کیا جا سکتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ اس معاملے کی گہرائی کے ساتھ جانچ کی جانچ جانی چاہئے۔‘‘