تعلیم کے نام پر جونیئر کالجوں اور پرائیویٹ کلاسیز کا غیرقانونی کاروبار اب بند کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: June 25, 2026, 11:37 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
تعلیم کے نام پر جونیئر کالجوں اور پرائیویٹ کلاسیز کا غیرقانونی کاروبار اب بند کیا جائے گا۔
تعلیم کے نام پر جونیئر کالجوں اور پرائیویٹ کلاسیز کا غیرقانونی کاروبار اب بند کیا جائے گا ۔ کالج شروع ہوتے ہی محکمہ تعلیم جونیئر کالجوں کی گیارہویں کلاس کا معائنہ کرے گا۔ اگر معائنہ کے دوران طلبہ غیر حاضر پائے گئے تو متعلقہ جونیئر کالج کا رجسٹریشن منسوخ کیاجاسکتاہے جس سے متعدد کالجوں کی کالابازاری کھل جائے گی۔واضح رہےکہ نجی کوچنگ کاسیزاور جونیئر کالجوں پر تعلیم کی مارکیٹنگ کا الزام ہے ۔ اس پر قدغن لگانےکیلئے محکمہ تعلیم نےگیارہویں کے طلبہ کی حاضری کی جانچ کیلئے جہاں بائیومیٹرک حاضری سسٹم متعارف کرایاہے وہیں کالجوں کا دورہ کر کے طلبہ کی حاضری کا جائزہ لینے اور طلبہ کے غیرحاضر رہنے پر کالج کا رجسٹریشن بھی منسوخ کرنےکا منصوبہ تیار کیاہے۔اس طرح کالجوںمیں طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانےکی کوشش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پہلی ہی بارش نے بی ایم سی کے دعوؤں کو غلط ثابت کر دیا۔ میئر کو شرمندگی
ریاست کے کئی اضلاع میں پرائیویٹ کلاسیزاور جونیئر کالجز تعلیم کی مبینہ طورپرمارکیٹنگ کررہے ہیں۔ یہ سلسلہ پچھلے کچھ برسو ں سے جاری ہے جہاں طلبہ صرف نام کیلئے کالج میں داخلہ لیتے ہیں لیکن سال بھر پڑھائی نجی کلاسیز میں کر تے ہیں جس کی وجہ سے گلی کوچوں میںجونیئر کالج شروع ہو گئے ہیں۔ اس کی وجہ سے معروف کالجوں میں بھی طلبہ کی حاضری نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے محکمہ تعلیم نے اب گیارہویں جماعت کے طلبہ کیلئے بائیو میٹرک حاضری کانظام متعارف کروایا ہے جس کی وجہ سے پرائیویٹ کلاسیز اور جونیئر کالجوں کے انتظامیہ پریشان ہیں۔ عموماً جون میں کئی کالجوں میں داخلے مکمل ہو جاتے ہیں لیکن مذکورہ فیصلہ کی وجہ سے ان کالجوں میں ۵۰؍ فیصد داخلے بھی مکمل نہیں ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: رات کے چند گھنٹوں میں جون کی آدھی بارش مگر جھیلوں پر خاطر خواہ بارش نہیں ہوئی
اسکولی تعلیم کے ریاستی وزیر دادا بھُسے کےمطابق ’’ایسے کالجوںمیں گیارہویں میں داخلہ لینے والے طلبہ کی موجودگی اگر نجی کلاسیز میں پائی جاتی ہے تو متعلقہ کالج کی منظو ری منسوخ کر دی جائے گی۔ اب محکمہ تعلیم نے اس فیصلہ پرعمل کرنا شروع کر دیا ہے ۔ فی الحال محکمہ تعلیم ایسے کالجوں کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس موقع پر کالج میں دستیاب سہولیات کا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے لیکن ریگولر کالج شروع ہوتے ہی محکمہ تعلیم ان کالجوں کا معائنہ بھی شروع کرے گا۔‘‘پونے ڈویژنل ایجوکیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر گنپت مورے نے کہا کہ’’ ریاستی حکومت کے آرڈننس اور ڈائریکٹر آف ایجوکیشن کے سرکیولر کے مطابق جونیئر کالجوں میں طلبہ کی حاضری کی جانچ کی جائے گی۔ اگرنجی کلاسیز میں طلبہ کی موجودگی پائی جاتی ہے تو متعلقہ جونیئر کالج کو نوٹس دیا جائے گا۔ اس لئے جونیئر کالجوں کیلئے لازمی ہے کہ وہ طلبہ کی حاضری پر توجہ دیں ۔پرائیویٹ کلاسیز اور جونیئر کالجوں کے اوقات اکثر ایک جیسے ہوتے ہیں۔ اس لئے طلبہ کالج کے بجائے کلاسیز میں جاتے ہیںلیکن اب ایسا نہیں چلے گا۔‘‘